YouVersion Logo
Search Icon

۲-سلاطِین 13

13
اِسرائیل کا بادشاہ یُہوآخز
1اور شاہِ یہُوداؔہ اخزیاؔہ کے بیٹے یُوآؔس کے تیئِیسویں برس سے یاہُو کا بیٹا یہُوآؔخز سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے سترہ برس سلطنت کی۔ 2اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی اور نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں کی پَیروی کی جِن سے اُس نے بنی اِسرائیل سے گُناہ کرایا۔ اُس نے اُن سے کنارہ نہ کِیا۔ 3اور خُداوند کا غُصّہ بنی اِسرائیل پر بھڑکا اور اُس نے اُن کو بار بار شاہِ اراؔم حزاؔئیل اور حزاؔئیل کے بیٹے بِن ہدد کے قابُو میں کر دِیا۔ 4اور یہُوآؔخز خُداوند کے حضُور گِڑگِڑایا اور خُداوند نے اُس کی سُنی کیونکہ اُس نے اِسرائیلؔ کی مظلُومی کو دیکھا کہ اراؔم کا بادشاہ اُن پر کَیسا ظُلم کرتا ہے۔ 5(اور خُداوند نے بنی اِسرائیل کو ایک نجات دینے والا عِنایت کِیا۔ سو وہ ارامیوں کے ہاتھ سے نِکل گئے اور بنی اِسرائیل پہلے کی طرح اپنے ڈیروں میں رہنے لگے۔ 6تَو بھی اُنہوں نے یرُبعاؔم کے گھرانے کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے بنی اِسرائیل سے گُناہ کرایا کنارہ کشی نہ کی بلکہ اُن ہی پر چلتے رہے اور یسِیرت بھی سامرِؔیہ میں رہی)۔
7اور اُس نے یہُوآؔخز کے لِئے لوگوں میں سے صِرف پچاس سوار اور دس رتھ اور دس ہزار پِیادے چھوڑے اِس لِئے کہ اراؔم کے بادشاہ نے اُن کو تباہ کر ڈالا اور رَوند رَوند کر خاک کی مانِند کر دِیا۔
8اور یہُوآؔخز کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اور اُس کی قُوّت سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 9اور یہُوآؔخز اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اُنہوں نے اُسے سامرؔیہ میں دفن کِیا اور اُس کا بیٹا یہُوآؔس اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
اِسرائیل کا بادشاہ یُوآس
10اور شاہِ یہُوداؔہ یُوآؔس کے سَینتِیسویں برس یہُوآؔخز کا بیٹا یہُوآؔس سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے سولہ برس سلطنت کی۔ 11اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی اور نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا باز نہ آیا بلکہ اُن ہی پر چلتا رہا۔ 12اور یہُوآؔس کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اور اُس کی قُوّت جِس سے وہ شاہِ یہُوداؔہ امصِیاؔہ سے لڑا سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 13اور یہُوآؔس اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور یرُبعاؔم اُس کے تخت پر بَیٹھا اور یہُوآؔس سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کے ساتھ دفن ہُؤا۔
الیشِع کی وفات
14اور الِیشع کو وہ مرض لگا جِس سے وہ مَر گیا اور شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔس اُس کے پاس گیا اور اُس کے اُوپر رو کر کہنے لگا اَے میرے باپ! اَے میرے باپ! اِسرائیلؔ کے رتھ اور اُس کے سوار!
15اور الِیشع نے اُس سے کہا تِیر و کمان لے لے۔ سو اُس نے اپنے لِئے تِیر و کمان لے لِیا۔ 16پِھر اُس نے شاہِ اِسرائیلؔ سے کہا کمان پر اپنا ہاتھ رکھ۔ سو اُس نے اپنا ہاتھ اُس پر رکھّا اور الِیشع نے بادشاہ کے ہاتھوں پر اپنے ہاتھ رکھّے۔ 17اور کہا مشرِق کی طرف کی کِھڑکی کھول۔ سو اُس نے اُسے کھولا۔ تب الِیشع نے کہا کہ تِیر چلا۔ سو اُس نے چلایا۔ تب وہ کہنے لگا یہ فتح کا تِیر خُداوند کا یعنی اراؔم پر فتح پانے کا تِیر ہے کیونکہ تُو افِیق میں ارامیوں کو مارے گا یہاں تک کہ اُن کو نابُود کر دے گا۔
18پِھر اُس نے کہا تِیروں کو لے۔ سو اُس نے اُن کو لِیا۔ پِھر اُس نے شاہِ اِسرائیلؔ سے کہا زمِین پر مار۔ سو اُس نے تِین بار مارا اور ٹھہر گیا۔ 19تب مَردِ خُدا اُس پر غُصّہ ہُؤا اور کہنے لگا کہ تُجھے پانچ یا چھ بار مارنا چاہِئے تھا۔ تب تُو ارامیوں کو اِتنا مارتا کہ اُن کو نابُود کر دیتا پر اب تُو ارامیوں کو فقط تِین بار مارے گا۔
20اور الِیشع نے وفات پائی اور اُنہوں نے اُسے دفن کِیا
اور نئے سال کے شرُوع میں موآب کے جتھے مُلک میں گُھس آئے۔ 21اور اَیسا ہُؤا کہ جب وہ ایک آدمی کو دفن کر رہے تھے تو اُن کو ایک جتھا نظر آیا۔ سو اُنہوں نے اُس شخص کو الِیشع کی قبر میں ڈال دِیا اور وہ شخص الِیشع کی ہڈّیوں سے ٹکراتے ہی جی اُٹھا اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گیا۔
اِسرائیل اور ارام کے درمیان جنگ
22اور شاہِ اراؔم حزاؔئیل یہُوآؔخز کے عہد میں برابر اِسرائیلؔ کو ستاتا رہا۔ 23اور خُداوند اُن پر مِہربان ہُؤا اور اُس نے اُن پر ترس کھایا اور اُس عہد کے سبب سے جو اُس نے ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوب سے باندھا تھا اُن کی طرف اِلتِفات کی اور نہ چاہا کہ اُن کو ہلاک کرے اور اب بھی اُن کو اپنے حضُور سے دُور نہ کِیا۔
24اور شاہِ اراؔم حزاؔئیل مَر گیا اور اُس کا بیٹا بِن ہدد اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔ 25اور یہُوآؔخز کے بیٹے یہُوآؔس نے حزاؔئیل کے بیٹے بِن ہدد کے ہاتھ سے وہ شہر چِھین لِئے جو اُس نے اُس کے باپ یہُوآؔخز کے ہاتھ سے جنگ کر کے لے لِئے تھے۔ تِین بار یہُوآؔس نے اُسے شِکست دی اور اِسرائیلؔ کے شہروں کو واپس لے لِیا۔

Currently Selected:

۲-سلاطِین 13: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in