اعمال 21
21
پَولُسؔ کا یروشلیمؔ جانا
1جَب ہم اُن سے جُدا ہوکر جہاز سے روانہ ہویٔے تو سیدھے کُوسؔ میں آئے۔ اگلے دِن ہم رُدُسؔ پہُنچے۔ پھر وہاں سے پترہؔ چل دئیے۔ 2وہاں ہم نے دیکھا کہ ایک سمُندری جہاز فینیکےؔ، جا رہا ہے۔ ہم اُس پر سوار ہوکر روانہ ہو گئے۔ 3جَب ہماری نظر جَزِیرہ قُبرصؔ پر پڑی، تو ہم سے بائیں ہاتھ چھوڑکر مُلکِ سِیریؔا کے لیٔے روانہ ہویٔے۔ ہم صُورؔ میں اُتر پڑے کیونکہ وہاں ہمارے سمُندری جہاز سے مال اُتارنا تھا۔ 4وہاں شاگردوں کی تلاش کرکے ہم اُن کے ساتھ سات دِن تک رہے۔ اُنہُوں نے رُوح کی ہدایت سے پَولُسؔ کو یروشلیمؔ جانے سے منع کیا۔ 5جَب سات دِن گزرگئے، تو ہم وہاں سے آگے جانے کے لیٔے نکلے۔ سارے شاگرد بیوی بچّوں سمیت شہر کے باہر تک ہمارے ساتھ ہو لیٔے، اَور سمُندر کے کنارے پہُنچ کر ہم نے گھُٹنے ٹیک کر دعا کی۔ 6پھر ہم اُن سے جُدا ہویٔے، اَور سمُندری جہاز پر سوارہوگئے، اَور وہ اَپنے اَپنے گھر لَوٹ گیٔے۔
7ہم صُورؔ سے آگے چلے اَور پتَلُمِیسؔ جہاز سے اُترگئے، وہاں ہم نے بھائیوں کو سلام کیا اَور اُن کے ساتھ ایک دِن تک رہے۔ 8اگلے دِن ہم روانہ ہویٔے، اَور قَیصؔریہ شہر میں آئے اَور فِلِپُّسؔ نامی ایک مُبشَّر کے گھر میں رہے، جو یروشلیمؔ میں چُنے جانے والے سات خادِموں میں سے ایک تھے۔ 9اُن کی چار بیٹیاں تھیں جو ابھی کنواری تھیں اَور نبُوّت کیا کرتی تھیں۔
10جَب ہمیں وہاں رہتے کیٔی دِن گزرگئے، تو ایک نبی جِن کا نام اَگَبُسؔ تھا، یہُودیؔہ سے آئے۔ 11اَگَبُسؔ نے ہمارے پاس آکر پَولُسؔ کے کمربند سے اَپنے ہاتھ اَور پاؤں باندھ لیٔے اَور کہنے لگے، ”پاک رُوح فرماتا ہے، ’یروشلیمؔ کے یہُودی رہنما اِس کمربند کے مالک کو اِسی طرح باندھ کر غَیریہُودیوں کے حوالہ کر دیں گے۔‘ “
12یہ سُن کر ہم نے، اَور وہاں کے لوگوں نے پَولُسؔ کی مِنّت کی کہ وہ یروشلیمؔ جانے سے باز رہیں۔ 13لیکن پَولُسؔ نے جَواب دیا، ”تُم یہ کیا کر رہے ہو؟ کیوں رو رو کر میرا دل توڑتے ہو؟ میں یروشلیمؔ میں خُداوؔند عیسیٰ کے نام کی خاطِر صِرف باندھے جانے کے لیٔے ہی نہیں بَلکہ مَرنے کو بھی تیّار ہُوں۔“ 14جَب وہ کسی طرح راضی نہ ہوئے تو ہم یہ کہہ کر خاموش ہو گئے، ”خُداوؔند کی مرضی پُوری ہو۔“
15اُس کے بعد، ہم سفر کی تیّاری میں لگ گیٔے اَور پھر یروشلیمؔ کے لیٔے روانہ ہوئے۔ 16قَیصؔریہ کے کچھ شاگرد بھی ہمارے ساتھ ہو لیٔے اَور ہمیں مَناَسونؔ کے گھر لایٔے، جہاں ہمیں قِیام کرنا تھا۔ مَناَسونؔ، جَزِیرہ قُبرصؔ کا رہنے والا تھا اَور قدیم شاگردوں میں سے ایک تھا۔
