YouVersion Logo
Search Icon

۲-سموئیل 10

10
داؤُد عمُّونیوں اور ارامیوں کو شکست دیتا ہے
1اِس کے بعد اَیسا ہُؤا کہ بنی عمُّون کا بادشاہ مَر گیا اور اُس کا بیٹا حنُون اُس کا جانشِین ہُؤا۔ 2تب داؤُد نے کہا کہ مَیں ناحس کے بیٹے حنُون کے ساتھ مِہربانی کرُوں گا جَیسے اُس کے باپ نے میرے ساتھ مِہربانی کی۔ سو داؤُد نے اپنے خادِم بھیجے تاکہ اُن کی معرفت اُس کے باپ کے بارہ میں اُسے تسلّی دے
چُنانچہ داؤُد کے خادِم بنی عمُّون کی سرزمِین میں آئے۔ 3اور بنی عمُّون کے سرداروں نے اپنے مالِک حنُون سے کہا تُجھے کیا یہ گُمان ہے کہ داؤُد تیرے باپ کی تعظِیم کرتا ہے کہ اُس نے تسلّی دینے والے تیرے پاس بھیجے ہیں؟ کیا داؤُد نے اپنے خادِم تیرے پاس اِس لِئے نہیں بھیجے ہیں کہ شہر کا حال دریافت کر کے اور اِس کا بھید لے کر وہ اِس کو غارت کرے؟
4تب حنُون نے داؤُد کے خادِموں کو پکڑ کر اُن کی آدھی آدھی داڑھی مُنڈوائی اور اُن کی پوشاک بِیچ سے سُرِین تک کٹوا کر اُن کو رُخصت کر دِیا۔ 5جب داؤُد کو خبر پُہنچی تو اُس نے اُن سے مِلنے کو لوگ بھیجے اِس لِئے کہ یہ آدمی نِہایت شرمِندہ تھے۔ سو بادشاہ نے فرمایا کہ جب تک تُمہاری داڑھی نہ بڑھے یریحُو میں رہو۔ اُس کے بعد چلے آنا۔
6جب بنی عمُّون نے دیکھا کہ وہ داؤُد کے آگے نفرت انگیز ہو گئے تو بنی عمُّون نے لوگ بھیجے اور بَیت رحوؔب کے ارامیوں اور ضوباہ کے ارامیوں میں سے بِیس ہزار پِیادوں کو اور معکہ کے بادشاہ کو ایک ہزار سِپاہِیوں سمیت اور طوب کے بارہ ہزار آدمِیوں کو اُجرت پر بُلا لِیا۔ 7اور داؤُد نے یہ سُن کر یوآب اور بہادُروں کے سارے لشکر کو بھیجا۔ 8تب بنی عمُّون نِکلے اور اُنہوں نے پھاٹک کے پاس ہی لڑائی کے لِئے صف باندھی اور ضوباہ اور رحوؔب کے ارامی اور طوب اور معکہ کے لوگ مَیدان میں الگ تھے۔
9جب یوآب نے دیکھا کہ اُس کے آگے اور پِیچھے دونوں طرف لڑائی کے لِئے صف بندھی ہے تو اُس نے بنی اِسرائیل کے خاص لوگوں کو چُن لِیا اور ارامیوں کے مُقابِل اُن کی صف باندھی۔ 10اور باقی لوگوں کو اپنے بھائی ابِیشے کے ہاتھ سَونپ دِیا اور اُس نے بنی عمُّون کے مُقابِل صف باندھی۔ 11پِھر اُس نے کہا اگر ارامی مُجھ پر غالِب ہونے لگیں تو تُو میری کُمک کرنا اور اگر بنی عمُّون تُجھ پر غالِب ہونے لگیں تو مَیں آ کر تیری کُمک کرُوں گا۔ 12سو خُوب حَوصلہ رکھ اور ہم سب اپنی قَوم اور اپنے خُدا کے شہروں کی خاطِر مَردانگی کریں اور خُداوند جو بِہتر جانے سو کرے۔
13پس یوآب اور وہ لوگ جو اُس کے ساتھ تھے ارامیوں پر حملہ کرنے کو آگے بڑھے اور وہ اُس کے آگے سے بھاگے۔ 14جب بنی عمُّون نے دیکھا کہ ارامی بھاگ گئے تو وہ بھی ابِیشے کے سامنے سے بھاگ کر شہر کے اندر گُھس گئے۔ تب یوآؔب بنی عمُّون کے پاس سے لَوٹ کر یروشلِیم میں آیا۔
15جب ارامیوں نے دیکھا کہ اُنہوں نے اِسرائیلِیوں سے شِکست کھائی تو وہ سب جمع ہُوئے۔ 16اور ہدد عزر نے لوگ بھیجے اور اُن ارامیوں کو جو دریایِ فرات کے پار تھے لے آیا اور وہ حلام میں آئے اور ہدد عزر کی فَوج کا سِپہ سالار سُوبک اُن کا سردار تھا۔ 17اور داؤُد کو خبر مِلی۔ سو اُس نے سب اِسرائیلِیوں کو اِکٹّھا کِیا اور یَردن کے پار ہو کر حلام میں آیا اور ارامیوں نے داؤُد کے مُقابِل صف آرائی کی اور اُس سے لڑے۔ 18اور ارامی اِسرائیلِیوں کے سامنے سے بھاگے اور داؤُد نے ارامیوں کے سات سَو رتھوں کے آدمی اور چالِیس ہزار سوار قتل کر ڈالے اور اُن کی فَوج کے سردار سُوبک کو اَیسا مارا کہ وہ وہِیں مَر گیا۔ 19اور جب اُن بادشاہوں نے جو ہدد عزر کے خادِم تھے دیکھا کہ وہ اِسرائیلِیوں سے ہار گئے تو اُنہوں نے اِسرائیلِیوں سے صُلح کر لی اور اُن کی خِدمت کرنے لگے۔ غرض ارامی بنی عمُّون کی پِھر کُمک کرنے سے ڈرے۔

Currently Selected:

۲-سموئیل 10: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy