YouVersion Logo
Search Icon

حزقی ایل 25

25
عمونیوں کا ملک اُن سے چھین لیا جائے گا
1رب مجھ سے ہم کلام ہوا، 2”اے آدم زاد، عمونیوں کے ملک کی طرف رُخ کر کے اُن کے خلاف نبوّت کر۔ 3اُنہیں بتا،
’سنو رب قادرِ مطلق کا کلام! وہ فرماتا ہے کہ اے عمون بیٹی، تُو نے خوش ہو کر قہقہہ لگایا جب میرے مقدِس کی بےحرمتی ہوئی، ملکِ اسرائیل تباہ ہوا اور یہوداہ کے باشندے جلاوطن ہوئے۔ 4اِس لئے مَیں تجھے مشرقی قبیلوں کے حوالے کروں گا جو اپنے ڈیرے تجھ میں لگا کر پوری بستیاں قائم کریں گے۔ وہ تیرا ہی پھل کھائیں گے، تیرا ہی دودھ پئیں گے۔ 5ربّہ شہر کو مَیں اونٹوں کی چراگاہ میں بدل دوں گا اور ملکِ عمون کو بھیڑبکریوں کی آرام گاہ بنا دوں گا۔ تب تم جان لو گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔
6کیونکہ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ تُو نے تالیاں بجا بجا کر اور پاؤں زمین پر مار مار کر اسرائیل کے انجام پر اپنی دلی خوشی کا اظہار کیا۔ تیری اسرائیل کے لئے حقارت صاف طور پر نظر آئی۔ 7اِس لئے مَیں اپنا ہاتھ تیرے خلاف بڑھا کر تجھے دیگر اقوام کے حوالے کر دوں گا تاکہ وہ تجھے لُوٹ لیں۔ مَیں تجھے یوں مٹا دوں گا کہ اقوام و ممالک میں تیرا نام و نشان تک نہیں رہے گا۔ تب تُو جان لے گی کہ مَیں ہی رب ہوں‘۔“
موآب کے شہر تباہ ہو جائیں گے
8”رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ موآب اور سعیر اسرائیل کا مذاق اُڑا کر کہتے ہیں، ’لو، دیکھو یہوداہ کے گھرانے کا حال! اب وہ بھی باقی قوموں کی طرح بن گیا ہے۔‘ 9اِس لئے مَیں موآب کی پہاڑی ڈھلانوں کو اُن کے شہروں سے محروم کروں گا۔ ملک کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک ایک بھی آبادی نہیں رہے گی۔ گو موآبی اپنے شہروں بیت یسیموت، بعل معون اور قِریَتائم پر خاص فخر کرتے ہیں، لیکن وہ بھی زمین بوس ہو جائیں گے۔ 10عمون کی طرح مَیں موآب کو بھی مشرقی قبیلوں کے حوالے کروں گا۔ آخرکار اقوام میں عمونیوں کی یاد تک نہیں رہے گی، 11اور موآب کو بھی مجھ سے مناسب سزا ملے گی۔ تب وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔“
اللہ ادومیوں سے انتقام لے گا
12”رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ یہوداہ سے انتقام لینے سے ادوم نے سنگین گناہ کیا ہے۔ 13اِس لئے مَیں اپنا ہاتھ ادوم کے خلاف بڑھا کر اُس کے انسان و حیوان کو مار ڈالوں گا، اور وہ تلوار سے مارے جائیں گے۔ تیمان سے لے کر ددان تک یہ ملک ویران و سنسان ہو جائے گا۔ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔ 14رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اپنی قوم کے ہاتھوں مَیں ادوم سے بدلہ لوں گا، اور اسرائیل میرے غضب اور قہر کے مطابق ہی ادوم سے نپٹ لے گا۔ تب وہ میرا انتقام جان لیں گے۔“
فلستیوں کا خاتمہ
15”رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ فلستیوں نے بڑے ظلم کے ساتھ یہوداہ سے بدلہ لیا ہے۔ اُنہوں نے اُس پر اپنی دلی حقارت اور دائمی دشمنی کا اظہار کیا اور انتقام لے کر اُسے تباہ کرنے کی کوشش کی۔ 16اِس لئے رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ مَیں اپنا ہاتھ فلستیوں کے خلاف بڑھانے کو ہوں۔ مَیں اِن کریتیوں اور ساحلی علاقے کے بچے ہوؤں کو مٹا دوں گا۔ 17مَیں اپنا غضب اُن پر نازل کر کے سختی سے اُن سے بدلہ لوں گا۔ تب وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔“

Currently Selected:

حزقی ایل 25: URDGVU

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in