پیدائش 19
19
سدُومؔ اَور عمورہؔ کی تباہی
1شام کے وقت وہ دونوں فرشتے سدُومؔ پہُنچے۔ لَوطؔ شہر کے پھاٹک پر بیٹھا ہُوا تھا۔ جَب اُس نے اُنہیں دیکھا تو اُن کے اِستِقبال کو اُٹھا اَور مُنہ کے بَل زمین پر جھُک کر اُنہیں سَجدہ کیا 2اَور کہا، ”اَے میرے آقاؤ! اَپنے خادِم کے گھر تشریف لے چلئے۔ اَپنے پاؤں دھولیجیے اَور رات بسر کرکے علی الصبح اَپنی راہ لیجئے۔“
اُنہُوں نے کہا، ”نہیں، ہم چَوک میں ہی رات گزار لیں گے۔“
3جَب اُس نے بہت ہی اِصرار کیا تو وہ اُس کے ساتھ گیٔے اَور اُس کے گھر میں داخل ہو گئے۔ اُس نے بے خمیری روٹی پکا کر اُن کے لیٔے کھانا تیّار کیا اَور اُنہُوں نے کھایا۔ 4اِس سے قبل کہ وہ لیٹتے، سدُومؔ شہر کے ہر حِصّہ کے سَب مَردوں نے کیا جَوان اَور کیا ضعیف اُس گھر کو گھیرلیا۔ 5اَور لَوطؔ کو پُکار کر کہا، ”وہ مَرد جو آج رات تمہارے پاس آئے، کہاں ہیں؟ اُنہیں ہمارے پاس باہر لے کر آ، تاکہ ہم اُن سے صحبت کریں۔“
6لَوطؔ اُن سے مِلنے باہر نِکلا اَور اَپنے پیچھے دروازہ بند کر دیا۔ 7اَور کہا، ”نہیں، میرے بھائیو! اَیسی بدی نہ کرو۔ 8دیکھو، میری دو بیٹیاں ہیں جنہیں اَب تک کسی مَرد نے ہاتھ نہیں لگایا۔ اگر تُم چاہو تو مَیں اُنہیں تمہارے پاس لے آتا ہُوں، اَور تُم اُن کے ساتھ جو چاہو کر لو؛ لیکن اِن آدمیوں کے ساتھ کچھ نہ کرو کیونکہ وہ میری چھت کے سایہ میں پناہ گزیں ہیں۔“
9اُنہُوں نے کہا، ”ہمارے راستہ سے ہٹ جاؤ!“ اَور پھر کہنے لگے، ”یہ شخص ہمارے بیچ میں پردیسی بَن کر آیا اَور اَب حاکم بننا چاہتاہے۔ ہم تمہارے ساتھ اِس سے بھی بُرا سلُوک کریں گے۔“ وہ لَوطؔ کو دھمکانے لگے اَور دروازہ توڑنے کے لیٔے آگے بڑھے۔
10لیکن اُن مَردوں نے جو اَندر تھے اَپنے ہاتھ بڑھا کر لَوطؔ کو گھر میں کھینچ لیا اَور دروازہ بند کر دیا۔ 11تَب اُنہُوں نے سَب مَردوں کو جو گھر کے دروازہ پر کھڑے تھے کیا جَوان اَور کیا ضعیف، اَندھا کر دیا تاکہ وہ دروازہ نہ ڈھونڈ پائیں۔
12اُن مَردوں نے لَوطؔ سے کہا، ”تمہارے ساتھ یہاں کویٔی اَور ہے، داماد، بیٹے یا بیٹیاں یا تیرا کویٔی اَورجو اِس شہر میں ہو؟ سَب کو یہاں سے نکال لے جا۔ 13کیونکہ ہم اِس مقام کو تباہ کرنے والے ہیں، اِس لیٔے کہ یَاہوِہ کے نزدیک اِس شہر کے لوگوں کے خِلاف شور بُلند ہو چُکاہے اَور اُنہُوں نے ہمیں اِسے تباہ کرنے کے لیٔے بھیجا ہے۔“
