YouVersion Logo
تلاش

طِطُس 1:1-9

طِطُس 1:1-9 کِتابِ مُقادّس (URD)

پَولُس کی طرف سے جو خُدا کا بندہ اور یِسُوعؔ مسِیح کا رسُول ہے۔ خُدا کے برگُزِیدوں کے اِیمان اور اُس حق کی پہچان کے مُطابِق جو دِین داری کے مُوافِق ہے۔ اُس ہمیشہ کی زِندگی کی اُمّید پر جِس کا وعدہ ازل سے خُدا نے کِیا ہے جو جُھوٹ نہیں بول سکتا۔ اور اُس نے مُناسِب وقتوں پر اپنے کلام کو اُس پَیغام میں ظاہِر کِیا جو ہمارے مُنّجی خُدا کے حُکم کے مُطابِق میرے سپُرد ہُؤا۔ اِیمان کی شِرکت کے رُو سے سچّے فرزند طِطُس کے نام۔ فضل اور اِطمِینان خُدا باپ اور ہمارے مُنّجی مسِیح یِسُوعؔ کی طرف سے تُجھے حاصِل ہوتا رہے۔ مَیں نے تُجھے کریتے میں اِس لِئے چھوڑا تھا کہ تُو باقی ماندہ باتوں کو درُست کرے اور میرے حُکم کے مُطابِق شہر بہ شہر اَیسے بزُرگوں کو مُقرّر کرے۔ جو بے اِلزام اور ایک ایک بِیوی کے شَوہر ہوں اور اُن کے بچّے اِیمان دار اور بدچلنی اور سرکشی کے اِلزام سے پاک ہوں۔ کیونکہ نِگہبان کو خُدا کا مُختار ہونے کی وجہ سے بے اِلزام ہونا چاہئے نہ خُودرای ہو۔ نہ غُصّہ ور۔ نہ نشہ میں غُل مچانے والا۔ نہ مار پِیٹ کرنے والا اور نہ ناجائِز نفع کا لالچی۔ بلکہ مُسافِر پرور۔ خَیر دوست۔ مُتّقی۔ مُنصِف مِزاج۔ پاک اور ضبط کرنے والا ہو۔ اور اِیمان کے کلام پر جو اِس تعلِیم کے مُوافِق ہے قائِم ہو تاکہ صحِیح تعلِیم کے ساتھ نصِیحت بھی کر سکے اور مُخالِفوں کو قائِل بھی کر سکے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں طِطُس 1

طِطُس 1:1-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پَولُسؔ کی جانِب سے جو خُدا کا خادِم اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کا رسول ہے۔ خُدا نے مُجھے اَپنے برگُزیدہ لوگوں کے ایمان اَور حق کے عِرفان میں ترقّی کی خاطِر مُنتخب کیا تاکہ وہ دِینداری کی طرف رُجُوع کریں۔ جو اَبدی زندگی کی اُمّید پر قائِم ہے جِس کا وعدہ خُود خُدا نے شروع زمانہ سے پیشتر ہی کر دیا تھا، جو کبھی جھُوٹ نہیں بولتا۔ اَور جسے اَب خُدا نے اَپنے مُقرّر وقت پر اَپنے کلام کو میرے اُس مُنادی کے ذریعہ ظاہر کیا جو ہمارے مُنجّی خُدا کے حُکم سے میرے سُپرد کیا گیا۔ طِطُسؔ کے نام خط جو ایمان کی شرکت کے لِحاظ سے میرا حقیقی بیٹا ہے: خُدا باپ اَور ہمارے مُنجّی خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ میں نے تُجھے جَزِیرہ کریتےؔ میں اِس لیٔے چھوڑا تھا کہ جو کام وہاں اَدھُورا رہ گیا تھا، تُو اُسے پُورا کر سکے اَور میرے حُکم کے مُطابق ہر شہر کی جماعت میں بُزرگوں کو مُقرّر کرے۔ ہر پاسبان بے اِلزام اَور ایک ہی بیوی کا شوہر ہو، اُس کے بچّے ایمان والے ہوں اَور بدچلنی اَور نافرمانی کے اِلزام سے پاک ہو۔ کیونکہ نگہبان کو خُدا کے گھر کا مُختار ہونے کی وجہ سے ضروُر بے اِلزام ہونا چاہئے۔ نہ تو وہ سخت دل، گَرم مِزاج، شرابی جھگڑالو، یا ناجائز نفع کا لالچی ہو۔ بَلکہ وہ مہمان نواز، خَیر دوست، اَپنے نفس پر قابُو رکھنے والا، راستباز، پاک اَور نظم و ضَبط والا ہو۔ اَور ایمان کے کلام پرجو اِس تعلیم کے مُوافق ہے، قائِم رہنے والا ہو تاکہ وہ صحیح تعلیم سے دُوسروں کو نصیحت دے سکے اَور مُخالفوں کو بھی قائل کر سکے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں طِطُس 1

