ہوسِیعَ 11
11
گردَن کَش لوگوں کے لِئے خُدا کی مُحبّت
1جب اِسرائیل ابھی بچّہ ہی تھا
مَیں نے اُس سے مُحبّت رکھّی
اور اپنے بیٹے کو مِصرؔ سے بُلایا۔
2اُنہوں نے جِس قدر اُن کو بُلایا اُسی قدر وہ دُور
ہوتے گئے
اُنہوں نے بعلِیم کے لِئے قُربانِیاں گُذرانِیں
اور تراشی ہُوئی مُورتوں کے لِئے بخُور جلایا۔
3مَیں نے بنی اِفرائِیم کو چلنا سِکھایا۔
مَیں نے اُن کو گود میں اُٹھایا
لیکن اُنہوں نے نہ جانا کہ مَیں ہی نے اُن کو
صِحت بخشی۔
4مَیں نے اُن کو اِنسانی رِشتوں اور مُحبّت کی ڈوریوں
سے کھینچا۔
مَیں اُن کے حق میں اُن کی گردن پر سے جُؤا
اُتارنے والوں کی مانِند ہُؤا
اور مَیں نے اُن کے آگے کھانا رکھّا۔
5وہ پِھر مُلکِ مِصرؔ میں نہ جائیں گے بلکہ اسُور اُن کا بادشاہ ہو گا کیونکہ وہ واپس آنے سے اِنکار کرتے ہیں۔ 6تلوار اُن کے شہروں پر آ پڑے گی اور اُن کے اڑبنگوں کو کھا جائے گی اور یہ اُن ہی کی مشورَت کا نتِیجہ ہو گا۔ 7کیونکہ میرے لوگ مُجھ سے برگشتگی پر آمادہ ہیں۔ باوُجُودیکہ اُنہوں نے اُن کو بُلایا کہ حق تعالیٰ کی طرف رجُوع لائیں لیکن کِسی نے نہ چاہا کہ اُس کی تمجِید کرے۔
8اَے اِفرائِیم مَیں تُجھ سے کیونکر دست بردار ہو جاؤُں؟
اَے اِسرائیل مَیں تُجھے کیونکر ترک کرُوں؟
مَیں کیونکر تُجھے ادمہ کی مانِند کرُوں
اور ضِبوئِیم کی مانِند بناؤُں؟
میرا دِل مُجھ میں پیچ کھاتا ہے۔
میری شفقت مَوجزن ہے۔
9مَیں اپنے قہر کی شِدّت کے مُطابِق عمل نہیں کرُوں گا۔
مَیں ہرگِز اِفرائِیم کو ہلاک نہ کرُوں گا
کیونکہ مَیں اِنسان نہیں۔ خُدا ہُوں۔
تیرے درمِیان سکُونت کرنے والا قدُّوس
اور مَیں قہر کے ساتھ نہیں آؤُں گا۔
10وہ خُداوند کی پَیروی کریں گے جو شیرِ بَبر کی طرح گرجے گا کیونکہ وہ گرجے گا اور اُس کے فرزند مغرِب کی طرف سے کانپتے ہُوئے آئیں گے۔ 11وہ مِصرؔ سے پرِندہ کی طرح اور اسُور کے مُلک سے کبُوتر کی مانِند کانپتے ہُوئے آئیں گے اور مَیں اُن کو اُن کے گھروں میں بساؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔
اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ پر سزا کا حُکم
12اِفرائِیم نے دروغ گوئی سے اور اِسرائیل کے گھرانے نے مکّاری سے مُجھ کو گھیرا ہے لیکن یہُوداؔہ اب تک خُدا کے ساتھ ہاں اُس قدُّوس وفادار کے ساتھ حُکمران ہے۔
Currently Selected:
ہوسِیعَ 11: URD
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.