14تَب لَوطؔ باہر نکلے اَور اَپنے دامادوں سے جِن کے ساتھ اُن کی بیٹیوں کی منگنی ہو چُکی تھی، اُنہُوں نے کہا، ”جلدی کرو، اَور اِس مقام سے نکل چلو کیونکہ یَاہوِہ اِس شہر کو تباہ کرنے کو ہے!“ لیکن لَوطؔ کے دامادوں کو یہ سَب مذاق سا محسُوس ہُوا۔
15جَب پَو پھٹنے لگی تو فرشتوں نے لَوطؔ سے اِصرار کیا اَور کہا، ”جلدی کرو اَور اَپنی بیوی اَور اَپنی دونوں بیٹیوں کو جو یہاں ہیں، لے کر نکل جاؤ، ورنہ جَب اِس شہر پر عذاب نازل ہوگا تو تُم بھی ہلاک ہو جاؤگے۔“
16ابھی وہ سوچ ہی رہے تھے کہ کیا کریں کہ اُن مَردوں نے اُس کا اَور اُس کی بیوی اَور اُس کی دونوں بیٹیوں کا ہاتھ پکڑا اَور وہ اُنہیں حِفاظت کے ساتھ شہر سے باہر لے گیٔے کیونکہ یَاہوِہ اُن پر مہربان ہویٔے تھے۔ 17جُوں ہی اُنہُوں نے اُنہیں باہر نکالا اُن میں سے ایک نے کہا، ”اَپنی جان بچا کر بھاگ جاؤ! اَور پیچھے مُڑ کر نہ دیکھنا نہ ہی میدان میں کہیں رُکنا! بَلکہ پہاڑوں پر بھاگ جاؤ ورنہ تُم تباہ ہو جاؤگے۔“
18لیکن لَوطؔ نے اُن سے کہا، ”اَے میرے آقاؤں! اَیسا نہ کرو! 19تُم نے اَپنے خادِم پر نظرِکرم کی ہے اَور مُجھ پر اِس قدر مہربان ہویٔے کہ میری جان بچائی۔ لیکن مَیں پہاڑوں تک بھاگ کر نہیں جا سَکتا۔ یہ آفت مُجھ کو آ لے گی اَور مَیں مَر جاؤں گا۔ 20دیکھو یہاں ایک شہر ہے، یہ اِس قدر نزدیک ہے کہ مَیں وہاں بھاگ کر جا سَکتا ہُوں اَور وہ چھوٹا بھی ہے۔ مُجھے وہاں بھاگ جانے دیجئے۔ وہ کافی چھوٹا بھی ہے۔ ہے نا؟ تَب میری جان بچ جائے گی۔“
21اُس نے اُس سے کہا، ”بہت خُوب۔ مَیں یہ اِلتجا بھی مان لیتا ہُوں۔ مَیں اُس شہر کو، جِس کا تُو ذِکر کر رہاہے، غارت نہیں کروں گا۔ 22لیکن تُو جلد وہاں بھاگ جا کیونکہ تمہارے وہاں پہُنچ جانے تک مَیں کچھ نہیں کر سَکتا۔“ (اِسی لیٔے اُس شہر کا نام ضُعَرؔ#19:22 ضُعَرؔ مُراد چھوٹا پڑا)۔
23لَوطؔ کے ضُعَرؔ پہُنچنے تک سُورج زمین پر طُلوع ہو چُکاتھا۔ 24تَب یَاہوِہ نے اَپنی طرف سے سدُومؔ اَور عمورہؔ پر آسمان سے جلتی ہُوئی گندھک برسائی۔ 25اِس طرح اُنہُوں نے اُن شہروں کو اَور سارے میدان کو اُن شہروں کے باشِندوں اَور زمین کی ساری نباتات سمیت غارت کر دیا۔ 26لیکن لَوطؔ کی بیوی نے پیچھے مُڑ کر دیکھا اَور وہ نمک کا سُتون بَن گئی۔