پَولُسؔ کی یروشلیمؔ میں آمد
17جَب ہم یروشلیمؔ پہُنچے، تو بھایٔی اَور بہن ہم سے گَرم جوشی کے ساتھ ملے۔ 18اگلے دِن ہم پَولُسؔ کو لے کر یعقوب سے مِلنے گیٔے، اَور وہاں سَب بُزرگ پہلے ہی سے جمع تھے۔ 19پَولُسؔ نے اُنہیں سلام کہا اَور تفصیل سے بتایا کہ خُدا نے پَولُسؔ کی خدمت کے ذریعہ سے غَیریہُودی میں کیا کچھ کیا۔
20جَب اُنہُوں نے یہ سُنا، اُنہُوں نے خُدا کی تمجید کی۔ اَور پھر پَولُسؔ سے کہنے لگے: ”اَے بھایٔی دیکھو، کتنے ہزاروں یہُودی ایمان لے آئے ہیں، اَور وہ سَب شَریعت پر عَمل کرنے میں بَڑے سرگرم ہیں۔ 21اُنہیں تُو یہ بتایا گیا ہے کہ آپ سارے یہُودیوں کو جو غَیریہُودیوں کے درمیان رہتے ہیں یہ تعلیم دیتے ہیں کہ مُوسیٰ کو چھوڑ دو، اَپنے بچّوں کا ختنہ نہ کراؤ اَور یہُودیوں کی رسَموُں کو تسلیم نہ کرو۔ 22اَب آپ یہاں آئے ہیں اَور یہ بات لوگوں کے کانوں تک ضروُر پہُنچ جائے گی، لہٰذا اَب کیا کیا جائے؟ 23ہمارا مشورہ تُو یہ ہے کہ ہمارے پاس چار آدمی ہیں جنہوں نے قَسم کھائی ہے 24آپ اُنہیں اَپنے ساتھ لے جایٔیں اَور اُن کے ساتھ مِل کر طہارت کی ساری رَسمیں پُوری کریں اَور اُن کا خرچ بھی اُٹھائیں تاکہ وہ اَپنے سَر مُنڈوا سکیں۔ تَب ہر کسی کو مَعلُوم ہو جائے گا کہ جو باتیں آپ کے خِلاف پھیلائی گئی ہیں وہ غلط ہیں بَلکہ آپ خُود بھی تابِعداری سے شَریعت پر عَمل کرتے ہو۔ 25اَور جہاں تک اُن غَیریہُودی قوموں کا سوال ہے جو ایمان لے آئی ہیں، اُن کے بارے میں ہم فیصلہ کرکے پہلے ہی خط لِکھ چُکے ہیں کہ وہ بُتوں کو نذر چڑھائی ہویٔی چیزوں سے، خُون سے، گلا گُھونٹے ہویٔے جانوروں کے گوشت سے پرہیز کریں اَور جنسی بدفعلی سے بچیں۔“
26اگلے دِن پَولُسؔ اُن آدمیوں کو لے گیٔے اَور اُن کے ساتھ خُود بھی طہارت کی رَسمیں اَدا کرکے بیت المُقدّس میں داخل ہویٔے اَور خبر دی کہ طہارت کے دِنوں کے پُورا ہو جانے پر وہ سَب اَپنی اَپنی نذریں چڑھائیں گے۔
پَولُسؔ کی گرفتاری
27جَب طہارت کے سات دِن پُورے ہونے کو تھے، تو آسیہؔ کے چند یہُودیوں نے پَولُسؔ کو بیت المُقدّس میں دیکھ کر لوگوں میں ہلچل مچا دی اَور پَولُسؔ کو پکڑکر، 28چِلّانے لگے، ”اَے اِسرائیلیو، ہماری مدد کرو! یہی وہ آدمی ہے جو ہر جگہ لوگوں کو ہمارے خِلاف ہماری شَریعت کے برخلاف اَور بیت المُقدّس کے خِلاف تعلیم دیتا پھرتاہے۔ اَور اِس کے علاوہ، اِس نے یُونانیوں کو ہمارے بیت المُقدّس میں لاکر اِس پاک مقام کو ناپاک کر ڈالا ہے۔“ 29(وہ پہلے ہی تُرِفمُسؔ اِفِسی کو شہر میں پَولُسؔ کے ساتھ دیکھ چُکے تھے اَور سوچ رہے تھے کہ پَولُسؔ سے ضروُر بیت المُقدّس میں لے گیا ہوگا۔)
