مُکاشفہ 22
22
عدن کی بحالی
1پھر اُس فرشتہ نے مُجھے آبِ حیات کا ایک دریا دکھایا، جو بِلّور کی مانند شفّاف تھا، جو خُدا اَور برّہ کے تخت سے نِکل کر بہتا تھا۔ 2یہ دریا اُس شہر کی شاہراہ کے وَسط میں بہتا تھا۔ اَور اُس دریا کے دونوں طرف شجرِ حیات تھے۔ اُس میں بَارہ قِسم کے پھل آتے تھے اَور ہر مہینے میں پھل دیتا تھا اَور اُس درخت کے پتّوں سے دُنیا کی سَب قوموں کو شفا ہوتی تھی۔ 3وہاں کویٔی بھی ملعُون چیز پھر کبھی نہ ہوگی۔ خُدا اَور برّہ کا تخت اُس شہر میں ہوگا اَور اُس کے خادِم اُس کی عبادت کریں گے۔ 4اَور وہ اُس کا چہرہ دیکھیں گے اَور اُس کا نام اُن کی پیشانی پر لِکھّا ہوگا۔ 5اَور وہاں پھر کبھی رات نہ ہوگی اَور وہ چراغ اَور سُورج کی رَوشنی کے محتاج نہ ہوں گے کیونکہ خُداوؔند خُدا خُود اُنہیں رَوشن کرے گا اَور وہ اَبد تک بادشاہی کرتے رہیں گے۔
حضرت یُوحنّا اَور فرشتہ
6اُس فرشتہ نے مُجھ سے کہا، ”یہ باتیں حق اَور مُعتبر ہیں۔ اَور خُداوؔند خُدا جو نَبیوں کی رُوحوں کو اُبھارنے والا ہے، اَپنے فرشتہ کو اِس غرض سے بھیجا کہ وہ اَپنے بندوں پر وہ باتیں ظاہر کرے جِن کا جلد پُورا ہونا ضروُری ہے۔“
7”دیکھ، میں جلد آنے والا ہُوں! مُبارک ہے وہ جو اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتوں پر عَمل کرتا ہے۔“
8میں وُہی یُوحنّؔا ہُوں جِس نے اِن باتوں کو سُنا اَور دیکھا؛ اَور جَب میں یہ باتیں سُن چُکا اَور دیکھ چُکا تو جِس فرشتہ نے مُجھے یہ باتیں دکھائی، میں اُس کے قدموں پر سَجدہ میں گِر پڑا۔ 9لیکن اُس نے مُجھ سے کہا، ”خبردار، اَیسا مت کر! میں بھی تیرا، اَور تیرے بھایٔی نَبیوں اَور اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتوں پر عَمل کرنے والوں کا ہم خدمت ہُوں۔ خُدا ہی کو سَجدہ کر!“
10پھر اُس نے مُجھ سے کہا، ”اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتوں کو پوشیدہ نہ رکھ؛ کیونکہ وقت نَزدیک ہے۔ 11جو بُرائی کرتا ہے وہ بُرائی ہی کرتا جائے؛ اَورجو نَجِس ہے وہ نَجِس ہی ہوتا جائے؛ جو راستباز ہے وہ راستبازی ہی کرتا جائے اَورجو پاک ہے وہ پاک ہی ہوتا چلا جائے۔“
مُختصر: دعوت اَور اِنتباہ
12”خُداوؔند عیسیٰ فرماتے ہیں، دیکھ! میں جلد آنے والا ہُوں! اَور ہر ایک کو اُس کے عَمل کے مُطابق دینے کے لیٔے اجر میرے پاس مَوجُود ہے۔ 13میں ہی اَلفا اَور اَومیگا، اوّل اَور آخِر، اِبتدا اَور اِنتہا ہُوں۔
14”مُبارک ہیں وہ جنہوں نے اَپنے لباس دھو لیٔے ہیں کیونکہ اُنہیں شجرِ حیات کے پھل کھانے کا حق ملے گا اَور وہ پھاٹکوں سے شہر میں داخل ہو سکیں گے۔ 15لیکن کُتّے، جادُوگر، زناکار، قاتل، بُت پرست اَور جھُوٹ بولنے والے اَور جھُوٹ کو پسند کرنے والے، یہ سَب اُس شہر سے باہر ہی رہ جایٔیں گے۔
16”مُجھ حُضُور عیسیٰ، نے اَپنا فرشتہ تمہارے پاس اِس لیٔے بھیجا کہ وہ تمام جماعتوں میں اِن باتوں کی تمہارے آگے گواہی دے کہ میں حضرت داؤؔد کی اصل اَور نسل اَور صُبح کا نُورانی ستارہ ہُوں۔“
17پاک رُوح اَور دُلہن کہتی ہیں، ”آ!“ اَور ہر سُننے والا بھی کہے، ”آ!“ جو پیاسا ہو وہ آئے؛ اَورجو پانے کی تمنّا رکھتا ہے وہ آبِ حیات مُفت حاصل کر لے۔
18میں یُوحنّا، اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتیں سُننے والے ہر شخص کو آگاہ کرتا ہُوں کہ اگر کویٔی اِس کِتاب میں کسی بات کا اِضافہ کرے تو خُدا اِس میں لکھی ہُوئی آفتیں اُس پر نازل کرے گا۔ 19اَور اگر کویٔی اِس نبُوّت کی کِتاب کی باتوں میں سے کچھ نکال دے تو خُدا اِس کِتاب میں مذکور شجرِ حیات اَور شہر مُقدّس میں رہنے کا حق اُس سے چھین لے گا جِس کا بَیان اِس کِتاب میں ہے۔
20جو اِن سَب باتوں کی تصدیق کرنے والے ہیں، فرماتے ہیں، ”بے شک میں جلد آنے والا ہُوں۔“
آمین۔ اَے خُداوؔند عیسیٰ، آئیے۔
21خُداوؔند عیسیٰ کا فضل خُدا کے مُقدّسین کے ساتھ ہوتا رہے۔ آمین۔
Currently Selected:
مُکاشفہ 22: UCV
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.