اعمال 2
2
پِنتکُست پر پاک رُوح کا نازل ہونا
1جَب عیدِ پِنتکُست#2:1 عیدِ پِنتکُست یعنی فسح کے بعد کا پچاسواں دِن؛ یہ وہ دِن تھا جَب یہُودی لوگ فصل کاٹنے کے عید کو مناتے تھے۔ مزید دیکھیں۔ خُرو 34:22؛ اَحبا 23:15-22 کا دِن آیا، تو وہ سَب ایک جگہ جمع تھے۔ 2اَچانک آسمان سے آواز آئی جَیسے بڑی تیز آندھی چلنے لگی ہو اَور اُس سے وہ سارا گھر گوُنجنے لگا جہاں وہ بَیٹھے ہویٔے تھے 3اَور اُنہیں آگ کے شُعلوں کی سِی زبانیں دکھائی دیں جو جُدا جُدا ہوکر اُن میں سے ہر ایک پر ٹھہریں۔ 4اَور وہ سَب پاک رُوح سے معموُر ہو گئے اَور غَیرزبانیں بولنے لگے جِس طرح پاک رُوح نے اُنہیں قُوّت بخشی۔
5اُس وقت بہت سے خُدا ترس یہُودی جو آسمان کے نیچے دُنیا کے ہر مُلک سے، یروشلیمؔ میں مَوجُود تھے۔ 6جَب اُنہُوں نے یہ آواز سُنی تو ہُجوم جمع ہو گیا اَور سَب کے سَب دنگ رہ گیٔے، کیونکہ ہر ایک نے اُنہیں اَپنی ہی بولی بولتے سُنا۔ 7اَور سَب اِنتہائی حیرت زدہ ہوکر پُوچھنے لگے: ”یہ بولنے والے کیا سَب کے سَب گلِیلی نہیں؟ 8پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ ہم میں سے ہر ایک اُن کے مُنہ سے اَپنے اَپنے وطن کی بولی سُن رہا ہے۔ 9ہم تو پارتھیا، مادِیا، عَیلامؔی؛ اَور مسوپتامیہؔ کے رِہائشی علاقے یہُودیؔہ، کپُدکیہؔ، پُنطُسؔ آسیہؔ،#2:9 اِن ناموں سے، رُومی سلطنت کے صُوبہ ہیں۔ 10فرُوگِیہؔ اَور پَمفِیلؔیہ کے رہنے والے ہیں، اَور ہم مِصر اَور لِبیؔا کے علاقہ سے ہیں جو کُرینؔے کے نَزدیک ہے؛ ہم میں سے بعض صِرف رُومی مُسافر ہیں۔ 11خواہ یہُودی#2:11 خواہ یہُودی ہم میں یہُودی بھی ہیں اَور غَیریہُودی بھی جنہوں نے یہُودی مَذہب قبُول کیا ہُواہے خواہ اُن کے مُرید کریتیؔ اَور عربؔی بھی ہیں مگر اَپنی اَپنی مادری زبان میں اُن سے خُدا کے عجِیب کاموں کا بَیان سُن رہے ہیں!“ 12وہ سَب بَڑے حیران ہویٔے اَور گھبرا کر ایک دُوسرے سے پُوچھنے لگے، ”یہ جو بول رہے ہیں اِس کا کیا مطلب ہے؟“
13لیکن، بعض نے، اُن کی ہنسی اُڑا کر کہا، ”اُنہُوں نے انگور کا شِیرہ کچھ زِیادہ پی لیا ہے۔“
پطرس کا مجمع کو خِطاب
14اِس پر پطرس باقی گیارہ رسولوں کے ساتھ، کھڑے ہو گئے اَور اُونچی آواز میں لوگوں سے یُوں خِطاب کیا: ”اَے یہُودیوں اَور یروشلیمؔ کے تمام باشِندو، میری بات توجّہ سے سُنو؛ میں بتاتا ہُوں کہ یہاں کیا ہو رہا ہے۔ 15جَیسا تُم سمجھ رہے ہو، یہ آدمی نشہ میں نہیں ہیں کیونکہ ابھی تو صُبح کے نَو ہی بجے ہیں۔ 16بَلکہ، یہ وہ بات ہے جو یوُایلؔ نبی کی مَعرفت کہی گئی تھی:
