YouVersion Logo
Search Icon

مُکاشفہ 8

8
ساتویں مُہر اَور بخُوردان
1جَب برّہ نے ساتویں مُہر کھولی تو آسمان میں تقریباً آدھ گھنٹے تک خَاموشی چھائی رہی۔
2اَور میں نے اُن ساتوں فرشتوں کو دیکھا جو خُدا کے حُضُور کھڑے رہتے ہیں۔ اَور اُنہیں سات نرسنگے دئیے گیٔے۔
3پھر ایک اَور فرشتہ سونے کا بخُوردان لیٔے ہویٔے آیا اَور قُربان گاہ کے پاس کھڑا ہو گیا۔ اُسے بہت سا بخُور دیا گیا تاکہ وہ اُسے سَب مُقدّسین کی دعاؤں کے ساتھ تختِ الٰہی کے سامنے کی سُنہری قُربان گاہ پر نذر کرے۔ 4اَور اُس بخُور کا دھواں مُقدّسین کی دعاؤں کے ساتھ اُس فرشتہ کے ہاتھ سے نکلا اَور خُدا کے حُضُور جاپہنچا۔ 5تَب اُس فرشتہ نے قُربان گاہ سے آگ لے کر اُس بخُوردان میں بھری اَور اُسے زمین پر ڈال دیا جِس سے بِجلی کی چمک اَور بادلوں کے گرج کی صدائیں پیدا ہُوئیں اَور زلزلہ آ گیا۔
سات نرسنگوں کا پھُونکا جانا
6اُس کے بعد وہ ساتوں فرشتے جِن کے پاس وہ سات نرسنگے تھے، ساتوں کو پھُونکنے کے لیٔے تیّار ہویٔے۔
7جَب پہلے فرشتہ نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو خُون ملے ہویٔے اولے اَور آگ پیدا ہُوئی جو زمین پر ڈال دی گئی جِس سے ایک تہائی زمین، اَور ایک تہائی درخت اَور ساری ہری گھاس جَل گئی۔
8جَب دُوسرے فرشتہ نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو ایک بڑا سا پہاڑ جو آگ سے جَل رہاتھا سمُندر میں ڈالا گیا جِس سے ایک تہائی سمُندر خُون میں تبدیل ہو گیا 9اَور سمُندر کے ایک تہائی جاندار مَر گیٔے اَور ایک تہائی جہاز تباہ ہو گیٔے۔
10جَب تیسرے فرشتے نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو مشعل کی طرح جلتا ہُوا ایک بڑا سا ستارہ آسمان سے ٹوٹ کر ایک تہائی دریاؤں اَور پانی کے چَشموں پر گِرا۔ 11اُس ستارہ کا نام ناگ دُونا یعنی کڑواہٹ ہے۔ اُس سے ایک تہائی پانی کڑوا اَور زہریلا ہو گیا اَور بہت سے لوگ اُس زہریلے پانی کے باعث مَر گیٔے۔
12جَب چوتھے فرشتہ نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو ایک تہائی سُورج، ایک تہائی چاند اَور ایک تہائی سِتاروں کو ضرر پہنچا یہاں تک کہ اُن کا ایک تہائی حِصّہ تاریک ہو گیا اَور اِسی طرح دِن کا ایک تہائی اَور رات کا ایک تہائی حِصّہ تاریکی میں ڈُوب گیا۔
13جَب میں نے پھر نگاہ کی تو ایک بڑا سا عُقاب آسمان کے فِضا میں اُڑتا دیکھا اَور اُسے بُلند آواز سے یہ کہتے سُنا، ”اُن تین فرشتوں کے نرسنگے کی آواز کے باعث جِن کا پھُونکنا ابھی باقی ہے، اہلِ زمین پر افسوس، افسوس، افسوس!“

Currently Selected:

مُکاشفہ 8: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in