پیدائش 13
13
اَبرامؔ اَور لَوطؔ کا جُدا ہونا
1چنانچہ اَبرامؔ اَپنی بیوی اَور اَپنے سارے مال و اَسباب سمیت مِصر سے کنعانؔ کے نِیگیوؔ کی طرف روانہ ہویٔے، اَور لَوطؔ اَبرامؔ کے ساتھ گئے۔ 2اَبرامؔ مویشی اَور سونا چاندی پا کر بہت مالدار ہو گئے تھے۔
3پھر اَبرامؔ کنعانؔ کے نِیگیوؔ سے سفر کرتے ہویٔے بیت ایل میں اُس مقام پر پہُنچے، جہاں پہلے بیت ایل اَور عَیؔ کے درمیان اَبرامؔ کا خیمہ تھا۔ 4اَور جہاں اُنہُوں نے پہلے مذبح بنایا تھا۔ وہاں اَبرامؔ نے یَاہوِہ سے دعا کی۔
5اَور لَوطؔ کے پاس بھی، جو اَبرامؔ کا ہم سفر تھے بھیڑ بکریاں، گائے بَیل اَور خیمے لگائے۔ 6لیکن زمین کی کمی کے باعث اُن دونوں کا اُس مُلک میں اِکٹھّے رہنا مُشکل تھا کیونکہ اُن کا مال و اَسباب اِس قدر زِیادہ تھا کہ وہ اِکٹھّے نہیں رہ سکتے تھے۔ 7اَور اَبرامؔ کے اَور لَوطؔ کے چرواہوں میں جھگڑا ہُوا کرتا تھا۔ اُن دِنوں کنعانی اَور پَرزّی بھی اُس مُلک میں رہتے تھے۔
8چنانچہ اَبرامؔ نے لَوطؔ سے فرمایا، ”تمہارے اَور میرے درمیان اَور تمہارے چرواہوں اَور میرے چرواہوں کے درمیان جھگڑا نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ہم رشتہ دار ہیں۔ 9کیا یہ سارا مُلک تمہارے سامنے نہیں؟ سو تُم مُجھ سے الگ ہو جاؤ اگر تُم بائیں طرف جاؤگے تو مَیں داہنی طرف چلا جاؤں گا۔ اَور اگر تُم داہنی طرف جاؤگے تو مَیں بائیں طرف چلا جاؤں گا۔“
10تَب لَوطؔ نے آنکھ اُٹھاکر یردنؔ ندی کے پاس کی ساری ترائی پر اَور اُس کے اطراف ضُعَرؔ تک نظر دَوڑائی کیونکہ وہ (اِس سے پیشتر کہ یَاہوِہ نے سدُومؔ اَور عمورہؔ کو تباہ کیا) یَاہوِہ کے باغ اَور مِصر کے مُلک کی مانند خُوب سیراب تھی۔ 11سو لَوطؔ نے یردنؔ کی ساری ترائی کو اَپنے لیٔے چُن لیا اَور وہ مشرق کی طرف چلےگئے اَور وہ ایک دُوسرے سے جُدا ہو گئے۔ 12اَبرامؔ تو مُلکِ کنعانؔ میں جا بسے، جَب کہ لَوطؔ نے ترائی کے شہروں میں سکونت اِختیار کی اَور سدُومؔ تک اَپنے خیمے کھڑے کئے۔ 13سدُومؔ کے لوگ بدکار تھے اَور یَاہوِہ کے خِلاف سنگین گُناہ کیا کرتے تھے۔
14لَوطؔ کے جُدا ہو جانے کے بعد یَاہوِہ نے اَبرامؔ سے فرمایا، ”جِس جگہ تُم کھڑے ہو وہاں سے اَپنی نگاہ اُٹھاکر شمال و جُنوب اَور مشرق و مغرب کی طرف نظر کرو۔ 15یہ سارا مُلک جو تُم دیکھ رہے ہو، اُسے میں تُمہیں اَور تمہاری نَسل کو ہمیشہ کے لیٔے دُوں گا۔ 16مَیں تمہاری نَسل کو خاک کے ذرّوں کی مانند بناؤں گا۔ اگر کویٔی شخص خاک کے ذرّوں کو گِن سکے تو تمہاری نَسل کو بھی گِنا جا سکےگا۔ 17جاؤ، اَور اُس مُلک کے طُول و عرض میں گھُومو، پھرو کیونکہ مَیں اُسے تُمہیں دینے جا رہا ہُوں۔“
18چنانچہ اَبرامؔ نے اَپنے خیمے اُٹھائے اَور حِبرونؔ میں ممرےؔ کے شاہ بلُوط کے درختوں کے پاس جا کر رہنے لگے جہاں اَبرامؔ نے یَاہوِہ کے لیٔے ایک مذبح بنایا۔
Currently Selected:
پیدائش 13: UCV
ማድመቅ
Share
Copy
ያደመቋቸው ምንባቦች በሁሉም መሣሪያዎችዎ ላይ እንዲቀመጡ ይፈልጋሉ? ይመዝገቡ ወይም ይግቡ
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.