YouVersion Logo
Search Icon

یُوناہ 3

3
یُوناہ خُداوند کا حُکم مانتا ہے
1اور خُداوند کا کلام دُوسری بار یُوناؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2کہ اُٹھ اُس بڑے شہر نِینوؔہ کو جا اور وہاں اُس بات کی مُنادی کر جِس کا مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں۔ 3تب یُوناؔہ خُداوند کے کلام کے مُطابِق اُٹھ کر نِینوؔہ کو گیا اور نِینوؔہ بُہت بڑا شہر تھا۔ اُس کی مسافت تِین دِن کی راہ تھی۔ 4اور یُوناؔہ شہر میں داخِل ہُؤا اور ایک دِن کی راہ چلا۔ اُس نے مُنادی کی اور کہا چالِیس روز کے بعد نِینوؔہ برباد کِیا جائے گا۔
5تب نِینوؔہ کے باشِندوں نے خُدا پر اِیمان لا کر روزہ کی مُنادی کی اور ادنیٰ و اعلیٰ سب نے ٹاٹ اوڑھا۔
6اور یہ خبر نِینوؔہ کے بادشاہ کو پُہنچی اور وہ اپنے تخت پر سے اُٹھا اور بادشاہی لِباس کو اُتار ڈالا اور ٹاٹ اوڑھ کر راکھ پر بَیٹھ گیا۔ 7اور بادشاہ اور اُس کے ارکانِ دَولت کے فرمان سے نِینوؔہ میں یہ اِعلان کِیا گیا اور اِس بات کی مُنادی ہُوئی کہ کوئی اِنسان یا حَیوان گلّہ یا رمہ کُچھ نہ چکّھے اور نہ کھائے پِئے۔ 8لیکن اِنسان اور حَیوان ٹاٹ سے مُلبّس ہوں اور خُدا کے حضُور گِریہ و زاری کریں بلکہ ہر شخص اپنی بُری روِش اور اپنے ہاتھ کے ظُلم سے باز آئے۔ 9شاید خُدا رحم کرے اور اپنا اِرادہ بدلے اور اپنے قہرِ شدِید سے باز آئے اور ہم ہلاک نہ ہوں۔
10جب خُدا نے اُن کی یہ حالت دیکھی کہ وہ اپنی اپنی بُری روِش سے باز آئے تو وہ اُس عذاب سے جو اُس نے اُن پر نازِل کرنے کو کہا تھا باز آیا اور اُسے نازِل نہ کِیا۔

Currently Selected:

یُوناہ 3: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in