17” ’آخِری دِنوں میں، خُدا فرماتا ہے،
میں تمام لوگوں پر اَپنا رُوح نازل کروں گا۔
اَور تمہارے بیٹے اَور تمہاری بیٹیاں نبُوّت کریں گی،
تمہارے نوجوان رُویا،
اَور تمہارے بُزرگ خواب دیکھیں گے۔
18بَلکہ میں اُن دِنوں میں اَپنے بندوں اَور بندیوں پر بھی،
اَپنا رُوح نازل کروں گا،
اَور وہ نبُوّت کریں گے۔
19میں اُوپر آسمان پر معجزے
اَور نیچے زمین پر کرشمے دکھاؤں گا،
یعنی خُون اَور آگ اَور گاڑھا دھواں۔
20سُورج تاریک ہو جائے گا
اَور چاند خُون کی طرح سُرخ
اِس سے قبل کہ خُداوؔند کا عظیم و جلیل دِن آ پہُنچے۔
21اَورجو کویٔی خُداوؔند کا نام لے گا
نَجات پایٔےگا۔‘#2:21 یوایل 2:28-32
22”اَے اِسرائیلیو، یہ باتیں سُنو: حُضُور عیسیٰ ناصری ایک شخص تھے جنہیں خُدا نے تمہارے لیٔے بھیجاتھا اَور اِس بات کی تصدیق اُن عظیم معجزوں، کارناموں اَور نِشانوں سے ہوتی ہے، جسے خُدا نے حُضُور عیسیٰ کی مَعرفت تمہارے درمیان دکھائے، جَیسا کہ تُم خُود بھی جانتے ہو۔ 23یہ شخص حُضُور عیسیٰ خُدا کے مُقرّرہ اِنتظام اَور علم سابق کے مُطابق پکڑوائے گیٔے؛ تو تُم نے، حُضُور عیسیٰ کو بے شَرع#2:23 بے شَرع وہ لوگ جو غَیریہُودی تھے اَور بغیر شَریعت کے تھے۔ کے ہاتھوں، صلیب پر ٹنگوا کر مار ڈالا۔ 24لیکن خُدا نے حُضُور عیسیٰ کو موت کے، شِکنجہ سے چھُڑا کر زندہ کر دیا، کیونکہ یہ ناممکن تھا کہ وہ موت کے قبضہ میں رہتے۔“ 25کیونکہ حضرت داؤؔد حُضُور عیسیٰ کے بارے میں فرماتے ہیں:
” ’میں خُداوؔند کو ہمیشہ اَپنے سامنے دیکھتا رہا۔
کیونکہ وہ میری دائیں طرف ہے،
اِس لیٔے مُجھے جُنبش نہ ہوگی۔
26چنانچہ میرا دل خُوش ہے اَور میری زبان شادمان؛
بَلکہ میرا جِسم بھی اُمّید میں قائِم رہے گا،
27کیونکہ تُو مُجھے قبر میں چھوڑ نہیں دے گا،
اَور نہ ہی اَپنے مُقدّس فرزند کے جِسم کے سَڑنے کی نَوبَت ہی نہ آنے دے گا۔
28تُونے مُجھے زندگی کی راہیں دکھائیں؛
تُو اَپنے دیدار کی خُوشی سے مُجھے بھر دے گا۔‘#2:28 زبُور 16:8-11
29”اَے بنی اِسرائیلؔ، میں قوم کے بُزرگ داؤؔد کے بارے میں تُم سے دِلیری کے ساتھ کہہ سَکتا ہُوں کہ وہ فوت ہویٔے دفن بھی ہویٔے، اَور اُن کی قبر آج بھی ہمارے درمیان مَوجُود ہے۔ 30لیکن وہ نبی تھے اَور، جانتے تھے کہ خُدا نے اُن سے قَسم کھا کر وعدہ کیا ہے کہ اُن کی نَسل میں سے ایک شخص اُن کے تخت پر بَیٹھے گا۔ 31آپ نے بطور پیشین گوئی، حُضُور المسیؔح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کا ذِکر کیا، نہ تُو وہ اَپنے فرزند کو قبر میں چھوڑے گا اَور نہ ہی اُن کے جِسم کے سَڑنے کی نَوبَت ہی نہ آنے دے گا۔ 32حُضُور عیسیٰ کو خُدا نے زندہ کیا اِس کے ہم سَب گواہ ہیں۔ 33حُضُور عیسیٰ خُدا کی داہنی طرف سربُلند ہویٔے، اَور باپ سے پاک رُوح حاصل کیا جِس کا وعدہ کیا گیا تھا۔ یہ اُسی رُوح کا نُزُول ہے جسے تُم دیکھتے اَور سُنتے ہو۔ 34کیونکہ داؤؔد تو آسمان پر نہیں چڑھے پھر بھی وہ خُود فرماتے ہیں،
