اِستِثنا 33
33
موسیٰ قبیلوں کو برکت دیتا ہے
1مرنے سے پیشتر مردِ خدا موسیٰ نے اسرائیلیوں کو برکت دے کر 2کہا،
”رب سینا سے آیا، سعیر#33:2 سعیر: ادوم۔ سے اُس کا نور اُن پر طلوع ہوا۔ وہ کوہِ فاران سے روشنی پھیلا کر رِببوت قادس سے آیا، وہ اپنے جنوبی علاقے سے روانہ ہو کر اُن کی خاطر پہاڑی ڈھلانوں کے پاس آیا۔
3یقیناً وہ قوموں سے محبت کرتا ہے، تمام مُقدّسین تیرے ہاتھ میں ہیں۔ وہ تیرے پاؤں کے سامنے جھک کر تجھ سے ہدایت پاتے ہیں۔
4موسیٰ نے ہمیں شریعت دی یعنی وہ چیز جو یعقوب کی جماعت کی موروثی ملکیت ہے۔
5اسرائیل کے راہنما اپنے قبیلوں سمیت جمع ہوئے تو رب یسورون#33:5 یسورون: اسرائیل۔ کا بادشاہ بن گیا۔
6روبن کی برکت:
روبن مر نہ جائے بلکہ جیتا رہے۔ وہ تعداد میں بڑھ جائے۔
7یہوداہ کی برکت:
اے رب، یہوداہ کی پکار سن کر اُسے دوبارہ اُس کی قوم میں شامل کر۔ اُس کے ہاتھ اُس کے لئے لڑیں۔ مخالفوں کا سامنا کرتے وقت اُس کی مدد کر۔
8لاوی کی برکت:
تیری مرضی معلوم کرنے کے قرعے بنام اُوریم اور تُمیم تیرے وفادار خادم لاوی کے پاس ہوتے ہیں۔ تُو نے اُسے مسّہ میں آزمایا اور مریبہ میں اُس سے لڑا۔ 9اُس نے تیرا کلام سنبھال کر تیرا عہد قائم رکھا، یہاں تک کہ اُس نے نہ اپنے ماں باپ کا، نہ اپنے سگے بھائیوں یا بچوں کا لحاظ کیا۔
10وہ یعقوب کو تیری ہدایات اور اسرائیل کو تیری شریعت سکھا کر تیرے سامنے بخور اور تیری قربان گاہ پر بھسم ہونے والی قربانیاں چڑھاتا ہے۔
11اے رب، اُس کی طاقت کو بڑھا کر اُس کے ہاتھوں کا کام پسند کر۔ اُس کے مخالفوں کی کمر توڑ اور اُس سے نفرت رکھنے والوں کو ایسا مار کہ آئندہ کبھی نہ اُٹھیں۔
12بن یمین کی برکت:
بن یمین رب کو پیارا ہے۔ وہ سلامتی سے اُس کے پاس رہتا ہے، کیونکہ رب دن رات اُسے پناہ دیتا ہے۔ بن یمین اُس کی پہاڑی ڈھلانوں کے درمیان محفوظ رہتا ہے۔
13یوسف کی برکت:
رب اُس کی زمین کو برکت دے۔ آسمان سے قیمتی اوس ٹپکے اور زمین کے نیچے سے چشمے پھوٹ نکلیں۔
14یوسف کو سورج کی بہترین پیداوار اور ہر مہینے کا لذیذترین پھل حاصل ہو۔
15اُسے قدیم پہاڑوں اور ابدی وادیوں کی بہترین چیزوں سے نوازا جائے۔
16زمین کے تمام ذخیرے اُس کے لئے کھل جائیں۔ وہ اُس کو پسند ہو جو جلتی ہوئی جھاڑی میں سکونت کرتا تھا۔ یہ تمام برکتیں یوسف کے سر پر ٹھہریں، اُس کے سر پر جو اپنے بھائیوں میں شہزادہ ہے۔
17یوسف سانڈ کے پہلوٹھے جیسا عظیم ہے، اور اُس کے سینگ جنگلی بَیل کے سینگ ہیں جن سے وہ دنیا کی انتہا تک سب قوموں کو مارے گا۔ افرائیم کے بےشمار افراد ایسے ہی ہیں، منسّی کے ہزاروں افراد ایسے ہی ہیں۔
18زبولون اور اِشکار کی برکت:
اے زبولون، گھر سے نکلتے وقت خوشی منا۔ اے اِشکار، اپنے خیموں میں رہتے ہوئے خوش ہو۔
19وہ دیگر قوموں کو اپنے پہاڑ پر آنے کی دعوت دیں گے اور وہاں راستی کی قربانیاں پیش کریں گے۔ وہ سمندر کی کثرت اور سمندر کی ریت میں چھپے ہوئے خزانوں کو جذب کر لیں گے۔
20جد کی برکت:
مبارک ہے وہ جو جد کا علاقہ وسیع کر دے۔ جد شیرببر کی طرح دبک کر کسی کا بازو یا سر پھاڑ ڈالنے کے لئے تیار رہتا ہے۔
21اُس نے اپنے لئے سب سے اچھی زمین چن لی، راہنما کا حصہ اُسی کے لئے محفوظ رکھا گیا۔ جب قوم کے راہنما جمع ہوئے تو اُس نے رب کی راست مرضی پوری کی اور اسرائیل کے بارے میں اُس کے فیصلے عمل میں لایا۔
22دان کی برکت:
دان شیرببر کا بچہ ہے جو بسن سے نکل کر چھلانگ لگاتا ہے۔
23نفتالی کی برکت:
نفتالی رب کی منظوری سے سیر ہے، اُسے اُس کی پوری برکت حاصل ہے۔ وہ گلیل کی جھیل اور اُس کے جنوب کا علاقہ میراث میں پائے گا۔
24آشر کی برکت:
آشر بیٹوں میں سب سے مبارک ہے۔ وہ اپنے بھائیوں کو پسند ہو۔ اُس کے پاس زیتون کا اِتنا تیل ہو کہ وہ اپنے پاؤں اُس میں ڈبو سکے۔
25تیرے شہروں کے دروازوں کے کنڈے لوہے اور پیتل کے ہوں، تیری طاقت عمر بھر قائم رہے۔
26یسورون#33:26 یسورون: اسرائیل۔ کے خدا کی مانند کوئی نہیں ہے، جو آسمان پر سوار ہو کر، ہاں اپنے جلال میں بادلوں پر بیٹھ کر تیری مدد کرنے کے لئے آتا ہے۔
27ازلی خدا تیری پناہ گاہ ہے، وہ اپنے ازلی بازو تیرے نیچے پھیلائے رکھتا ہے۔ وہ دشمن کو تیرے سامنے سے بھگا کر اُسے ہلاک کرنے کو کہتا ہے۔
28چنانچہ اسرائیل سلامتی سے زندگی گزارے گا، یعقوب کا چشمہ الگ اور محفوظ رہے گا۔ اُس کی زمین اناج اور انگور کی کثرت پیدا کرے گی، اور اُس کے اوپر آسمان زمین پر اوس پڑنے دے گا۔
29اے اسرائیل، تُو کتنا مبارک ہے۔ کون تیری مانند ہے، جسے رب نے بچایا ہے۔ وہ تیری مدد کی ڈھال اور تیری شان کی تلوار ہے۔ تیرے دشمن شکست کھا کر تیری خوشامد کریں گے، اور تُو اُن کی کمریں پاؤں تلے کچلے گا۔“
Currently Selected:
اِستِثنا 33: URDGVU
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND