YouVersion Logo
Search Icon

احبار 11

11
جانور جو کھائے جا سکتے ہیں
1پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا۔ 2تُم بنی اِسرائیل سے کہو کہ زمِین کے سب حَیوانات میں سے جِن جانوروں کو تُم کھا سکتے ہو وہ یہ ہیں۔ 3جانوروں میں جِن کے پاؤں الگ اور چرے ہُوئے ہیں اور وہ جُگالی کرتے ہیں تُم اُن کو کھاؤ۔ 4مگر جو جُگالی کرتے ہیں یا جِن کے پاؤں الگ ہیں اُن میں سے تُم اِن جانوروں کو نہ کھانا یعنی اُونٹ کو کیونکہ وہ جُگالی کرتا ہے پر اُس کے پاؤں الگ نہیں۔ سو وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 5اور سافان کو کیونکہ وہ جُگالی کرتا ہے پر اُس کے پاؤں الگ نہیں۔ وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 6اور خرگوش کو کیونکہ وہ جُگالی تو کرتا ہے پر اُس کے پاؤں الگ نہیں۔ وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 7اور سُؤر کو کیونکہ اُس کے پاؤں الگ اور چِرے ہُوئے ہیں پر وہ جُگالی نہیں کرتا۔ وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 8تُم اُن کا گوشت نہ کھانا اور اُن کی لاشوں کو نہ چُھونا۔ وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔
9جو جانور پانی میں رہتے ہیں اُن میں سے تُم اِن کو کھانا یعنی سمُندروں اور دریاؤں وغیرہ کے جانوروں میں جِن کے پَر اور چِھلکے ہوں تُم اُنہیں کھاؤ۔ 10لیکن وہ سب جاندار جو پانی میں یعنی سمُندروں اور دریاؤں وغیرہ میں چلتے پِھرتے اور رہتے ہیں لیکن اُن کے پَر اور چِھلکے نہیں ہوتے وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں۔ 11اور وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہی رہیں۔ تُم اُن کا گوشت نہ کھانا اور اُن کی لاشوں سے کراہِیّت کرنا۔ 12پانی کے جِس کِسی جاندار کے نہ پَر ہوں اور نہ چِھلکے وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہے۔
13اور پرِندوں میں جو مکرُوہ ہونے کے سبب سے کبھی کھائے نہ جائیں اور جِن سے تُمہیں کراہِیّت کرنا ہے سو یہ ہیں۔ عُقاب اور اُستخوان خوار اور لگڑ۔ 14اور چِیل اور ہر قِسم کا باز۔ 15اور ہر قِسم کے کوّے۔ 16اور شُتر مُرغ اور چُغد اور کوکل اور ہر قِسم کے شاہِین۔ 17اور بُوم اور ہڑگیلا اور اُلُّو۔ 18اور قاز اور حواصِل اور گِدھ۔ 19اور لقلق اور سب قِسم کے بگلے اور ہدہد اور چمگادڑ۔
20اور سب پردار رینگنے والے جاندار جِتنے چار پاؤں کے بل چلتے ہیں وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں۔ 21مگر پَردار رینگنے والے جان داروں میں سے جو چار پاؤں کے بل چلتے ہیں تُم اُن جان داروں کو کھا سکتے ہو جِن کے زمِین کے اُوپر کُودنے پھاندنے کو پاؤں کے اُوپر ٹانگیں ہوتی ہیں۔ 22وہ جنہیں تُم کھا سکتے ہو یہ ہیں۔ ہر قِسم کی ٹِڈّی اور ہر قِسم کا سُلعام اور ہر قِسم کا جِھینگر اور ہر قِسم کا ٹِڈّا۔ 23پر سب پَردار رینگنے والے جاندار جِن کے چار پاؤں ہیں وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں۔
24اور اِن سے تُم ناپاک ٹھہرو گے۔ جو کوئی اِن میں سے کِسی کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 25اور جو کوئی اِن کی لاش میں سے کُچھ بھی اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 26اور سب چارپائے جِن کے پاؤں الگ ہیں پر وہ چِرے ہُوئے نہیں اور نہ وہ جُگالی کرتے ہیں وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ جو کوئی اُن کو چُھوئے وہ ناپاک ٹھہرے گا۔ 27اور چار پاؤں پر چلنے والے جانوروں میں سے جِتنے اپنے پنجوں کے بل چلتے ہیں وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ جو کوئی اُن کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 28اور جو کوئی اُن کی لاش کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ یہ سب تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔
