YouVersion Logo
Search Icon

مُکاشفہ 5

5
کِتاب اَور برّہ
1پھر میں نے اُس تخت نشین کے داہنے ہاتھ میں ایک کِتاب دیکھی جو اَندر اَور باہر دونوں طرف سے لکھی ہُوئی تھی اَور اُسے سات مُہریں لگا کر بند کیا گیا تھا۔ 2پھر میں نے ایک قوی فرشتہ کو دیکھا جو بُلند آواز سے یہ اعلان کر رہاتھا، ”کون اِس کِتاب کو کھولنے اَور اِس کی مُہریں توڑنے کے لائق ہے؟“ 3مگر آسمان یا زمین پر یا زمین کے نیچے کویٔی شخص اُس کِتاب کو کھولنے اَور اُس پر نظر ڈالنے کے قابِل نہ تھا۔ 4میں زار زار رونے لگا کیونکہ کویٔی بھی اِس لائق نہ نکلا، جو اُس کِتاب کو کھول سکے یا اُس پر نظر ڈال سکے۔ 5تَب اُن بُزرگوں میں سے ایک نے مُجھ سے کہا، ”مت رو، دیکھ، یہُوداؔہ کے قبِیلہ کا شیرببر جو حضرت داؤؔد کی اصل ہے، وُہی اُس کِتاب اَور اُس کی ساتوں مُہروں کو کھولنے کے لائق ہے اَور غالب آیا ہے۔“
6تَب میں نے اُس تختِ الٰہی اَور اُن چاروں جانداروں اَور اُن بُزرگوں کے درمیان گویا ایک ذبح کیا ہُوا برّہ#5‏:6 برّہ مُکاشفہ کی کِتاب میں برّہ سے مُراد خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح ہے۔‏ کھڑا دیکھا۔ اُس کے سات سینگ اَور سات آنکھیں تھیں؛ یہ خُدا کی سات رُوحیں یعنی پاک رُوح ہے جو تمام روئے زمین پر بھیجی گئی ہیں۔ 7اُس برّہ نے آگے بڑھ کر، اُس تخت نشین کے دائیں ہاتھ سے وہ کِتاب لے لی۔ 8اَور جَب اُس نے وہ کِتاب لی تو چاروں جاندار اَور چَوبیس بُزرگ حُکمراں اُس برّہ کے سامنے سَجدہ میں گِر پڑے۔ اُن میں سے ہر ایک کے پاس بربط اَور بخُور سے بھرے ہویٔے سونے کے پیالے تھے۔ یہ مُقدّسین کی دعائیں ہیں۔ 9اَور وہ یہ نیا نغمہ گاَنے لگے،
”تُو ہی اِس کِتاب کو لینے اَور
اُس کی مُہریں کھولنے کے لائق ہے،
کیونکہ تُونے ذبح ہوکر،
اَپنے خُون سے ہر قبِیلہ، اَور اہلِ زبان، ہر اُمّت اَور ہر قوم سے
لوگوں کو خُدا کے واسطے خرید لیا ہے۔
10اَور اُنہیں ہمارے خُدا کے لیٔے شاہی کاہِنؔوں کی جماعت بنا دیا،
اَور وہ زمین پر حُکمرانی کریں گے۔“
11پھر میں نے نگاہ کی تو اُس تختِ الٰہی اَور اُن جانداروں اَور بُزرگوں کے اِردگرد مَوجُود لاکھوں اَور کروڑوں فرشتوں کی آواز سُنی۔ 12اَور اُنہُوں نے بُلند آواز سے یہ نغمہ گایا:
”ذبح کیا ہُوا برّہ ہی،
قُدرت، دولت، حِکمت، طاقت
عزّت، تمجید اَور حَمد کے لائق ہے!“
13پھر میں نے آسمان اَور زمین اَور زمین کے نیچے اَور سمُندر کی ساری مخلُوقات کو اَورجو کچھ اُن میں ہیں یہ نغمہ گاتے سُنا:
”جو تخت نشین ہے اُس کی اَور برّہ کی
حَمد اَور عزّت اَور جلال اَور قُدرت،
ابدُالآباد ہوتی رہے۔“
14اَور پھر چاروں جانداروں نے، ”آمین“ کہا اَور بُزرگوں نے گِرکر سَجدہ کیا۔

Currently Selected:

مُکاشفہ 5: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in