YouVersion Logo
Search Icon

1 پطرس 5

5
بُزرگوں اَور جماعت کو نصیحت
1تُم میں جو جماعت کے بُزرگ ہیں، میں اُن کی مانند ایک ہم بُزرگ اَور المسیؔح کے دُکھوں کا چشم دید گواہ اَور اُس کے ظاہر ہونے والے جلال میں شریک ہوکر اُن سے یہ درخواست کرتا ہُوں۔ 2تُم خُدا کے اُس گلّہ کی گلّہ بانی کرو جو تمہارے سُپرد کیا گیا ہے، لاچاری سے نہیں بَلکہ خُدا کی مرضی اَور اَپنی خُوشی سے نگہبانی کرو؛ اِس خدمت کو ناجائز نفع کے مقصد سے نہیں بَلکہ دِلی شوق سے اَنجام دو۔ 3اَورجو لوگ تمہارے سُپرد کیٔے گیٔے ہیں اُن پر حُکومت مت کرنا بَلکہ گلّہ کے لیٔے عُمدہ نمونہ بنو 4اَور جَب اعلیٰ گلّہ بان یعنی المسیؔح ظاہر ہوں گے تو تُم اَیسا جلالی سِہرا پاؤگے جو کبھی نہیں مُرجھائے گا۔
5اِسی طرح اَے جوانوں، تُم بھی اَپنے بُزرگوں کے تابع رہو۔ بَلکہ سَب کے سَب ایک دُوسرے کی خدمت کے لیٔے فروتنی سے کمربستہ رہو، کیونکہ،
”خُدا مغروُروں کا مقابلہ کرتا ہے
مگر حلیموں پر مہربانی کرتا ہے۔“#5‏:5 امثا 3‏:34‏
6پس خُدا کے قوی ہاتھ کے نیچے حلیمی سے رہو، تاکہ وہ مُناسب وقت پر تُمہیں سربُلند کرے گا۔ 7اَپنی ساری فکریں اُس خُدا پر ڈال دو کیونکہ وہ تمہاری فکر کرتا ہے۔
8ہوشیار اَور خبردار رہو کیونکہ تمہارا دُشمن اِبلیس دھاڑتے ہوئے شیرببر کی مانند ڈُھونڈتا پھرتاہے کہ کِس کو پھاڑ کھائے۔ 9تُم ایمان میں مضبُوط ہوکر اَور یہ جان کر اُس کا مُقابلہ کرو کہ تمہارے مَسیحی مُومِنِین بھایٔی اَور بہن جو اِس دُنیا میں ہیں وہ بھی اَیسے ہی دُکھ اُٹھا رہے ہیں۔
10اَور اَب خُدا جو سارے فضل کا سرچشمہ ہے، جِس نے تُمہیں المسیؔح عیسیٰ میں اَپنے دائمی جلال میں شریک ہونے کے لیٔے بُلایا ہے، تمہارے تھوڑی دیر تک دُکھ اُٹھانے کے بعد، خُدا آپ ہی تُمہیں کامِل اَور قائِم اَور مضبُوط کر دے گا۔ 11خُدا کی سلطنت ابدُالآباد تک ہوتی رہے۔ آمین۔
آخِری سلام و مُبارکبادی
12میں نے تُمہیں یہ مُختصر خط سِلوانُسؔ یعنی سِیلاسؔ کی مدد سے لِکھّا ہے، جسے میں وفادار بھایٔی سمجھتا ہُوں تاکہ تمہاری حوصلہ اَفزائی ہو اَور میں یہ تصدیق کرتا ہوں کہ خُدا کا سچّا فضل یہی ہے، اِس پر قائِم رہنا۔
13بابلؔ میں تمہاری طرح ایک برگُزیدہ جماعت ہے جو تُمہیں سلام کہتی ہے۔ میرا بیٹا مرقُسؔ بھی تُمہیں سلام کہتاہے۔
14ایک دُوسرے کو مَحَبّت سے چُوم کر#5‏:14 چُوم کر زمانہ قدیم میں ایک دُوسرے کو چُوم کر سلام کرنے کا دستور تھا۔ لیکن آج مُختلف طریقہ سے اِسے اَنجام دیا جاتا ہے۔‏ سلام کرو۔
تُم سَب کو جو المسیؔح میں ہو اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔

Currently Selected:

1 پطرس 5: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in