نحمیاہ 6
6
نحمیاہ کے خِلاف سازشیں
1جب سنبلّط اور طُوبیاؔہ اور جشم عربی اور ہمارے باقی دُشمنوں نے سُنا کہ مَیں شہر پناہ کو بنا چُکا اور اُس میں کوئی رخنہ باقی نہیں رہا (اگرچہ اُس وقت تک مَیں نے پھاٹکوں میں کواڑے نہیں لگائے تھے)۔ 2تو سنبلّط اور جشم نے مُجھے یہ کہلا بھیجا کہ آ ہم اونو کے مَیدان کے کِسی گاؤں میں باہم مُلاقات کریں پر وہ مُجھ سے بدی کرنے کی فِکر میں تھے۔ 3سو مَیں نے اُن کے پاس قاصِدوں سے کہلا بھیجا کہ مَیں بڑے کام میں لگا ہُوں اور آ نہیں سکتا۔ میرے اِسے چھوڑ کر تُمہارے پاس آنے سے یہ کام کیوں مَوقُوف رہے؟
4اُنہوں نے چار بار میرے پاس اَیسا ہی پَیغام بھیجا اور مَیں نے اُن کو اِسی طرح کا جواب دِیا۔
5پِھر سنبلّط نے پانچوِیں بار اُسی طرح سے اپنے نَوکر کو میرے پاس ہاتھ میں کُھلی چِٹّھی لِئے ہُوئے بھیجا۔ 6جِس میں لِکھا تھا کہ اَور قَوموں میں یہ افواہ ہے اور جشمُو یِہی کہتا ہے کہ تیرا اور یہُودیوں کا اِرادہ بغاوت کرنے کا ہے۔ اِسی سبب سے تُو شہر پناہ بناتا ہے اور تُو اِن باتوں کے مُطابِق اُن کا بادشاہ بننا چاہتا ہے۔ 7اور تُو نے نبِیوں کو بھی مُقرّر کِیا کہ یروشلیِم میں تیرے حق میں مُنادی کریں اور کہیں کہ یہُوداؔہ میں ایک بادشاہ ہے۔ پس اِن باتوں کے مُطابِق بادشاہ کو اِطلاع کی جائے گی۔ سو اب آ ہم باہم مشورَہ کریں۔
8تب مَیں نے اُس کے پاس کہلا بھیجا جو تُو کہتا ہے اِس طرح کی کوئی بات نہیں ہُوئی بلکہ تُو یہ باتیں اپنے ہی دِل سے بناتا ہے۔
9وہ سب تو ہم کو ڈرانا چاہتے تھے اور کہتے تھے کہ اِس کام میں اُن کے ہاتھ اَیسے ڈِھیلے پڑ جائیں گے کہ وہ ہونے ہی کا نہیں پر اب اَے خُدا تُو میرے ہاتھوں کو زور بخش۔
10پِھر مَیں سمعیاؔہ بِن دِلایاؔہ بِن مُہیَطبیل کے گھر گیا۔ وہ گھر میں بند تھا۔ اُس نے کہا ہم خُدا کے گھر میں ہَیکل کے اندر مِلیں اور ہَیکل کے دروازوں کو بند کر لیں کیونکہ وہ تُجھے قتل کرنے کو آئیں گے۔ وہ ضرُور رات کو تُجھے قتل کرنے کو آئیں گے۔
11مَیں نے کہا کیا مُجھ سا آدمی بھاگے؟ اور کَون ہے جو مُجھ سا ہو اور اپنی جان بچانے کو ہَیکل میں گُھسے؟ مَیں اندر نہیں جانے کا۔
12اور مَیں نے معلُوم کر لِیا کہ خُدا نے اُسے نہیں بھیجا تھا لیکن اُس نے میرے خِلاف پیشِین گوئی کی بلکہ سنبلّط اور طُوبیاؔہ نے اُسے اُجرت پر رکھّا تھا۔ 13اور اُس کو اِس لِئے اُجرت دی گئی تاکہ مَیں ڈر جاؤُں اور اَیسا کام کر کے خطاکار ٹھہرُوں اور اُن کو بُری خبر پَھیلانے کا مضمُون مِل جائے تاکہ مُجھے ملامت کریں۔
14اَے میرے خُدا طُوبیاؔہ اور سنبلّط کو اُن کے اِن کاموں کے لِحاظ سے اور نَوعِیدؔیاہ نبِیّہ کو بھی اور باقی نبِیوں کو جو مُجھے ڈرانا چاہتے تھے یاد رکھ۔
کام کی تکمِیل
15غرض باون دِن میں الُول مہِینے کی پچِّیسوِیں تارِیخ کو شہر پناہ بن چُکی۔ 16جب ہمارے سب دُشمنوں نے یہ سُنا تو ہمارے آس پاس کی سب قَومیں ڈرنے لگِیں اور اپنی ہی نظر میں خُود ذلِیل ہو گئِیں کیونکہ اُنہوں نے جان لِیا کہ یہ کام ہمارے خُدا کی طرف سے ہُؤا۔
17اِس کے سِوا اُن دِنوں میں یہُوداؔہ کے امِیر بُہت سے خط طُوبیاؔہ کو بھیجتے تھے اور طُوبیاؔہ کے خط اُن کے پاس آتے تھے۔ 18کیونکہ یہُوداؔہ میں بُہت لوگوں نے اُس سے قَول و قرار کِیا تھا اِس لِئے کہ وہ سِکنیاؔہ بِن ارخ کا داماد تھا اور اُس کے بیٹے یہُوحاناؔن نے مُسلاّؔم بِن برکیاؔہ کی بیٹی کو بیاہ لِیا تھا۔ 19اور وہ میرے آگے اُس کی نیکیوں کا بیان بھی کرتے تھے اور میری باتیں اُسے سُناتے تھے اور طُوبیاؔہ مُجھے ڈرانے کو چِٹّھیاں بھیجا کرتا تھا۔
Currently Selected:
نحمیاہ 6: URD
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.