30سارے شہر میں ہلچل مچ گئی، اَور لوگ دَوڑ دَوڑکر جمع ہونے لگے۔ تَب اُنہُوں نے پَولُسؔ کو پکڑ لیا، یہُودی عبادت گاہ سے گھسیٹ کر باہر نکال لایٔے اَور دروازے بند کر دئیے۔ 31جَب وہ پَولُسؔ کو مار ڈالنے کی کوشش میں تھے، تو رُومی پلٹن کے سالار کو خبر پہنچی کہ سارے یروشلیمؔ میں کھلبلی پڑ گئی ہے۔ 32وہ فوراً پلٹن کے افسران اَور سپاہیوں کو لے کر ہُجوم کے پاس نیچے دَوڑا آیا۔ جَب لوگوں نے پلٹن کے سالار اَور سپاہیوں کو دیکھا، تو پَولُسؔ کی مار پیٹ سے باز آئے۔
33پلٹن کے سالار نے نَزدیک آکر پَولُسؔ کو اَپنے قبضہ میں لے لیا اَور آپ کو دو زنجیروں سے باندھنے کا حُکم دیا۔ پھر اُس نے پُوچھا کہ یہ آدمی کون ہے اَور اِس نے کیا کیا ہے؟ 34ہُجوم میں سے کچھ ایک چیخ، چیخ کر کہتے تھے اَور بعض کچھ اَور بات، شور و غُل اِس قدر زِیادہ تھا کہ سالار کو حقیقت مَعلُوم نہ ہو سکی، لہٰذا اُس نے حُکم دیا کہ پَولُسؔ کو فَوجیوں کے خیمے میں پہنچا دیا جائے۔ 35جَب سپاہی پَولُسؔ کو سِیڑھیوں سے اُوپر لے جا رہے تھے، تو ہُجوم کی زبردستی کی وجہ سے اُنہُوں نے پَولُسؔ کو اُوپر اُٹھالیا۔ 36سَب لوگ جو پَولُسؔ کے پیچھے پڑے ہویٔے تھے چلّاتے جا رہے تھے، ”اِسے ختم کردو!“
پَولُسؔ کا ہُجوم سے خِطاب
37سپاہی پَولُسؔ کو فَوجیوں کے خیمے کے اَندر لے جانے ہی والے تھے، پَولُسؔ نے پلٹن کے سالار سے کہا، ”کیا میں مُمکنہ طور پر تُجھ سے کچھ عرض کر سَکتا ہُوں؟“
سالار نے پُوچھا، ”کیا تُو یُونانی جانتا ہے؟ 38کیا تُو وہ مِصری تو نہیں جِس نے کچھ عرصہ پہلے بغاوت کی تھی اَور چار ہزار باغیوں کے ساتھ جنگل میں پناہ لی تھی؟“
39پَولُسؔ نے جَواب دیا، ”میں تو یہُودی ہُوں، اَور ترسُسؔ کا باشِندہ ہُوں جو کِلکِیؔہ کا مشہُور شہر ہے۔ براہ کرم مُجھے لوگوں سے خِطاب کرنے کی اِجازت دی جائے۔“
40سالار سے اِجازت پا کر، پَولُسؔ نے سِیڑھیوں پر کھڑے ہوکر لوگوں کو ہاتھ سے اِشارہ کیا۔ جَب وہ خاموش ہو گئے، تو پَولُسؔ نے اُن سے ارامی زبان#21:40 ارامی زبان یا مُمکنہ طور پر عِبرانی زبان میں؛ 22:2 میں بھی یہی آیا ہے۔ میں یُوں کہنا شروع کیا:
Currently Selected:
اعمال 21: UCV
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.