طِطُس 1:1-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ خط پولس کی طرف سے ہے جو اللہ کا خادم اور عیسیٰ مسیح کا رسول ہے۔ مجھے چن کر بھیجا گیا تاکہ مَیں ایمان لانے اور خدا ترس زندگی کی سچائی جان لینے میں اللہ کے چنے ہوئے لوگوں کی مدد کروں۔ کیونکہ اِس سے اُنہیں ابدی زندگی کی اُمید دلائی جاتی ہے، ایسی زندگی کی جس کا وعدہ اللہ نے دنیا کے زمانوں سے پیشتر ہی کیا تھا۔ اور وہ جھوٹ نہیں بولتا۔ اپنے مقررہ وقت پر اللہ نے اپنے کلام کا اعلان کر کے اُسے ظاہر کر دیا۔ یہی اعلان میرے سپرد کیا گیا ہے اور مَیں اِسے ہمارے نجات دہندہ اللہ کے حکم کے مطابق سناتا ہوں۔ مَیں طِطُس کو لکھ رہا ہوں جو ہمارے مشترکہ ایمان کے مطابق میرا حقیقی بیٹا ہے۔ خدا باپ اور ہمارا نجات دہندہ مسیح عیسیٰ آپ کو فضل اور سلامتی عطا کریں۔ مَیں نے آپ کو کریتے میں اِس لئے چھوڑا تھا کہ آپ وہ کمیاں درست کریں جو اب تک رہ گئی تھیں۔ یہ بھی ایک مقصد تھا کہ آپ ہر شہر کی جماعت میں بزرگ مقرر کریں، جس طرح مَیں نے آپ کو کہا تھا۔ بزرگ بےالزام ہو۔ اُس کی صرف ایک بیوی ہو۔ اُس کے بچے ایمان دار ہوں اور لوگ اُن پر عیاش یا سرکش ہونے کا الزام نہ لگا سکیں۔ نگران کو تو اللہ کا گھرانا سنبھالنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، اِس لئے لازم ہے کہ وہ بےالزام ہو۔ وہ خودسر، غصیلا، شرابی، لڑاکا یا لالچی نہ ہو۔ اِس کے بجائے وہ مہمان نواز ہو اور سب اچھی چیزوں سے پیار کرنے والا ہو۔ وہ سمجھ دار، راست باز اور مُقدّس ہو۔ وہ اپنے آپ پر قابو رکھ سکے۔ وہ اُس کلام کے ساتھ لپٹا رہے جو قابلِ اعتماد اور ہماری تعلیم کے مطابق ہے۔ کیونکہ اِس طرح ہی وہ صحت بخش تعلیم دے کر دوسروں کی حوصلہ افزائی کر سکے گا اور مخالفت کرنے والوں کو سمجھا بھی سکے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں طِطُس 1