YouVersion Logo
Search Icon

رُومیوں 6

6
المسیؔح میں زندہ ہونے کا مطلب
1لہٰذا ہم کیا کہیں؟ کیا گُناہ کرتے چلے جایٔیں تاکہ ہم پر فضل زِیادہ ہو؟ 2ہر گز نہیں! ہم جو گُناہ کے اعتبار سے مَر چُکے ہیں تو پھر کیوں کر گُناہ آلُودہ زندگی گزارتے ہیں؟ 3کیاتُم نہیں جانتے کہ ہم میں سے جِن لوگوں نے المسیؔح عیسیٰ کی زندگی میں شامل ہونے کا پاک غُسل لیا تو اُن کی موت میں شامل ہونے کا پاک غُسل بھی لیا۔ 4چنانچہ موت میں شامل ہونے کا پاک غُسل لے کر ہم اُن کے ساتھ دفن بھی ہویٔے تاکہ جِس طرح المسیؔح اَپنے آسمانی باپ کی جلالی قُوّت کے وسیلہ سے مُردوں میں سے زندہ کیٔے گیٔے اُسی طرح ہم بھی نئی زندگی میں قدم بڑھائیں۔
5کیونکہ جَب ہم المسیؔح کی طرح مَر کے اُن کے ساتھ پیوست ہو گئے تو بے شک اُن کی طرح مُردوں میں سے زندہ ہوکر بھی اُن کے ساتھ پیوست ہوں گے۔ 6چنانچہ ہم جانتے ہیں کہ ہماری پُرانی اِنسانیّت المسیؔح کے ساتھ مصلُوب ہویٔی کہ گُناہ کا بَدن نِیست ہو جائے تاکہ ہم آئندہ گُناہ کی غُلامی میں نہ رہیں۔ 7کیونکہ جو مَر گیا وہ گُناہ سے بھی بَری ہو گیا۔
8پس جَب ہم المسیؔح کے ساتھ مَر گیٔے تو ہمیں یقین ہے کہ اُن کے ساتھ زندہ بھی ہو جایٔیں گے۔ 9کیونکہ ہمیں مَعلُوم ہے کہ جَب المسیؔح مُردوں میں سے زندہ کیا گیا تو پھر کبھی نہیں مَرے گا۔ موت کا اُس پر پھر کبھی اِختیّار نہ ہوگا۔ 10کیونکہ گُناہ کے اعتبار سے تو المسیؔح ایک ہی بار مَرا لیکن خُدا کے اعتبار سے وہ ہمیشہ زندہ ہے۔
11اِسی طرح تُم بھی اَپنے آپ کو گُناہ کے اعتبار سے تو مُردہ مگر خُدا کے اعتبار سے المسیؔح عیسیٰ میں زندہ سمجھو۔ 12چنانچہ گُناہ کو اَپنے فانی بَدن پر حُکومت مت کرنے دو تاکہ وہ تُمہیں اَپنی خواہشات کے تابع نہ رکھ سکے۔ 13اَور نہ ہی اَپنے جِسم کے اَعضا کو گُناہ کے حوالہ کرو تاکہ وہ ناراستی کے وسائل نہ بننے پائیں بَلکہ اَپنے آپ کو مُردوں میں سے زندہ ہو جانے وَالوں کی طرح خُدا کے حوالہ کرو اَور ساتھ ہی اَپنے جِسم کے اَعضا کو بھی خُدا کے حوالہ کرو تاکہ وہ راستبازی کے وسائل بَن سکیں۔ 14کیونکہ تُم شَریعت کے ماتحت نہیں بَلکہ فضل کے ماتحت ہو اِس لیٔے گُناہ کا تُم پر اِختیّار نہ ہوگا۔
راستبازی کی غُلامی
15پھر کیا کریں؟ کیا ہم گُناہ کرتے رہیں اِس لیٔے کہ ہم شَریعت کے ماتحت نہیں بَلکہ خُداوند کے فضل کے ماتحت ہیں؟ ہر گز نہیں! 16کیاتُم نہیں جانتے کہ جَب تُم کسی کی خدمت کرنے کے لیٔے خُود کو اُس کا غُلام بَن جانے دیتے ہو تو وہ تمہارا مالک بَن جاتا ہے اَور تُم اُس کی فرمانبرداری کرنے لگتے ہو۔ اِس لیٔے اگر گُناہ کی غُلامی میں رہوگے تو اِس کا اَنجام موت ہے۔ اگر خُدا کے فرمانبردار بَن جاؤگے تو اُس کا اَنجام راستبازی ہے۔ 17لیکن خُدا کا شُکر ہے کہ اگرچہ پہلے تُم گُناہ کے غُلام تھے لیکن اَب دل سے اُس تعلیم کے تابع ہو گئے ہو جو تمہارے سُپرد کی گئی۔ 18تُم گُناہ کی غُلامی سے آزادی پا کر راستبازی کی غُلامی میں آ گئے۔
19میں تمہاری اِنسانی کمزوری کے سبب سے بطور اِنسان یہ کہتا ہُوں۔ جِس طرح تُم نے اَپنے اَعضا کو ناپاکی اَور نافرمانی کی غُلامی میں دے دیا تھا اَور وہ نافرمانی بڑھتی جاتی تھی، اَب اَپنے اَعضا کو پاکیزگی کے لیٔے راستبازی کی غُلامی میں دے دو۔ 20جَب تُم گُناہ کے غُلام تھے تو راستبازی کے اعتبار سے آزاد تھے۔ 21لہٰذا جِن باتوں سے تُم اَب شرمندہ ہو، اُن سے تُمہیں کیا حاصل ہُوا؟ کیونکہ اُن کا اَنجام تو موت ہے۔ 22لیکن اَب تُم گُناہ کی غُلامی سے آزاد ہوکر خُدا کی غُلامی میں آ چُکے ہو اَور تُم اَپنی زندگی میں پاکیزگی کا پھل لاتے ہو جِس کا اَنجام اَبدی زندگی ہے۔ 23کیونکہ گُناہ کی مزدُوری موت ہے لیکن خُدا کی بخشش ہمارے خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ میں اَبدی زندگی ہے۔

Currently Selected:

رُومیوں 6: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in