YouVersion Logo
تلاش

رومیوں 5:15-13

رومیوں 5:15-13 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَب صبر اَور تسلّی دینے والا خُدا تُمہیں خُداوند المسیؔح عیسیٰ کے مِعیار کے مُطابق آپَس میں یکدل ہوکر رہنے کی تَوفیق بَخشے، تاکہ تُم سَب مِل کر اَور ایک زبان ہوکر ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے باپ یعنی خُدا کی تمجید کرتے رہو۔ جِس طرح المسیؔح نے خُدا کے جلال کے لیٔے تُمہیں قبُول کر لیا ہے، اِسی طرح تُم بھی ایک دُوسرے کو قبُول کرو۔ میرا کہنا یہ ہے کہ المسیؔح مختون یہُودیوں کا خادِم بنے تاکہ جو وعدے خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد سے کیٔے تھے اُنہیں پُورا کرکے خُدا کو سچّا ثابت کریں۔ اَور غَیریہُودی بھی اُن کی رحمت کی وجہ خُدا کی تمجید کریں جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”اِس لیٔے میں غَیریہُودیوں میں تیری حَمد کروں گا؛ اَور تیرے نام کے نغمہ گاؤں گا۔“ اَور پھر یہ کہا گیا ہے کہ ”اَے غَیریہُودیوں! اُس خُدا کی اُمّت کے ساتھ خُوشی مناؤ۔“ اَور یہ بھی، ”اَے تمام غَیریہُودیوں! خُداوؔند کی حَمد کرو، اَور اَے سَب اُمّتوں! اُن کی سِتائش کرو۔“ اَور یسعیاؔہ نبی بھی فرماتے ہیں، ”یسّیؔ کی جڑ پھُوٹ نکلے گی، یعنی ایک شخص غَیریہُودیوں پر حُکومت کرنے کو اُٹھے گا؛ تمام غَیریہُودیوں کی اُمّید اُسی پر قائِم رہے گی۔“ کیونکہ تُم ایمان رکھتے ہو اِس لیٔے خُدا جو اُمّید کا سرچشمہ ہے تُمہیں پُورے طور پر خُوشی اَور اِطمینان سے معموُر کر دے تاکہ پاک رُوح کی قُدرت سے تمہاری اُمّید بڑھتی چلی جائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں رومیوں 15

رومیوں 5:15-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اب ثابت قدمی اور حوصلہ دینے والا خدا آپ کو توفیق دے کہ آپ مسیح عیسیٰ کا نمونہ اپنا کر یگانگت کی روح میں ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزاریں۔ تب ہی آپ مل کر ایک ہی آواز کے ساتھ خدا، ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے باپ کو جلال دے سکیں گے۔ چنانچہ جس طرح مسیح نے آپ کو قبول کیا ہے اُسی طرح ایک دوسرے کو بھی قبول کریں تاکہ اللہ کو جلال ملے۔ یاد رکھیں کہ مسیح اللہ کی صداقت کا اظہار کر کے یہودیوں کا خادم بنا تاکہ اُن وعدوں کی تصدیق کرے جو ابراہیم، اسحاق اور یعقوب سے کئے گئے تھے۔ وہ اِس لئے بھی خادم بنا کہ غیریہودی اللہ کو اُس رحم کے لئے جلال دیں جو اُس نے اُن پر کیا ہے۔ کلامِ مُقدّس میں یہی لکھا ہے، ”اِس لئے مَیں اقوام میں تیری حمد و ثنا کروں گا، تیرے نام کی تعریف میں گیت گاؤں گا۔“ یہ بھی لکھا ہے، ”اے دیگر قومو، اُس کی اُمّت کے ساتھ خوشی مناؤ!“ پھر لکھا ہے، ”اے تمام اقوام، رب کی تمجید کرو! اے تمام اُمّتو، اُس کی ستائش کرو!“ اور یسعیاہ نبی یہ فرماتا ہے، ”یسّی کی جڑ سے ایک کونپل پھوٹ نکلے گی، ایک ایسا آدمی اُٹھے گا جو قوموں پر حکومت کرے گا۔ غیریہودی اُس پر آس رکھیں گے۔“ اُمید کا خدا آپ کو ایمان رکھنے کے باعث ہر خوشی اور سلامتی سے معمور کرے تاکہ روح القدس کی قدرت سے آپ کی اُمید بڑھ کر دل سے چھلک جائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں رومیوں 15

رومیوں 5:15-13 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور خُدا صبر اور تسلّی کا چشمہ تُم کو یہ تَوفِیق دے کہ مسِیح یِسُوعؔ کے مُطابِق آپس میں یک دِل رہو۔ تاکہ تُم یک دِل اور یک زُبان ہو کر ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے خُدا اور باپ کی تمجِید کرو۔ پس جِس طرح مسِیح نے خُدا کے جلال کے لِئے تُم کو اپنے ساتھ شامِل کر لِیا ہے اُسی طرح تُم بھی ایک دُوسرے کو شامِل کر لو۔ مَیں کہتا ہُوں کہ مسِیح خُدا کی سچّائی ثابِت کرنے کے لِئے مَختُونوں کا خادِم بنا تاکہ اُن وعدوں کو پُورا کرے جو باپ دادا سے کِئے گئے تھے۔ اور غَیر قَومیں بھی رَحم کے سبب سے خُدا کی حمد کریں۔ چُنانچہ لِکھا ہے کہ اِس واسطے مَیں غَیر قَوموں میں تیرا اِقرار کروں گا اور تیرے نام کے گِیت گاؤُں گا۔ اور پِھر وہ فرماتا ہے کہ اَے غَیر قَومو! اُس کی اُمّت کے ساتھ خُوشی کرو۔ پِھر یہ کہ اَے سب غَیر قَومو! خُداوند کی حمد کرو اور سب اُمّتیں اُس کی سِتایش کریں۔ اور یسعیاہ بھی کہتا ہے کہ یسّی کی جَڑ ظاہِر ہوگی یعنی وہ شخص جو غَیر قَوموں پر حُکُومت کرنے کو اُٹھے گا اُسی سے غَیر قَومیں اُمّید رکھّیں گی۔ پس خُدا جو اُمّید کا چشمہ ہے تُمہیں اِیمان رکھنے کے باعِث ساری خُوشی اور اِطمِینان سے معمُور کرے تاکہ رُوحُ القُدس کی قُدرت سے تُمہاری اُمّید زِیادہ ہوتی جائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں رومیوں 15