غزلُ الغزلات 8:4-14
غزلُ الغزلات 8:4-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے میری دُلہن، لبانونؔ کی پہاڑی سے میرے ساتھ چلی آؤ؛ لبانونؔ سے میرے ساتھ چلی آؤ۔ ہم کوہِ امانہؔ کی چوٹی سے، کوہِ سنیرؔ اَور کوہِ حرمُونؔ کی چوٹیوں سے نیچے اُتریں، شیروں کی ماندوں اَور چیتوں کے پہاڑوں سے اُتریں۔ اَے میری بہن، اَے میری دُلہن، تُم نے میرا دِل چُرا لیا ہے؛ اَپنی ایک ہی نظر سے تُم نے میرا دِل چُرا لیا، اَپنے گلے کے ہار کے ایک ہی موتی سے، تُم نے میرا دِل چُرا لیا۔ اَے میری بہن، اَے میری دُلہن، تمہارا عشق کتنا پُرکیف ہے! تمہارا عشق مَے سے بھی زِیادہ لطیف ہے، اَور تمہارے عِطر کی مہک ہر طرح کے مَسالوں کی خُوشبو سے بہتر ہے! اَے میری دُلہن، شہد کے چھتّہ کی مانند تمہارے لبوں سے شہد ٹپکتا ہے؛ دُودھ اَور شہد تمہاری زبان تلے رہتے ہیں، اَور تمہاری پوشاک کی خُوشبو لبانونؔ کی خُوشبو کی مانند ہے۔ اَے میری بہن، اَے میری دُلہن، تُم ایک مُقفّل باغیچہ ہو؛ تُم ایک محفوظ سوتا اَور ایک سَر بمُہر چشمہ ہو۔ تُم تو اناروں کے پَودے کا ایک باغیچہ ہو، جِس میں نفیس پھل، حِنا اَور جٹاماسی بھی ہیں، جٹاماسی اَور زعفران، بید مُشک اَور دارچینی، اَور ہر قِسم کے لوبان کے درخت، مُر اَور عُود اَور اعلیٰ قِسم کے خُوشبودار مَسالے پھلتے ہیں۔
غزلُ الغزلات 8:4-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
آ میری دُلھن، لبنان سے میرے ساتھ آ! ہم کوہِ امانہ کی چوٹی سے، سنیر اور حرمون کی چوٹیوں سے اُتریں، شیروں کی ماندوں اور چیتوں کے پہاڑوں سے اُتریں۔ میری بہن، میری دُلھن، تُو نے میرا دل چُرا لیا ہے، اپنی آنکھوں کی ایک ہی نظر سے، اپنے گلوبند کے ایک ہی جوہر سے تُو نے میرا دل چُرا لیا ہے۔ میری بہن، میری دُلھن، تیری محبت کتنی من موہن ہے! تیرا پیار مَے سے کہیں زیادہ پسندیدہ ہے۔ بلسان کی کوئی بھی خوشبو تیری مہک کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ میری دُلھن، جس طرح شہد چھتے سے ٹپکتا ہے اُسی طرح تیرے ہونٹوں سے مٹھاس ٹپکتی ہے۔ دودھ اور شہد تیری زبان تلے رہتے ہیں۔ تیرے کپڑوں کی خوشبو سونگھ کر لبنان کی خوشبو یاد آتی ہے۔ میری بہن، میری دُلھن، تُو ایک باغ ہے جس کی چاردیواری کسی اَور کو اندر آنے نہیں دیتی، ایک بند کیا گیا چشمہ جس پر مُہر لگی ہے۔ باغ میں انار کے درخت لگے ہیں جن پر لذیذ پھل پک رہا ہے۔ مہندی کے پودے بھی اُگ رہے ہیں۔ بال چھڑ، زعفران، خوشبودار بید، دارچینی، بخور کی ہر قسم کا درخت، مُر، عود اور ہر قسم کا بلسان باغ میں پھلتا پھولتا ہے۔
غزلُ الغزلات 8:4-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
لُبناؔن سے میرے ساتھ اَے دُلہن! تُو لُبناؔن سے میرے ساتھ چلی آ۔ اَمانہ کی چوٹی پر سے۔ سنِیر اور حرمُوؔن کی چوٹی پر سے۔ شیروں کی ماندوں سے اور چِیتوں کے پہاڑوں پر سے نظر دَوڑا۔ اَے میری پِیاری! میری زَوجہ! تُو نے میرا دِل لُوٹ لِیا۔ اپنی ایک نظر سے۔ اپنی گردن کے ایک طَوق سے تُو نے میرا دِل غارت کر لِیا۔ اَے میری پیاری! میری زَوجہ! تیرا عِشق کیا خُوب ہے! تیری مُحبّت مَے سے زِیادہ لذِیذ ہے اور تیرے عِطروں کی مہک ہر طرح کی خُوشبُو سے بڑھ کر ہے۔ اَے میری زَوجہ! تیرے ہونٹوں سے شہد ٹپکتا ہے۔ شہد و شِیر تیری زُبان تلے ہیں۔ تیری پوشاک کی خُوشبُو لُبناؔن کی سی ہے۔ میری پِیاری۔ میری زَوجہ ایک مُقفّل باغچہ ہے۔ وہ محفُوظ سوتا اور سر بمُہر چشمہ ہے۔ تیرے باغ کے پَودے لذِیذ میوہ دار انار ہیں۔ مہندی اور سُنبُل بھی ہیں۔ جٹاماسی اور زعفران۔ بیدمُشک اور دارچِینی اور لُبان کے تمام درخت۔ مُر اور عُود اور ہر طرح کی خاص خُوشبُو۔