اِستِثنا 6
6
سب سے بڑا حکم
1یہ وہ تمام احکام ہیں جو رب تمہارے خدا نے مجھے تمہیں سکھانے کے لئے کہا۔ اُس ملک میں اِن پر عمل کرنا جس میں تم جانے والے ہو تاکہ اُس پر قبضہ کرو۔ 2عمر بھر تُو، تیرے بچے اور پوتے نواسے رب اپنے خدا کا خوف مانیں اور اُس کے اُن تمام احکام پر چلیں جو مَیں تجھے دے رہا ہوں۔ تب تُو دیر تک جیتا رہے گا۔ 3اے اسرائیل، یہ میری باتیں سن اور بڑی احتیاط سے اِن پر عمل کر! پھر رب تیرے خدا کا وعدہ پورا ہو جائے گا کہ تُو کامیاب رہے گا اور تیری تعداد اُس ملک میں خوب بڑھتی جائے گی جس میں دودھ اور شہد کی کثرت ہے۔
4سن اے اسرائیل! رب ہمارا خدا ایک ہی رب ہے۔ 5رب اپنے خدا سے اپنے پورے دل، اپنی پوری جان اور اپنی پوری طاقت سے پیار کرنا۔ 6جو احکام مَیں تجھے آج بتا رہا ہوں اُنہیں اپنے دل پر نقش کر۔ 7اُنہیں اپنے بچوں کے ذہن نشین کرا۔ یہی باتیں ہر وقت اور ہر جگہ تیرے لبوں پر ہوں خواہ تُو گھر میں بیٹھا یا راستے پر چلتا ہو، لیٹا ہو یا کھڑا ہو۔ 8اُنہیں نشان کے طور پر اور یاددہانی کے لئے اپنے بازوؤں اور ماتھے پر لگا۔ 9اُنہیں اپنے گھروں کی چوکھٹوں اور اپنے شہروں کے دروازوں پر لکھ۔
10رب تیرے خدا کا وعدہ پورا ہو گا جو اُس نے قَسم کھا کر تیرے باپ دادا ابراہیم، اسحاق اور یعقوب کے ساتھ کیا کہ مَیں تجھے کنعان میں لے جاؤں گا۔ جو بڑے اور شاندار شہر اُس میں ہیں وہ تُو نے خود نہیں بنائے۔ 11جو مکان اُس میں ہیں وہ ایسی اچھی چیزوں سے بھرے ہوئے ہیں جو تُو نے اُن میں نہیں رکھیں۔ جو کنوئیں اُس میں ہیں اُن کو تُو نے نہیں کھودا۔ جو انگور اور زیتون کے باغ اُس میں ہیں اُنہیں تُو نے نہیں لگایا۔ یہ حقیقت یاد رکھ۔ جب تُو اُس ملک میں کثرت کا کھانا کھا کر سیر ہو جائے گا 12تو خبردار! رب کو نہ بھولنا جو تجھے مصر کی غلامی سے نکال لایا۔
13رب اپنے خدا کا خوف ماننا۔ صرف اُسی کی عبادت کرنا اور اُسی کا نام لے کر قَسم کھانا۔ 14دیگر معبودوں کی پیروی نہ کرنا۔ اِس میں تمام پڑوسی اقوام کے دیوتا بھی شامل ہیں۔ 15ورنہ رب تیرے خدا کا غضب تجھ پر نازل ہو کر تجھے ملک میں سے مٹا ڈالے گا۔ کیونکہ وہ غیور خدا ہے اور تیرے درمیان ہی رہتا ہے۔
16رب اپنے خدا کو اُس طرح نہ آزمانا جس طرح تم نے مسّہ میں کیا تھا۔ 17دھیان سے رب اپنے خدا کے احکام کے مطابق چلو، اُن تمام ہدایات اور قوانین پر جو اُس نے تجھے دیئے ہیں۔ 18جو کچھ رب کی نظر میں درست اور اچھا ہے وہ کر۔ پھر تُو کامیاب رہے گا، تُو جا کر اُس اچھے ملک پر قبضہ کرے گا جس کا وعدہ رب نے تیرے باپ دادا سے قَسم کھا کر کیا تھا۔ 19تب رب کی بات پوری ہو جائے گی کہ تُو اپنے دشمنوں کو اپنے آگے آگے نکال دے گا۔
20آنے والے دنوں میں تیرے بچے پوچھیں گے، ”رب ہمارے خدا نے آپ کو اِن تمام احکام پر عمل کرنے کو کیوں کہا؟“ 21پھر اُنہیں جواب دینا، ”ہم مصر کے بادشاہ فرعون کے غلام تھے، لیکن رب ہمیں بڑی قدرت کا اظہار کر کے مصر سے نکال لایا۔ 22ہمارے دیکھتے دیکھتے اُس نے بڑے بڑے نشان اور معجزے کئے اور مصر، فرعون اور اُس کے پورے گھرانے پر ہول ناک مصیبتیں بھیجیں۔ 23اُس وقت وہ ہمیں وہاں سے نکال لایا تاکہ ہمیں لے کر وہ ملک دے جس کا وعدہ اُس نے قَسم کھا کر ہمارے باپ دادا کے ساتھ کیا تھا۔ 24رب ہمارے خدا ہی نے ہمیں کہا کہ اِن تمام احکام کے مطابق چلو اور رب اپنے خدا کا خوف مانو۔ کیونکہ اگر ہم ایسا کریں تو پھر ہم ہمیشہ کامیاب اور زندہ رہیں گے۔ اور آج تک ایسا ہی رہا ہے۔ 25اگر ہم رب اپنے خدا کے حضور رہ کر احتیاط سے اُن تمام باتوں پر عمل کریں گے جو اُس نے ہمیں کرنے کو کہی ہیں تو وہ ہمیں راست باز قرار دے گا۔“
Currently Selected:
اِستِثنا 6: URDGVU
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND