متی 4
4
عیسیٰ کو آزمایا جاتا ہے
1پھر روح القدس عیسیٰ کو ریگستان میں لے گیا تاکہ اُسے ابلیس سے آزمایا جائے۔ 2چالیس دن اور چالیس رات روزہ رکھنے کے بعد اُسے آخرکار بھوک لگی۔ 3پھر آزمانے والا اُس کے پاس آ کر کہنے لگا، ”اگر تُو اللہ کا فرزند ہے تو اِن پتھروں کو حکم دے کہ روٹی بن جائیں۔“
4لیکن عیسیٰ نے انکار کر کے کہا، ”ہرگز نہیں، کیونکہ کلامِ مُقدّس میں لکھا ہے کہ انسان کی زندگی صرف روٹی پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ ہر اُس بات پر جو رب کے منہ سے نکلتی ہے۔“
5اِس پر ابلیس نے اُسے مُقدّس شہر یروشلم لے جا کر بیت المُقدّس کی سب سے اونچی جگہ پر کھڑا کیا اور کہا، 6”اگر تُو اللہ کا فرزند ہے تو یہاں سے چھلانگ لگا دے۔ کیونکہ کلامِ مُقدّس میں لکھا ہے، ’وہ تیری خاطر اپنے فرشتوں کو حکم دے گا، اور وہ تجھے اپنے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے تاکہ تیرے پاؤں کو پتھر سے ٹھیس نہ لگے‘۔“
7لیکن عیسیٰ نے جواب دیا، ”کلامِ مُقدّس یہ بھی فرماتا ہے، ’رب اپنے خدا کو نہ آزمانا‘۔“
8پھر ابلیس نے اُسے ایک نہایت اونچے پہاڑ پر لے جا کر اُسے دنیا کے تمام ممالک اور اُن کی شان و شوکت دکھائی۔ 9وہ بولا، ”یہ سب کچھ مَیں تجھے دے دوں گا، شرط یہ ہے کہ تُو گر کر مجھے سجدہ کرے۔“
10لیکن عیسیٰ نے تیسری بار انکار کیا اور کہا، ”ابلیس، دفع ہو جا! کیونکہ کلامِ مُقدّس میں یوں لکھا ہے، ’رب اپنے خدا کو سجدہ کر اور صرف اُسی کی عبادت کر‘۔“
11اِس پر ابلیس اُسے چھوڑ کر چلا گیا اور فرشتے آ کر اُس کی خدمت کرنے لگے۔
گلیل میں عیسیٰ کی خدمت کا آغاز
12جب عیسیٰ کو خبر ملی کہ یحییٰ کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے تو وہ وہاں سے چلا گیا اور گلیل میں آیا۔ 13ناصرت کو چھوڑ کر وہ جھیل کے کنارے پر واقع شہر کفرنحوم میں رہنے لگا، یعنی زبولون اور نفتالی کے علاقے میں۔ 14یوں یسعیاہ نبی کی پیش گوئی پوری ہوئی،
15”زبولون کا علاقہ، نفتالی کا علاقہ،
جھیل کے ساتھ کا راستہ، دریائے یردن کے پار،
غیریہودیوں کا گلیل:
16اندھیرے میں بیٹھی قوم نے ایک تیز روشنی دیکھی،
موت کے سائے میں ڈوبے ہوئے ملک کے باشندوں پر روشنی چمکی۔“
17اُس وقت سے عیسیٰ اِس پیغام کی منادی کرنے لگا، ”توبہ کرو، کیونکہ آسمان کی بادشاہی قریب آ گئی ہے۔“
عیسیٰ چار مچھیروں کو بُلاتا ہے
18ایک دن جب عیسیٰ گلیل کی جھیل کے کنارے کنارے چل رہا تھا تو اُس نے دو بھائیوں کو دیکھا — شمعون جو پطرس بھی کہلاتا تھا اور اندریاس کو۔ وہ پانی میں جال ڈال رہے تھے، کیونکہ وہ ماہی گیر تھے۔ 19اُس نے کہا، ”آؤ، میرے پیچھے ہو لو، مَیں تم کو آدم گیر بناؤں گا۔“ 20یہ سنتے ہی وہ اپنے جالوں کو چھوڑ کر اُس کے پیچھے ہو لئے۔
21آگے جا کر عیسیٰ نے دو اَور بھائیوں کو دیکھا، یعقوب بن زبدی اور اُس کے بھائی یوحنا کو۔ وہ کشتی میں بیٹھے اپنے باپ زبدی کے ساتھ اپنے جالوں کی مرمت کر رہے تھے۔ عیسیٰ نے اُنہیں بُلایا 22تو وہ فوراً کشتی اور اپنے باپ کو چھوڑ کر اُس کے پیچھے ہو لئے۔
عیسیٰ تعلیم دیتا، منادی کرتا اور شفا دیتا ہے
23اور عیسیٰ گلیل کے پورے علاقے میں پھرتا رہا۔ جہاں بھی وہ جاتا وہ یہودی عبادت خانوں میں تعلیم دیتا، بادشاہی کی خوش خبری سناتا اور ہر قسم کی بیماری اور علالت سے شفا دیتا تھا۔ 24اُس کی خبر ملکِ شام کے کونے کونے تک پہنچ گئی، اور لوگ اپنے تمام مریضوں کو اُس کے پاس لانے لگے۔ قسم قسم کی بیماریوں تلے دبے لوگ، ایسے جو شدید درد کا شکار تھے، بدروحوں کی گرفت میں مبتلا، مرگی والے اور فالج زدہ، غرض جو بھی آیا عیسیٰ نے اُسے شفا بخشی۔ 25گلیل، دکپلس، یروشلم، یہودیہ اور دریائے یردن کے پار کے علاقے سے بڑے بڑے ہجوم اُس کے پیچھے چلتے رہے۔
Currently Selected:
متی 4: URDGVU
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND