YouVersion Logo
Search Icon

رُومیوں 8

8
پاک رُوح کی قُوّت سے زندگی گزارنا
1چنانچہ، جو المسیؔح عیسیٰ میں ہیں اَب اُن پر سزا کا حُکم نہیں 2کیونکہ المسیؔح عیسیٰ کے وسیلے سے پاک رُوح کی زندگی بَخشنے والی شَریعت نے، مُجھے گُناہ اَور موت کی شَریعت سے آزاد کر دیا۔ 3اِس لیٔے جو کام گُناہ آلُودہ جِسم کے سبب سے شَریعت کمزور ہوکرجو کام شَریعت نہ کر سکی، وہ خُدا نے اَپنے ہی بیٹے کو گُناہ کی قُربانی کے طور پر گُناہ آلُودہ جِسم کی صورت میں بھیج کر جِسم میں گُناہ کی سزا کا حُکم دیا۔ 4تاکہ ہم میں جو جِسم کے مُطابق نہیں بَلکہ پاک رُوح کے مُطابق زندگی گزارتے ہیں شَریعت کے نیک تَقاضے پُورے ہُوں۔
5جو لوگ جِسم کے مُطابق زندگی گزارتے ہیں اُن کے خیالات نَفسانی خواہشات کی طرف لگے رہتے ہیں۔ لیکن جو لوگ پاک رُوح کے مُطابق زندگی گزارتے ہیں اُن کے خیالات رُوحانی خواہِشوں کی طرف لگے رہتے ہیں۔ 6جِسمانی غرض موت ہے لیکن رُوحانی غرض زندگی اَور اِطمینان ہے۔ 7اِس لیٔے کہ جِسمانی غرض خُدا کی عداوت کرتی ہے؛ وہ نہ تو خُدا کی شَریعت کے تابع ہے نہ ہو سکتی ہے۔ 8جو لوگ جِسم کے غُلام ہیں، خُدا کو خُوش نہیں کرسکتے۔
9لیکن تُم اَپنے جِسم کے نہیں بَلکہ رُوح کے تابع ہو بشرطیکہ خُدا کا رُوح تُم میں بسا ہُوا ہو۔ اَور جِس میں المسیؔح کا رُوح نہیں وہ المسیؔح کا نہیں۔ 10لیکن اگر المسیؔح تُم میں ہے تو تمہارا بَدن تو گُناہ کے سبب سے مُردہ ہے لیکن تمہاری رُوح راستبازی کے سبب سے زندہ ہے۔ 11اَور اگر اُس کا رُوح تُم میں بسا ہُواہے جِس نے حُضُور عیسیٰ کو مُردوں میں سے زندہ کیا تو المسیؔح کو مُردوں میں سے زندہ کرنے والا تمہارے فانی بدنوں کو بھی اَپنے اُس رُوح کے وسیلہ سے زندہ کرے گا جو تُم میں بسا ہُواہے۔
12چنانچہ اَے بھائیو اَور بہنوں! ہم گُناہ آلُودہ فِطرت کے قرضدار نہیں کہ اُس فِطرت کے مُطابق زندگی گُزاریں۔ 13کیونکہ اگر تُم گُناہ آلُودہ فِطرت کے مُطابق زندگی گُزاروگے تو ضروُر مروگے لیکن اگر پاک رُوح کے ذریعہ بَدن کے بُرے کاموں کو نابُود کرو گے تو زندہ رہوگے۔
14اِس لیٔے کہ جو خُدا کے رُوح کی ہدایت پر چلتے ہیں وُہی خُدا کے بیٹے ہیں۔ 15کیونکہ تُمہیں وہ رُوح نہیں مِلی جو تُمہیں پھر سے خوف کا غُلام بنادے بَلکہ فرزندیت کی رُوح مِلی ہے جِس کے وسیلہ سے ہم ”اَبّا، اَے باپ کہہ کر پُکارتے ہیں۔“ 16پاک رُوح خُود ہماری رُوح کے ساتھ مِل کر گواہی دیتاہے کہ ہم خُدا کے فرزند ہیں۔ 17اَور اگر فرزند ہیں تو وارِث بھی ہیں یعنی خُدا کے وارِث اَور المسیؔح کے ہم مِیراث، بشرطیکہ ہم اُن کے ساتھ دُکھ اُٹھائیں تاکہ اُن کے جلال میں بھی شریک ہُوں۔
مُستقبِل کی جلالی زندگی
18میں جانتا ہُوں کہ یہ دُکھ درد جو ہم اَب سَہہ رہے ہیں اُس جلال کے مُقابلہ میں کچھ بھی نہیں جو ہم پر ظاہر ہونے کو ہے۔ 19چنانچہ ساری خِلقتؔ بڑی آرزُو کے ساتھ اِس اِنتظار میں ہے کہ خُدا اَپنے فرزندوں کو ظاہر کرے۔ 20اِس لیٔے کہ خِلقتؔ اَپنی خُوشی سے نہیں بَلکہ خالق کی مرضی سے بطالت کے اِختیّار میں کر دی گئی تھی، اِس اُمّید کے ساتھ 21کہ وہ بھی آخرکار فنا کی غُلامی سے چھُڑائی جائے گی اَور خُدا کے فرزندوں کی جلالی آزادی میں شریک ہوگی۔
