Logo YouVersion
Ikona vyhledávání

پیدائش 14

14
اَبرامؔ کا لَوطؔ کو رِہائی دِلوانا
1اُن ہی دِنوں میں شِنعاؔر کے بادشاہ اَمرافِلؔ، اِلاسرؔ کے بادشاہ اریُوخ، عیلامؔ کے بادشاہ کِدرلاعُیمرؔ اَور گوئیِمؔ کے بادشاہ تِدعالؔ نے 2سدُومؔ کے بادشاہ بَرع، عمورہؔ کے بادشاہ بِرشعؔ، اَدمہؔ کے شِنابؔ، ضبوئیمؔ کے بادشاہ شِمیبؔر اَور بَیلعؔ (یعنی ضُعَرؔ) کے بادشاہ سے جنگ کی۔ 3یہ سَب بادشاہ سِدّیمؔ یعنی بحرمُردار کی وادی میں اِکٹھّے ہویٔے۔ 4بَارہ بَرس تک وہ کِدرلاعُیمرؔ کے مطیع رہے لیکن تیرہویں بَرس میں اُنہُوں نے بغاوت کر دی۔
5چودھویں بَرس کِدرلاعُیمرؔ اَور اُس کے ساتھ کے بادشاہ آئے اَور رفائیمؔ کو عَستِروت قرنائم میں زُوزیم کو ہامؔ میں اَور ایمیمؔ کو شاوِہ قِریتائم میں۔ 6اَور حَوریم کو سِعِیؔر کے پہاڑی مُلک میں مارتے مارتے بیابان کے نزدیک ایل پارانؔ تک پہُنچ گیٔے۔ 7تَب وہ لَوٹ کر عینؔ مِشپاتؔ (یعنی قادِسؔ آئے) اَور عمالیقیوں کے تمام مُلک کو اَور امُوریوں کو جو حَصّونؔ تامارؔ میں رہتے تھے، تسخیر کیا۔
8تَب سدُومؔ کے بادشاہ، عمورہؔ کے بادشاہ، اَدمہؔ کے بادشاہ، ضبوئیمؔ کے بادشاہ اَور بَیلعؔ (یعنی ضُعَرؔ) کے بادشاہ نے کُوچ کیا اَور سِدّیمؔ کی وادی میں 9یہ چاروں بادشاہ عیلامؔ کے بادشاہ کِدرلاعُیمرؔ، گوئیِمؔ کے بادشاہ تِدعالؔ، شِنعاؔر کے بادشاہ اَمرافِلؔ اَور اِلاسرؔ کے بادشاہ اریُوخ اِن پانچ بادشاہوں کے خِلاف صف آرا ہویٔے۔ 10سِدّیمؔ کی وادی میں جابجا نفت کے بے شُمار گڑھے تھے اَور جَب سدُومؔ اَور عمورہؔ کے بادشاہ میدان چھوڑکر بھاگے تو کیٔی لوگ اُن گڑھوں میں گِر پڑے اَورجو بچے وہ پہاڑوں پر بھاگ گیٔے۔ 11تَب اُن چار بادشاہوں نے سدُومؔ اَور عمورہؔ کا سارا مال و متاع اَور سَب اناج لُوٹ لیا اَور وہاں سے چلے گیٔے۔ 12اَور وہ اَبرامؔ کے بھتیجے، لَوطؔ کو بھی اُس کے مال و متاع سمیت پکڑ لے گیٔے کیونکہ وہ سدُومؔ میں رہتے تھے۔
13تَب ایک شخص نے جو بھاگ کر بچ نِکلا تھا آکر اَبرامؔ عِبرانی کو لَوطؔ کی خبر دی۔ اَبرامؔ، اِشکلؔ اَور عانیرؔ کے بھایٔی ممرےؔ امُوری کے بلُوط کے درختوں کے نزدیک رہتے تھے اَور اِن سَب لوگوں نے اَبرامؔ کے ساتھ عہد کیا تھا۔ 14جَب اَبرامؔ نے سُنا کہ اُن کا رشتہ دار اسیر ہو چُکاہے تو آپ نے تین سَو اٹھّارہ تربّیت یافتہ خانہ زادوں کو ہمراہ لیا اَور لُٹیروں کا دانؔ تک پیچھا کیا۔ 15رات کے وقت اَبرامؔ نے اَپنے آدمیوں کو الگ الگ دستوں میں تقسیم کرکے اُن پر حملہ کر دیا اَور اُنہیں پسپا کرکے دَمشق کے شمال میں حوبہؔ تک اُن کا تعاقب کیا۔ 16آپ نے سارے مال و متاع پر قبضہ کر لیا اَور اَپنے رشتہ دار لَوطؔ کو اَور اُن کے مال کو عورتوں اَور دُوسرے لوگوں سمیت واپس لے آئے۔
17جَب اَبرامؔ کِدرلاعُیمرؔ اَور اُن کے ساتھ کے بادشاہوں کو شِکست دے کر واپس آ رہے تھے تو سدُومؔ کا بادشاہ شاوِہ کی وادی (یعنی بادشاہ کی وادی) میں اَبرامؔ کے اِستِقبال کے لیٔے آیا۔
18تَب شالمؔ کا بادشاہ ملکِ صِدقؔ، روٹی اَور انگوری شِیرہ لے کر آیا۔ وہ خُداتعالیٰ کا کاہِنؔ تھا۔ 19ملکِ صِدقؔ نے اَبرامؔ کو یہ کہہ کر برکت دی،
”خُداتعالیٰ کی طرف سے جو آسمان اَور زمین کا خالق ہے،
اَبرامؔ مُبارک ہو۔
20اَور مُبارک ہے خُداتعالیٰ
جِس نے تمہارے دُشمنوں کو تمہارے ہاتھ میں کر دیا۔“
تَب اَبرامؔ نے سَب مالِ غنیمت کا دسواں حِصّہ ملکِ صِدقؔ کو نذر کیا۔
21سدُومؔ کے بادشاہ نے اَبرامؔ سے کہا، ”آدمیوں کو مُجھے دے دیجئے اَور مال و زَر اَپنے لیٔے رکھ لیجئے۔“
22لیکن اَبرامؔ نے سدُومؔ کے بادشاہ سے فرمایا، ”مَیں نے یَاہوِہ، خُداتعالیٰ، آسمان اَور زمین کے خالق کی قَسم کھائی ہے، 23کہ مَیں تمہاری کویٔی چیز نہ لُوں گا خواہ وہ دھاگا ہو یا جُوتی کاتسمہ، تاکہ تُم کبھی یہ نہ کہہ سکو، ’مَیں نے اَبرامؔ کو دولتمند بنا دیا۔‘ 24سِوا اُس کے جو میرے جَوانوں نے کھایا اَور اُن لوگوں کے حِصّے کے جو میرے ساتھ گیٔے یعنی عانیرؔ، اِشکلؔ اَور ممرےؔ؛ وہ اَپنا اَپنا حِصّہ لے لیں گے۔“

Právě zvoleno:

پیدائش 14: UCV

Zvýraznění

Sdílet

Kopírovat

None

Chceš mít své zvýrazněné verše uložené na všech zařízeních? Zaregistruj se nebo se přihlas