YouVersion Logo
Search Icon

1 تھِسّلُنیِکیوں 4

4
خُدا کو خُوش رکھنے والی زندگی جینا
1غرض، اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہم تُم سے درخواست کرتے ہیں اَور خُداوؔند عیسیٰ میں تمہاری حوصلہ اَفزائی کرتے ہیں کہ جِس طرح تُم نے ہم سے خُدا کو خُوش کرنے کی لیٔے مُناسب چال چلنا سیکھا ہے، اَور تُم وَیسی ہی زندگی گزار بھی رہے ہو۔ اَور اَب اُسی طرح اَور ترقّی کرتے جاؤ۔ 2کیونکہ تُم جانتے ہو کہ ہم نے خُداوؔند عیسیٰ کی طرف سے تُمہیں کون کون سے حُکم پہنچائے۔
3چنانچہ خُدا کی مرضی یہ ہے کہ تُم پاک بنو یعنی جنسی بدفعلی سے بچے رہو۔ 4اَور تُم میں سے ہر ایک اَپنے جِسم کو پاکیزہ اَور باعزّت طریقے سے قابُو کرنا سیکھے۔ 5اَور یہ کام شَہوت پرستی سے نہیں اَور نہ غَیریہُودیوں کی طرح جو خُدا کو نہیں جانتی ہیں۔ 6اَور اِس مُعاملہ میں کویٔی شخص اَپنے مومِن بھایٔی یا بہن کو نہ تو نُقصان پہنچائے اَور نہ اُسے دغا دے کیونکہ خُداوؔند اِن سَب کاموں کا بدلہ لینے والا ہے جَیسا کہ ہم تُمہیں پہلے بھی تَاکید کرکے بتا چُکے ہیں۔ 7اِس لئے خُدا نے ہمیں ناپاکی کے لیٔے نہیں بَلکہ پاکیزہ زندگی گُزارنے کے لیٔے بُلایا ہے۔ 8چنانچہ جو اِن باتوں کو نہیں مانتا وہ نہ صِرف اِنسان کی بَلکہ خُدا کی نافرمانی کرتا ہے جو تُمہیں پاک رُوح عطا فرماتا ہے۔
9اَب برادرانہ مَحَبّت کے بارے میں مُجھے تُم کو کچھ لکھنے کی ضروُرت نہیں؛ کیونکہ آپَس میں مَحَبّت کرنے کی تعلیم تُم نے خُدا سے پائی ہے۔ 10اَور تُم صُوبہ مَکِدُنیہؔ کے سارے مَسیحی مُومِنِین سے اَیسی ہی مَحَبّت کرتے ہو۔ پھر بھی اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہم تُمہیں نصیحت کرتے ہیں کہ تُم اِس میں اَور بھی ترقّی کرتے جاؤ۔ 11اَور جَیسا ہم پہلے ہی تُمہیں حُکم دے چُکے ہیں، ہر شخص خَاموشی سے اَپنے کام میں لگا رہے اَور اَپنے ہاتھوں سے محنت کرے، 12تاکہ غَیر مَسیحی لوگ تمہاری روزمرّہ کی زندگی کو دیکھ کر تُمہیں عزّت دیں اَور تُم کسی چیز کے محتاج نہ رہو۔
المسیؔح کی دُوسری آمد
13بھائیوں اَور بہنوں! ہم نہیں چاہتے کہ تُم اُن کے حال سے ناواقِف رہو جو موت کی نیند سو چُکے ہیں تاکہ تُم باقی اِنسانوں کی مانند غم نہ کرو جِن کے پاس کویٔی اُمّید ہی نہیں۔ 14کیونکہ ہمارا ایمان ہے کہ جِس طرح حُضُور عیسیٰ مَرے اَور پھر زندہ ہو گیٔے، ٹھیک اُسی طرح خُدا حُضُور عیسیٰ کی آمد پراُنہیں بھی زندہ کر دے گا جو حُضُور عیسیٰ میں سو گیٔے ہیں۔ 15چنانچہ ہم خُدا کے کلام کے مُطابق تُم سے فرماتے ہیں کہ ہم جو خُداوؔند کے دُوسری آمد کے وقت تک زندہ باقی رہیں گے، سوئے ہُوؤں سے پہلے ہر گز خُداوؔند سے نہیں ملیں گے۔ 16کیونکہ خُداوؔند خُود بڑی للکار کے ساتھ اَور مُقرّب فرشتہ کی آواز اَور خُدا کی نرسنگے کی آواز کے ساتھ آسمان سے نازل ہوں گے اَور خُداوؔند المسیؔح میں جو لوگ مَر چُکے، سَب سے پہلے زندہ ہو جایٔیں گے۔ 17اُس کے بعد پھر ہم جو اُس وقت زندہ باقی ہوں گے، اُن کے ساتھ بادلوں پر اُٹھا لیٔے جایٔیں گے تاکہ آسمان میں خُداوؔند کا اِستِقبال کریں گے اَور ہمیشہ خُداوؔند کے ساتھ رہیں گے۔ 18پس تُم اِن باتوں سے ایک دُوسرے کو تسلّی دیا کرو۔

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in