امثال 2
2
حِکمت کے اِنعامات
1اَے میرے بیٹے! اگر تُو میری باتوں کو قبُول کرے اور میرے فرمان کو نِگاہ میں رکھّے۔ 2اَیسا کہ تُو حِکمت کی طرف کان لگائے اور فہم سے دِل لگائے 3بلکہ اگر تُو عقل کو پُکارے اور فہم کے لِئے آواز بُلند کرے 4اور اُس کو اَیسا ڈھُونڈے جَیسے چاندی کو اور اُس کی اَیسی تلاش کرے جَیسی پوشِیدہ خزانوں کی 5تو تُو خُداوند کے خَوف کو سمجھے گا اور خُدا کی معرفت کو حاصِل کرے گا 6کیونکہ خُداوند حِکمت بخشتا ہے۔ عِلم و فہم اُسی کے مُنہ سے نِکلتے ہیں۔ 7وہ راست بازوں کے لِئے مدد تیّار رکھتا ہے اور راست رَو کے لِئے سِپر ہے۔ 8تاکہ وہ عدل کی راہوں کی نِگہبانی کرے اور اپنے مُقدّسوں کی راہ کو محفُوظ رکھّے۔
9تب تُو صداقت اور عدل اور راستی کو بلکہ ہر ایک اچھّی راہ کو سمجھے گا۔ 10کیونکہ حِکمت تیرے دِل میں داخِل ہو گی اور عِلم تیری جان کو مرغُوب ہو گا۔ 11تِمیز تیری نِگہبان ہو گی۔ فہم تیری حِفاظت کرے گا 12تاکہ تُجھے شرِیر کی راہ سے اور کج گو سے بچائیں۔ 13جو راست بازی کی راہ کو ترک کرتے ہیں تاکہ تارِیکی کی راہوں میں چلیں۔ 14جو بدکاری سے خُوش ہوتے ہیں اور شرارت کی کج روی میں خُوش رہتے ہیں۔ 15جِن کی روِشیں ناہموار اور جِن کی راہیں ٹیڑھی ہیں۔
16تاکہ تُجھے بیگانہ عَورت سے بچائیں یعنی چِکنی چُپڑی باتیں کرنے والی پرائی عَورت سے 17جو اپنی جوانی کے ساتھی کو چھوڑ دیتی اور اپنے خُدا کے عہد کو بُھول جاتی ہے۔ 18کیونکہ اُس کا گھر مَوت کی اُترائی پر ہے اور اُس کی راہیں پاتال کو جاتی ہیں۔ 19جو کوئی اُس کے پاس جاتا ہے واپس نہیں آتا اور زِندگی کی راہوں تک نہیں پُہنچتا۔ 20تاکہ تُو نیکوں کی راہ پر چلے اور صادِقوں کی راہوں پر قائِم رہے۔ 21کیونکہ راست باز مُلک میں بسیں گے اور کامِل اُس میں آباد رہیں گے۔ 22لیکن شرِیر زمِین پر سے کاٹ ڈالے جائیں گے اور دغاباز اُس سے اُکھاڑ پھینکے جائیں گے۔
Currently Selected:
امثال 2: URD
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.