امثال 1
1
تمہید، غرض و غایت اَور موضوع
1داویؔد کے بیٹے اِسرائیل کے بادشاہ شُلومونؔ کی امثال:
2جو حِکمت اَور تربّیت حاصل کرنے؛
فہم اَور ادراک کی باتیں سمجھنے؛
3تربّیت پذیر اَور مصلحت اَندیش زندگی حاصل کرنے،
اَور اَیسے کام کرنے کے لیٔے ہیں جو صحیح راست اَور عادلانہ ہو؛
4اَورجو سادہ دِلوں کو ہوشیاری،
اَور جَوان کو علم اَور شعور بخشنے کے لیٔے ہیں۔
5تاکہ دانا اُنہیں سُن کر اَپنی سمجھ میں اِضافہ کریں،
اَور صاحبِ فہم ہدایت پائیں۔
6اَور تمثیلوں، اُن کے معنوں،
اَور دانشمندوں کے اقوال اَور مُعمّوں کو سمجھ سکیں۔
7یَاہوِہ کا خوف حِکمت کی اِبتدا ہے
لیکن احمق حِکمت اَور تربّیت کو حقیر جانتے ہیں۔
حِکمت کو گلے لگانے کی نصیحت
چاپلوسی کے خِلاف تنبیہ
8اَے میرے بیٹے! اَپنے باپ کی ہدایت پر کان لگاؤ
اَور اَپنی ماں کی تعلیم کو ترک نہ کرو۔
9وہ تمہارے سَر کی زینت بڑھانے کے لیٔے سِہرا
اَور تمہارے گلے کی زیبائش کے لیٔے ہار ہوں گے۔
10اَے میرے بیٹے! اگر گُناہ آلُودہ لوگ تُمہیں پھُسلائیں،
تو تُم اُن کی باتوں میں نہ آنا۔
11اگر وہ کہیں، ”ہمارے ساتھ چلو؛
آؤ ہم کسی کا خُون بہانے کے لیٔے تاک میں بیٹھیں،
اَور کسی بے قُصُور اِنسان کے لیٔے ناحق گھات لگائیں؛
12آؤ ہم اُنہیں قبر کی مانند زندہ،
اَور پاتال کی مانند سالِم نگل جایٔیں گے؛
13ہم ہر قِسم کی قیمتی اَشیا حاصل کریں گے
اَور اَپنے گھروں کو لُوٹ کے مال#1:13 لُوٹ کے مال یعنی جنگ کے بعد شِکست خوردہ دشمن سے چھین لیا گیا مال سے بھر لیں گے؛
14ہمارے ساتھ مِل جاؤ،
اَور ہم سَب کی ایک ہی تھیلی ہوگی۔“
15اَے میرے بیٹے! تُم اُن کے ہمراہ نہ جانا،
نہ اُن کی راہ پر قدم رکھنا؛
16کیونکہ اُن کے پاؤں بدی کی طرف دَوڑتے ہیں،
اَور وہ خُون بہانے کے لیٔے جلدی کرتے ہیں۔
17کیونکہ شِکاری کا پرندوں کی آنکھوں کے سامنے
جال بچھانا کس قدر بے فائدہ ہے!
18یہ لوگ تو اَپنا ہی خُون بہانے کے لیٔے تاک میں بیٹھتے ہیں؛
وہ اَپنی ہی جان کے لیٔے گھات لگاتے ہیں!
19ناجائز آمدنی کے پیچھے جانے والوں کا اَنجام اَیسا ہی ہوتاہے؛
جو اُسے حاصل کرتے ہیں وہ اَپنے ہی پڑوسی کی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔#1:19 حزقی 22:13
حِکمت کے خِلاف تنبیہ
20حِکمت کوچہ میں زور سے پُکارتی ہے۔
اَور چوراہوں پر اَپنی آواز بُلند کرتی ہے؛
21وہ پُر شور بازاروں میں پُکارتی ہے،
اَور شہر کے پھاٹکوں#1:21 شہر کے پھاٹکوں شہر کا وہ حِصّہ تھا جہاں پہلے زمانے میں قانُونی اَور دیگر عوامی مُعاملات کو سنبھالا جاتا تھا۔ پر زور زور سے کہتی ہے:
22”اَے نادانو! تُم کب تک اَپنی نادانی کو عزیز رکھوگے؟
ٹھٹّھےباز کب تک ٹھٹّھےبازی سے خُوش ہوں گے
اَور احمق علم سے عداوت رکھیں گے؟
23اگر تُم میری سرزنش کو قبُول کرتے،
تو میں اَپنا دِل تمہارے لیٔے اُنڈیل دیتی
اَور اَپنی تعلیمات کا تُم پر اِظہار کرتی۔
24لیکن جَب مَیں نے تُمہیں بُلایا تو تُم نے مُجھے مُسترد کر دیا،
اَور جَب مَیں نے ہاتھ پھیلایا تو کسی نے دھیان نہ دیا،
25اَور چونکہ تُم نے میری تمام مشورت کو نظرانداز کر دیا
اَور میری تنبیہ کو قبُول نہ کیا،
26اِس لیٔے میں بھی تمہاری مُصیبت پر ہنسوں گی؛
اَور جَب تُم پر دہشت چھا جائے گی تو مضحکہ اُڑاؤں گی۔
27جَب آفت آندھی کی مانند تُم پر آ پڑےگی،
اَور مُصیبت گردوغبار کی طرح تُمہیں اَپنی لپیٹ میں لے گی،
اَور جَب تکلیفیں اَور پریشانیاں تُم پر حاوی ہو جایٔیں گی۔
28”تَب وہ مُجھے مدد کے لئے پُکاریں گے لیکن مَیں جَواب نہ دُوں گی؛
وہ مُجھے ڈھونڈیں گے پر نہ پائیں گے۔
29چونکہ اُنہُوں نے علم سے عداوت رکھی
اَور اُنہُوں نے ہمیشہ یَاہوِہ کی اِطاعت کرنے سے اِنکار کیا۔
30چونکہ اُنہیں میری صلاح پسند نہ آئی
اَور اُنہُوں نے میری تنبیہ کو حقیر جانا،
31اِس لیٔے وہ اَپنی روِش کا پھل کھایٔیں گے
اَور اَپنے منصُوبوں کے پھل سے پیٹ بھریں گے۔
32کیونکہ نادانوں کو اُن کی برگشتگی ختم کر دے گی،
اَور احمقوں کی لاپروائی اُن کی تباہی کا باعث بَن جائے گی؛
33لیکن جو میری سُنتا ہے، وہ سلامتی سے رہے گا
اَور ضرر سے بے خوف ہوکر، مطمئن رہے گا۔“
Currently Selected:
امثال 1: UCV
Highlight
Share
Copy
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fen.png&w=128&q=75)
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.