22ہم جانتے ہیں کہ ساری خِلقتؔ آج تک کراہتی ہے گویا کہ وہ دردِزہ میں مُبتلا ہے۔ 23اَور صِرف وُہی نہیں بَلکہ ہم بھی جنہیں پاک رُوح کے پہلے پھل حاصل ہویٔے ہیں اَپنے باطِن میں کراہتے ہیں یعنی اُس وقت کا اِنتظار کر رہے ہیں جَب خُدا ہمیں اَپنے فرزند بنا کر ہمارے بَدن کو مخلصی بَخشے گا۔ 24چنانچہ اِسی اُمّید کے وسیلہ سے ہمیں نَجات مِلی۔ مگر جَب اُمّید کی ہوئی چیز نظر آ جائے تو اُمّید کا کویٔی مطلب نہیں۔ کیونکہ پہلے سے مَوجُود کسی چیز کی کویٔی اُمّید کیوں کرے گا؟ 25لیکن اگر ہم اُس چیز کی اُمّید کرتے ہیں جو ابھی ہمارے پاس مَوجُود نہیں تو صبر سے اُس کی راہ دیکھتے ہیں۔
26اِسی طرح رُوح ہماری کمزوری میں ہماری مدد کرتا ہے۔ ہم تُو یہ بھی نہیں جانتے کہ کِس چیز کے لیٔے دعا کریں لیکن پاک رُوح خُود اَیسی آہیں بھر بھر کر ہماری شفاعت کرتا ہے کہ لفظوں میں اُن کا بَیان نہیں ہو سَکتا۔ 27اَور وہ جو ہمارے دلوں کو پرکھتا ہے پاک رُوح کی غرض کو جانتا ہے کیونکہ پاک رُوح خُدا کی مرضی کے مُطابق مُقدّسین کی شفاعت کرتا ہے۔
28اَور ہم جانتے ہیں کہ جو لوگ خُدا سے مَحَبّت رکھتے ہیں اَور اُس کے اِرادے کے مُطابق بُلائے گیٔے ہیں، خُدا ہر حالت میں اُن کی بھلائی چاہتاہے۔ 29کیونکہ جنہیں خُدا پہلے سے جانتا تھا اُنہیں اُس نے پہلے سے مُقرّر بھی کیا کہ وہ اُس کے بیٹے کی مانِند بنیں تاکہ اُس کا بیٹا بہت سارے میرے بھائیوں اَور بہنوں میں پہلوٹھا شُمار کیا جائے۔ 30اَور جنہیں اُس نے پہلے سے مُقرّر کیا، اُنہیں بُلایا بھی؛ اَور جنہیں بُلایا، اُنہیں راستباز بھی ٹھہرایا؛ اَور جنہیں راستباز ٹھہرایا، اُنہیں اَپنے جلال میں شریک بھی کیا۔
شاندار فتح
31پس ہم اِن باتوں کے بارے میں اَور کیا کہیں؟ اگر خُدا ہماری طرف ہے تو کون ہمارا مُخالف ہو سَکتا ہے؟ 32جِس نے اَپنے بیٹے کو بچائے رکھنے کی بجائے اُسے ہم سَب کے لیٔے قُربان کر دیا تو کیا وہ اُس کے ساتھ ہمیں اَور سَب چیزیں بھی فضل سے عطا نہ کرے گا؟ 33کون خُدا کے چُنے ہویٔے لوگوں پر اِلزام لگا سَکتا ہے؟ کویٔی نہیں۔ اِس لیٔے کہ خُدا خُود اُنہیں راستباز ٹھہراتا ہے۔ 34کون اُنہیں مُجرم قرار دے سَکتا ہے؟ کویٔی نہیں۔ اِس لیٔے کہ المسیؔح عیسیٰ ہی وہ ہیں جو مَر گیٔے اَور مُردوں میں سے جی اُٹھے اَورجو خُدا کی داہنی طرف مَوجُود ہیں۔ وُہی ہماری شفاعت بھی کرتے ہیں۔ 35کون ہمیں المسیؔح کی مَحَبّت سے جُدا کرے گا؟ کیا مُصیبت یاتنگی؟ ظُلم یا قحط، عُریانی یا خطرہ یا تلوار؟ 36چنانچہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے:
”ہم تو تیری خاطِر سارا دِن موت کا سامنا کرتے رہتے ہیں؛
ہم تو ذبح ہونے والی بھیڑوں کی مانند سمجھے جاتے ہیں۔“#8‏:36 زبُور 44‏:22‏‏
37پھر بھی اِن سَب حالتوں میں ہمیں اَپنے مَحَبّت کرنے والے کے وسیلہ سے بڑی شاندار فتح حاصل ہوتی ہے۔ 38کیونکہ مُجھے یقین ہے کہ نہ موت نہ زندگی، نہ فرِشتے نہ شیطان کے لشکر، نہ حال کی چیزیں نہ مُستقبِل کی اَور نہ کویٔی قُدرتیں، 39نہ بُلندی نہ پستی نہ کویٔی اَور کائِنات کی چیزیں ہمیں خُدا کی اُس مَحَبّت سے جُدا نہ کر سکے گی جو ہمارے خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ میں ہے۔

Currently Selected:

رُومیوں 8: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in