روت 1:1-5
روت 1:1-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اُن دنوں جب قاضی قوم کی راہنمائی کیا کرتے تھے تو اسرائیل میں کال پڑا۔ یہوداہ کے شہر بیت لحم میں ایک اِفراتی آدمی رہتا تھا جس کا نام اِلی مَلِک تھا۔ کال کی وجہ سے وہ اپنی بیوی نعومی اور اپنے دو بیٹوں محلون اور کلیون کو لے کر ملکِ موآب میں جا بسا۔ لیکن کچھ دیر کے بعد اِلی مَلِک فوت ہو گیا، اور نعومی اپنے دو بیٹوں کے ساتھ اکیلی رہ گئی۔ محلون اور کلیون نے موآب کی دو عورتوں سے شادی کر لی۔ ایک کا نام عُرفہ تھا اور دوسری کا روت۔ لیکن تقریباً دس سال کے بعد دونوں بیٹے بھی جاں بحق ہو گئے۔ اب نعومی کا نہ شوہر اور نہ بیٹے ہی رہے تھے۔
روت 1:1-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور اُن ہی ایّام میں جب قاضی اِنصاف کِیا کرتے تھے اَیسا ہُؤا کہ اُس سرزمِین میں کال پڑا اور یہُوداؔہ کے بَیت لحم کا ایک مَرد اپنی بِیوی اور دو بیٹوں کو لے کر چلا کہ موآؔب کے مُلک میں جا کر بسے۔ اُس مَرد کا نام الِیملک اور اُس کی بِیوی کا نام نعومی تھا اور اُس کے دونوں بیٹوں کے نام محلون اور کلِیوؔن تھے۔ یہ یہُوداؔہ کے بَیت لحم کے افراتی تھے۔ سو وہ موآؔب کے مُلک میں آ کر رہنے لگے۔ اور نعومی کا شَوہر الِیملک مَر گیا۔ پس وہ اور اُس کے دونوں بیٹے باقی رہ گئے۔ اُن دونوں نے ایک ایک موآبی عَورت بیاہ لی۔ اِن میں سے ایک کا نام عُرفہ اور دُوسری کا رُوت تھا اور وہ دس برس کے قرِیب وہاں رہے۔ اور محلوؔن اور کلِیوؔن دونوں مَر گئے۔ سو وہ عَورت اپنے دونوں بیٹوں اور خاوند سے چُھوٹ گئی۔