YouVersion Logo
Search Icon

مُکاشفہ 12

12
ایک خاتُون اَور اَژدہا
1پھر آسمان پر ایک عظیم نِشان دکھائی دیا: ایک خاتُون آفتاب اوڑھے ہویٔے تھی اَور چاند اُس کے پاؤں کے نیچے تھا اَور بَارہ سِتاروں کا تاج اُس کے سَر پر تھا۔ 2وہ حاملہ تھی اَور دردِزہ میں مُبتلا ہونے کے باعث چِلّا رہی تھی کیونکہ وہ بچّہ کی پیدائش کرنے ہی والی تھی۔ 3پھر آسمان پر ایک اَور نِشان دکھائی دیا یعنی ایک بڑا سا لال اَژدہا جِس کے سات سَر اَور دس سینگ تھے اَور اُس کے سات سروں پر سات شاہی تاج تھے۔ 4اُس کی دُم نے آسمان کے ایک تہائی ستارے کھینچ کر اُنہیں زمین پر پھینک دیا۔ پھر وہ اَژدہا اُس خاتُون کے سامنے جو بچّہ پیدا کرنے والی تھی، جا کھڑا ہُوا، تاکہ جَب وہ بچّہ پیدا ہو، تو اُسے نگل جائے۔ 5اَور اُس نے ایک بیٹے کو پیدا کیا، ”جو لوہے کے عصا سے سَب قوموں پر حُکومت کرے گا۔“#12‏:5 زبُور 2‏:9‏‏ اَور پھر فوراً اُس کے بچّہ کو وہاں سے اُٹھاکر خُدا کے تخت کے پاس پہنچا دیا گیا۔ 6اَور وہ خاتُون بیابان میں ایک اَیسی جگہ بھاگ گئی جو خُدا نے اُس کے لیٔے تیّار کر رکھی تھی تاکہ وہاں ایک ہزار دو سَوساٹھ دِن تک اُس کی پرورِش کی جائے۔
7پھر آسمان میں جنگ ہُوئی۔ مِیکائیلؔ اَور اُس کے فرشتے اَژدہا سے جنگ کرنے نکلے، اَژدہا اَور اُس کے فرشتوں نے اُن کا مقابلہ کیا۔ 8لیکن اَژدہا اَور اُس کے فرشتے جنگ ہار گیٔے اَور اَپنے آسمانی مقام سے بھی نکال دئیے گیٔے تھے۔ 9تَب وہ بڑا اَژدہا یعنی وُہی پُرانا سانپ جو اِبلیس اَور شیطان کہلاتا ہے اَورجو ساری دُنیا کو گُمراہ کرتا ہے، زمین پر پھینک دیا گیا، اَور اُس کے فرشتے بھی اُس کے ساتھ زمین پر پھینک دئیے گیٔے۔
10پھر میں نے آسمان سے ایک بڑی آواز آتی سُنی:
”اَب نَجات، قُدرت
اَور ہمارے خُدا کی بادشاہی،
اَور اُس کے المسیؔح کا اِختیّار ظاہر ہُواہے۔
کیونکہ ہمارے بھائیوں اَور بہنوں پر تہمت لگانے والا،
جو دِن رات خُدا کے حُضُور اُن پر تہمت لگاتا رہتا تھا،
اُسے نیچے پھینک دیا گیا ہے۔
11وہ برّہ کے خُون
اَور اَپنی گواہی کی بدولت
اُس پر غالب آئے؛
اَور اُنہُوں نے اَپنی جانوں کو عزیز نہ سمجھا
یہاں تک کہ موت بھی گوارا کرلی۔
12اِس لیٔے اَے آسمانوں،
اَور آسمانی باشندوں، خُوشی مناؤ!
مگر اَے زمین اَور سمُندر، تُم پر افسوس،
کیونکہ اِبلیس نیچے تمہارے پاس گِرا دیا گیا ہے!
وہ قہر سے بھرا ہُواہے،
کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اُس کے پاس وقت بہت کم ہے۔“
13جَب اَژدہا نے دیکھا کہ وہ زمین پر پھینک دیا گیا ہے تو اُس نے اُس خاتُون کا تعاقب کیا جِس نے ایک بیٹے کو پیدا کیا تھا۔ 14لیکن اُس خاتُون کو بَڑے عُقاب کے دو پر دئیے گیٔے تاکہ وہ اُس مقام کی طرف پرواز کر جائے جو بیابان میں اُس کے لیٔے تیّار کیا گیا ہے تاکہ وہ وہاں اَژدہا کی دسترس سے بچ کر ساڑھے تین بَرس تک حِفاظت سے رہ سکے۔ 15تَب اَژدہا اَپنے مُنہ سے اُس خاتُون کے پیچھے دریا کی صورت میں پانی اُگلنے لگاتاکہ اُسے اُس دریا میں بہا دے۔ 16مگر زمین نے اُس خاتُون کی مدد کی اَور اَپنا مُنہ کھول کر اُس دریا کو پی لیا جو اَژدہا نے اَپنے مُنہ سے بہائی تھی۔ 17تَب اُس اَژدہا کو اُس خاتُون پر بڑا غُصّہ آیا اَور وہ اُس کی باقی اَولاد سے یعنی اُن سے جو خُدا کے حُکموں پر عَمل کرتے ہیں اَور حُضُور عیسیٰ کی گواہی دینے پر قائِم ہیں، جنگ کرنے نِکل پڑا۔

Currently Selected:

مُکاشفہ 12: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in