27دُوسرے دِن صُبح سویرے اَبراہامؔ اُٹھے اَور اُس مقام کو لَوٹے جہاں وہ یَاہوِہ کے حُضُور کھڑے تھے۔ 28اَبراہامؔ نے نیچے سدُومؔ اَور عمورہؔ اَور اُس میدان کے سارے علاقہ پر نظر دَوڑائی اَور دیکھا کہ اُس سرزمین سے کسی بھٹّی کے دھوئیں جَیسا گہرا دُھواں اُٹھ رہاہے۔
29چنانچہ جَب خُدا اُس میدان کے شہروں کو نِیست و نابُود کر چُکا تو خُدا نے اَبراہامؔ کو یاد کرکے لَوطؔ کو اُس آفت سے بچا لیا جِس سے وہ شہر جہاں لَوطؔ رہتا تھا غارت کر دئیے گیٔے تھے۔
لَوطؔ اَور اُن کی بیٹیاں
30لَوطؔ اَور اُن کی دو بیٹیوں نے ضُعرؔ کو خیرباد کہا اَور وہ پہاڑوں پر جا بسے کیونکہ لَوطؔ، ضُعَرؔ میں رہنے سے ڈرتے تھے۔ وہ اَور اُن کی دو بیٹیاں ایک غار میں رہنے لگے۔ 31ایک دِن بڑی بیٹی نے چُھوٹی سے کہا، ”ہمارے باپ ضعیف ہیں اَور یہاں اِردگرد کویٔی مَرد نہیں ہے جو ہمیں صاحبِ اَولاد بنا سکے جَیسا کہ ساری دُنیا کا دستور ہے۔ 32آؤ، ہم اَپنے باپ کو انگوری شِیرہ پِلائیں اَور تَب اُس سے صحبت کریں اَور اَپنے باپ کے ذریعہ اَپنی نَسل بچائے رکھیں۔“
33چنانچہ اُسی رات اُنہُوں نے اَپنے باپ کو انگوری شِیرہ پِلایا اَور بڑی بیٹی اَندر جا کر اُس کے ساتھ لیٹ گئی لیکن لَوطؔ کو مَعلُوم نہ ہُوا کہ وہ کب لیٹی اَور کب اُٹھی۔
34دُوسرے دِن بڑی بیٹی نے چُھوٹی سے کہا، ”گذشتہ رات میں اَپنے باپ کے ساتھ لیٹی تھی۔ چلو آج کی رات بھی ہم اُنہیں انگوری شِیرہ پِلائیں اَور تُو اَندر جا کر اُن کے ساتھ لیٹ جا تاکہ ہم اَپنے باپ کے ذریعہ اَپنی نَسل بچائے رکھیں۔“ 35چنانچہ اُس رات کو بھی اُنہُوں نے اَپنے باپ کو انگوری شِیرہ پِلایا اَور چُھوٹی بیٹی جا کر اُن کے ساتھ لیٹی اَور اَب کی بار بھی لَوطؔ کو پتا نہ چلا کہ وہ کب لیٹی اَور کب اُٹھی۔
36لہٰذا لَوطؔ کی دونوں بیٹیاں اَپنے باپ سے حاملہ ہُوئیں۔ 37بڑی بیٹی کے ہاں بیٹا پیدا ہُوا اَور اُس نے اُس کا نام مُوآب#19:37 مُوآب یعنی باپ سے پیدا ہُوا رکھا۔ وہ مُوآبیوں کا باپ ہے جو آج تک مَوجُود ہیں۔ 38چُھوٹی بیٹی کے ہاں بھی بیٹا پیدا ہُوا اَور اُس نے اُس کا نام بِن عمّی#19:38 بِن عمّی یعنی میرے لوگوں کا بیٹا رکھا۔ وہ عمُّونیوں کا باپ ہے جو آج تک مَوجُود ہیں۔
Právě zvoleno:
پیدائش 19: UCV
Zvýraznění
Sdílet
Kopírovat
Chceš mít své zvýrazněné verše uložené na všech zařízeních? Zaregistruj se nebo se přihlas
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.