” ’خُداتعالیٰ نے میرے خُداوؔند سے فرمایا:
”میری داہنی طرف بیٹھو
35جَب تک کہ میں تمہارے دُشمنوں کو
تمہارے پاؤں کے نیچے نہ کردُوں۔“ ‘#2:35 زبُور 110:1
36”اِس لیٔے اِسرائیلؔ کا سارا گھرانہ یقین جان لے کہ خُدا نے اُسی حُضُور عیسیٰ کو جسے تُم نے صلیب پر مصلُوب کیا، خُداوؔند بھی ٹھہرایا اَور المسیؔح بھی۔“
37یہ باتیں سُن کر اُن کے دلوں پر چوٹ لگی، تَب اُنہُوں نے پطرس اَور دُوسرے رسولوں سے کہا، ”اَے بھائیو، ہم کیا کریں؟“
38پطرس نے اُن سے جَواب دیا، ”تَوبہ کرو اَور تُم میں سے ہر ایک، اَپنے گُناہوں کی مُعافی کے لیٔے حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے نام پر پاک غُسل لو۔ تو تُم پاک رُوح اِنعام میں پاؤگے۔ 39اِس لیٔے یہ وعدہ تُم سے اَور تمہاری اَولاد سے ہے اَور اُن سَب سے بھی ہے جو اُس سے دُور ہیں جنہیں خُداوؔند ہمارا خُدا اَپنے پاس بُلائے گا۔“
40پطرس نے اَور بہت سِی باتوں سے خبردار کیا اَور اُنہیں نصیحت فرمائی، ”اَپنے آپ کو اِس گُمراہ قوم سے بچائے رکھو۔“ 41جنہوں نے پطرس کا پیغام قبُول کیا اُنہیں پاک غُسل دیا گیا، اَور اُس دِن تقریباًتین ہزار آدمیوں کے قریب اُن میں شامل ہو گئے۔
مَسیحی مُومِنِین کی رِفاقت
42اُنہُوں نے خُود کو رسولوں سے، تعلیم پانے رِفاقت رکھنے، روٹی توڑنے اَور دعا کرنے کے لیٔے وقف کر دیا۔ 43رسولوں کے ذریعہ بہت سے معجزے اَور نِشان دکھائے گیٔے اَور ہر شخص پر خوف طاری ہو گیا۔ 44حُضُور المسیؔح پر ایمان لانے والے تمام افراد اِکٹھّے رہتے تھے اَور تمام چیزوں میں ایک دُوسرے کو شریک سمجھتے تھے۔ 45وہ اَپنی جائِداد اَور مال و اَسباب بیچ بیچ کر ہر ایک کو اُس کی ضروُرت کے مُطابق وہ رقم تقسیم کر دیا کرتے تھے۔ 46وہ ہر روز ایک دل ہوکر بیت المُقدّس کے صحن میں جمع ہوتے تھے۔ اَپنے گھروں میں روٹی توڑتے تھے اَور اِکٹھّے ہوکر خُوشی اَور صَاف دِلی سے کھانا کھاتے تھے۔ 47وہ خُدا کی تمجید کرتے تھے اَور سَب لوگوں کی نظر میں مقبُول تھے۔ اَور خُداوؔند نَجات پانے وَالوں کی تعداد میں روز بروز اِضافہ کرتے رہتے تھے۔
Currently Selected:
اعمال 2: UCV
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.