یُوحنّا 2
2
حُضُور عیسیٰ کا پانی کو انگوری شِیرے میں تبدیل کرنا
1تیسرے دِن قانائے گلِیل میں ایک شادی تھی۔ حُضُور عیسیٰ کی ماں بھی وہاں مَوجُود تھیں۔ 2حُضُور عیسیٰ اَور اُن کے شاگرد بھی شادی میں بُلائے گیٔے تھے۔ 3جَب انگوری شِیرہ ختم ہو گیا، تو حُضُور عیسیٰ کی ماں نے اُن سے کہا، ”اِن لوگوں کے پاس اَب اَور انگوری شِیرہ نہیں رہا۔“
4حُضُور عیسیٰ نے اَپنی ماں سے فرمایا، ”اَے خاتُون#2:4 خاتُون یُونانی میں لفظ عورت کسی بھی حقارت کی نِشان دہی نہیں کرتا ہے۔، اِس سے آپ کا اَور میرا کیا واسطہ ہے؟ ابھی میرا وقت نہیں آیا ہے۔“
5حُضُور عیسیٰ کی ماں نے خادِموں سے فرمایا، ”جو کُچھ عیسیٰ تُم سے فرمائیں وُہی کرنا۔“
6نَزدیک ہی چھ پتّھر کے مٹکے رکھے ہویٔے تھے، جو یہُودیوں کی رسمِ طہارت کے لیٔے اِستعمال میں آتے تھے، اُن مٹکوں میں 75 سے 115 لیٹر پانی کی گنجائِش تھی۔
7حُضُور عیسیٰ نے خادِموں سے فرمایا، ”مٹکوں میں پانی بھر دو؛“ اِس لیٔے اُنہُوں نے مٹکوں کو لبالب بھر دیا۔
8اُس کے بعد حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”اَب کُچھ نِکال کر اَمیر مَجلِس کے پاس لے جاؤ۔“
اُنہُوں نے اَیسا ہی کیا۔ 9جَب اَمیر مَجلِس نے وہ پانی چکھا جو انگوری شِیرے میں تبدیل ہو گیا تھا۔ اُسے پتا نہ تھا کہ وہ انگوری شِیرہ کہاں سے آیا ہے، لیکن اُن خادِموں کو مَعلُوم تھا جو اُسے نکال کر لایٔے تھے۔ چنانچہ اَمیر مَجلِس نے دُلہا کو بُلایا 10اَور اُس سے کہا، ”ہر شخص شروع میں اَچھّا انگوری شِیرہ پیش کرتا ہے اَور بعد میں جَب مہمان سیر ہو جاتے#2:10 سیر ہو جاتے کا معنی ہے چھک جانا یا بھرپیٹ ہیں تو گھٹیا قِسم کا انگوری شِیرہ پیش کرتا ہے مگر تُونے اَچھّا انگوری شِیرہ اَب تک رکھ چھوڑا ہے۔“
11یہ حُضُور عیسیٰ کا پہلا معجزہ تھا جو آپ نے قانائے گلِیل میں دکھایا اَور اَپنا جلال ظاہر کیا؛ اَور آپ کے شاگرد آپ پر ایمان لایٔے۔
12اُس کے بعد حُضُور عیسیٰ، اَپنی ماں، بھائیوں اَور شاگردوں کے ساتھ کَفرنحُومؔ کو چلے گیٔے اَور وہاں کُچھ دِن تک قِیام کیا۔
بیت المُقدّس کے آنگن کا صَاف کیاجانا
13جَب یہُودیوں کی عیدِفسح#2:13 عیدِفسح یہُودیوں کی سَب سے بڑی عید، اِس پر برّہ ذبح کیا جاتا تھا یہ عید یہُودی لوگ مُلک مِصر کی غُلامی سے آزادی کی خُوشی میں منایا کرتے ہیں۔ نَزدیک آئی تو حُضُور عیسیٰ یروشلیمؔ روانہ ہویٔے۔ 14آپ نے وہاں بیت المُقدّس کے صحنوں میں لوگوں کو بَیل، بھیڑ اَور کبُوتر فروشوں کو اَور پیسے تبدیل کرنے والے صرّافوں کو بھی تختوں پر بَیٹھے ہویٔے پایا۔ 15اِس لیٔے حُضُور عیسیٰ نے رسّیوں کا کوڑا بنا کر اُن سَب کو بھیڑوں اَور بَیلوں سمیت، پیسے تبدیل کرنے والے صرّافوں کے سکّے بکھیر دیئے اَور اُن کے تختے اُلٹ کر اُنہیں بیت المُقدّس سے باہر نکال دیا۔ 16اَور کبُوتر فروشوں سے فرمایا، ”اِنہیں یہاں سے لے جاؤ، میرے باپ کے گھر کو تِجارت کا گھر مت بناؤ۔“ 17حُضُور کے شاگردوں کو یاد آیا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”تیرے گھر کی غیرت مُجھے کھائے جاتی ہے۔“#2:17 زبُور 69:9
18تَب یہُودی رہنماؤں نے آپ سے کہا، ”کیاتُم کویٔی معجزہ دِکھا کر ثابت کرسکتے ہو کہ تُمہیں یہ سَب کرنے کا حق ہے؟“
19حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں جَواب دیا، ”اِس بیت المُقدّس کو گِرا دو، تو میں اِسے تین دِن میں پھر کھڑا کردُوں گا۔“
20یہُودیوں نے جَواب دیا، ”اِس بیت المُقدّس کی تعمیر میں چھیالیس سال لگے ہیں، اَور کیاتُم تین دِن میں اِسے دوبارہ بنا دوگے؟“ 21لیکن حُضُور عیسیٰ نے جِس بیت المُقدّس کی بات کی تھی وہ اُن کا اَپنا جِسم تھا۔ 22چنانچہ جَب وہ مُردوں میں سے جی اُٹھے تَب آپ کے شاگردوں کو یاد آیا کہ حُضُور نے یہ بات کہی تھی۔ تَب اُنہُوں نے کِتاب مُقدّس پر اَور حُضُور عیسیٰ کے کہے ہویٔے الفاظ پر یقین کیا۔
23جَب حُضُور عیسیٰ عیدِفسح پر یروشلیمؔ میں تھے تو بہت سے لوگ آپ کے معجزے دیکھ کر آپ کے نام پر#2:23 آپ کے نام پر یعنی حُضُور عیسیٰ پر ایمان لے آئے۔ 24مگر حُضُور عیسیٰ کو اُن پر اعتبار نہ تھا، اِس لیٔے کہ آپ سَب اِنسانوں کا حال جانتے تھے۔ 25حُضُور کو یہ ضروُرت نہ تھی کہ کویٔی آدمی آپ کو کسی دُوسرے آدمی کے بارے میں گواہی دے کیونکہ حُضُور عیسیٰ ہر ایک اِنسان کے دل کا حال جانتے تھے۔
المحددات الحالية:
یُوحنّا 2: UCV
تمييز النص
شارك
نسخ
هل تريد حفظ أبرز أعمالك على جميع أجهزتك؟ قم بالتسجيل أو تسجيل الدخول
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.