29اور زمِین پر کے رینگنے والے جانوروں میں سے جو تُمہارے لِئے ناپاک ہیں وہ یہ ہیں یعنی نیولا اور چُوہا اور ہر قِسم کی بڑی چِھپکلی۔ 30اور حرذُون اور گوہ اور چِھپکلی اور سانڈا اور گرگٹ۔ 31سب رینگنے والے جان داروں میں سے یہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ جو کوئی اُن کے مَرے پِیچھے اُن کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 32اور جِس چِیز پر وہ مَرے پِیچھے گِریں وہ چِیز ناپاک ہو گی خواہ وہ لکڑی کا برتن ہو یا کپڑا یا چمڑا یا بورا ہو۔ خواہ کِسی کا کَیسا ہی برتن ہو ضرُور ہے کہ وہ پانی میں ڈالا جائے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ اِس کے بعد وہ پاک ٹھہرے گا۔ 33اور اگر اِن میں سے کوئی کِسی مِٹّی کے برتن میں گِر جائے تو جو کُچھ اُس میں ہے وہ ناپاک ہو گا اور برتن کو تُم توڑ ڈالنا۔ 34اُس کے اندر اگر کھانے کی کوئی چِیز ہو جِس میں پانی پڑا ہُؤا ہو تو وہ بھی ناپاک ٹھہرے گی اور اگر اَیسے برتن میں پِینے کے لِئے کُچھ ہو تو وہ ناپاک ہو گا۔ 35اور جِس چِیز پر اُن کی لاش کا کوئی حِصّہ گِرے خواہ وہ تنُور ہو یا چُولھا وہ ناپاک ہو گی اور توڑ ڈالی جائے۔ اَیسی چِیزیں ناپاک ہوتی ہیں اور وہ تُمہارے لِئے بھی ناپاک ہوں۔ 36مگر چشمہ یا تالاب جِس میں بُہت پانی ہو وہ پاک رہے گا پر جو کُچھ اُن کی لاش سے چُھو جائے وہ ناپاک ہو گا۔ 37اور اگر اُن کی لاش کا کُچھ حِصّہ کِسی بونے کے بِیج پر گِرے تو وہ بیج پاک رہے گا۔ 38پر اگر بیج پر پانی ڈالا گیا ہو اور اِس کے بعد اُن کی لاش میں سے کُچھ اُس پر گِرا ہو تو وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہو گا۔
39اور جِن جانوروں کو تُم کھا سکتے ہو اگر اُن میں سے کوئی مَر جائے تو جو کوئی اُس کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 40اور جو کوئی اُن کی لاش میں سے کُچھ کھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا اور جو کوئی اُن کی لاش کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
41اور سب رینگنے والے جاندار جو زمِین پر رینگتے ہیں مکرُوہ ہیں اور کبھی کھائے نہ جائیں۔ 42اور زمِین پر کے سب رینگنے والے جان داروں میں سے جِتنے پیٹ یا چار پاؤں کے بل چلتے ہیں یا جِن کے بُہت سے پاؤں ہوتے ہیں اُن کو تُم نہ کھانا کیونکہ وہ مکرُوہ ہیں۔ 43اور تُم کِسی رینگنے والے جاندار کے سبب سے جو زمِین پر رینگتا ہے اپنے آپ کو مکرُوہ نہ بنا لینا اور نہ اُن سے اپنے آپ کو ناپاک کرنا کہ نجِس ہو جاؤ۔ 44کیونکہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ اِس لِئے اپنے آپ کو مُقدّس کرنا اور پاک ہونا کیونکہ مَیں قُدُّوس ہُوں۔ سو تُم کِسی طرح کے رینگنے والے جاندار سے جو زمِین پر چلتا ہے اپنے آپ کو ناپاک نہ کرنا۔ 45کیونکہ مَیں خُداوند ہُوں اور تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے اِسی لِئے نکال کر لایا ہُوں کہ مَیں تُمہارا خُدا ٹھہروں۔ اِس لِئے تُم مُقدّس ہونا کیونکہ مَیں قُدُّوس ہُوں۔
46حَیوانات اور پرِندوں اور آبی جانوروں اور زمِین پر کے سب رینگنے والے جان داروں کے بارے میں شرع یِہی ہے۔ 47تاکہ پاک اور ناپاک میں اور جو جانور کھائے جا سکتے ہیں اور جو نہیں کھائے جا سکتے اُن کے درمیان اِمتیاز کِیا جائے۔

Currently Selected:

احبار 11: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy