امثال 6
6
حماقت کے خِلاف تنبیہ
1اَے میرے بیٹے! اگر تُم نے اَپنے پڑوسی کی ضمانت دی ہے،
اَور اگر تُم نے کسی اجنبی سے شرط لگا کر ذمّہ داری قبُول کی ہے،
2اگر تُم اَپنی ہی باتوں کے پھندے میں پھنس گئے ہو۔
اَور اَپنے ہی مُنہ کی باتوں سے پکڑے گئے ہو،
3تو اَے میرے بیٹے! اَپنے آپ کو بچانے کی تدبیر کرو،
کیونکہ تُم اَپنے پڑوسی کے ہاتھ میں پڑ چُکے ہو:
جاؤ اَور نہایت خاکساری سے؛
اَپنے پڑوسی سے اِلتجا کرو!
4اَپنی آنکھوں میں نیند نہ آنے دو،
اَور نہ اَپنی پلکوں کو جھپکنے دو۔
5تُم اَپنے آپ کو ہِرنی کی مانند شِکاری کے ہاتھ سے،
اَور چڑیا کی مانند صیّاد کے جال سے چھُڑا لو۔
6اَے کاہل! چیونٹی کے پاس جا؛
اَور اُس کی روِشوں پر غور کر اَور دانشمند بَن جا!
7اُس کا کویٔی قائد نہیں ہوتا،
نہ ہی کویٔی نِگراں یا حاکم ہوتاہے،
8تو بھی وہ گرمی کے موسم میں اَپنی خُوراک بٹورتی ہے
اَور فصل کٹتے وقت#6:8 فصل کٹتے وقت سردیوں کا موسم اَپنے لیٔے غِذا جمع کرتی ہے۔
9اَے کاہل! تُو کب تک وہاں پڑا رہے گا؟
تُو اَپنی نیند سے کب بیدار ہوگا؟
10تھوڑی سِی نیند، ذرا سِی جھپکی،
تھوڑی دیر ہاتھ پر ہاتھ دھرے پڑے رہنا۔#6:10 یہ سست کی بے عملی کی علامت ہے۔
11تَب تُم پر راہزن کی مانند مفلسی
اَور مُسلّح آدمی کی مانند تنگ دستی آ پڑےگی۔
12بدمعاش اَور بدکار آدمی،
جِس کا مُنہ بدگوئی سے بھرا ہُواہے،
13جو آنکھ مارتا ہے،
اَور اَپنے پاؤں پٹکتا ہے
اَور اَپنی اُنگلیوں سے اِشارہ کرتا ہے،
14جو اَپنے دِل میں مکر رکھ کر بُرے منصُوبے باندھتا ہے۔
اَور ہمیشہ فتنہ برپا کرتا ہے۔
15اِس لیٔے اُس پر آفت ناگہاں آ پڑےگی؛
وہ بغیر کسی علاج کے یک لخت تباہ ہو جائے گا۔
16چھ باتوں سے یَاہوِہ کو نفرت ہے،
بَلکہ سات ہیں جِن سے اُنہیں کراہیّت ہے:
17مغروُر آنکھیں،
جھُوٹی زبان،
بے قُصُور کا خُون بہانے والے ہاتھ،
18بدی کے منصُوبے باندھنے والا دِل،
شرارت کے لیٔے تیزرَو پاؤں،
19جھُوٹا گواہ جو دروغ گوئی سے کام لیتا ہے
اَور وہ آدمی جو بھائیوں#6:19 بھائیوں طبقہ یا برادری میں نفاق ڈالتا ہے۔
زنا کے خِلاف تنبیہ
20اَے میرے بیٹے! اَپنے باپ کے اَحکام بجا لاؤ
اَور اَپنی ماں کی تعلیم کو ترک نہ کرو۔
21اُنہیں اَپنے دِل پر ہمیشہ باندھے رکھو؛
اَور اَپنے گلے کا ہار بنالو۔
22جَب تُم چلوگے تو وہ تمہاری رہنمائی؛
سوؤگے تو وہ تمہاری نگہبانی؛
اَور جَب جاگوگے تو وہ تُم سے باتیں کرےگی۔
23کیونکہ یہ اَحکام چراغ، اَور یہ تعلیم رَوشنی ہے،
اَور تربّیت کے لیٔے سرزنش زندگی کی راہ ہے۔
24جو تُمہیں بداخلاق عورت سے،
اَور بدچلن بیوی کی چاپلوس زبان سے بچاتا ہے۔
25اُس کے حُسن پر اَپنے دِل میں شہوت سے مغلُوب نہ ہو
اَور اُس کی آنکھوں کا شِکار ہونے سے بچے رہنا۔
26کیونکہ فاحِشہ تُمہیں روٹی کے ٹُکڑوں کا مُحتاج بنا دیتی ہے،#6:26 طوائف کی قیمت ایک روٹی کے برابر ہے۔
اَور زانیہ تمہاری جان ہی کا شِکار کر لیتی ہے۔
27کیا یہ ممکن ہے کہ آدمی اَپنے دامن میں آگ بٹورے
اَور اُس کے کپڑے نہ جلیں؟
28کیا یہ ممکن ہے کہ کویٔی اَنگاروں پر چلے
اَور اُس کے پاؤں نہ جھلسیں؟
29وہ آدمی بھی اَیسا ہی ہے جو کسی دُوسرے آدمی کی عورت کے پاس جاتا ہے؛
جو کویٔی اُسے چھُوئے وہ بے سزا نہ رہے گا۔
30چور اگر بھُوک کے مارے اَپنا پیٹ بھرنے کے لیٔے چوری کرے
تو لوگ اُسے حقیر نہیں جانتے۔
31لیکن اگر وہ چوری کرتا پکڑا جائے، تو اُسے سات گُنا اَدا کرنا ہوگا،
خواہ اُسے اَپنے گھر کا سارا مال ہی کیوں نہ دینا پڑے۔
32جو آدمی زنا کرتا ہے وہ کم عقل ہے؛
اَیسا کرنے والا اَپنے آپ کو تباہ کر لیتا ہے۔
33وہ گھونسے کھاتا اَور ذِلّت اُٹھاتا ہے،
اُس کی رُسوائی کبھی نہ مٹےگی؛
34کیونکہ حَسد خَاوند کے قہر کو بھڑکاتا ہے،
اَور وہ اِنتقام کے وقت ہرگز ترس نہ کھائے گا۔
35وہ کویٔی مُعاوضہ قبُول نہ کرےگا؛
اَور رشوت لینے سے بھی اِنکار کرےگا خواہ وہ کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہو۔
Currently Selected:
امثال 6: UCV
Highlight
Share
Copy
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fen.png&w=128&q=75)
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.