رومیوں 21:15-33
رومیوں 21:15-33 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
بَلکہ چاہتا تھا کہ جَیسا کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”وَیسا ہی ہو، جنہیں اُس کی خبر تک نہیں پہنچی وہ دیکھیں گے، اَور جنہوں نے سُنا تک نہیں وہ سمجھیں گے۔“ میں تمہارے پاس آنا چاہتا تھا لیکن اکثر کویٔی نہ کویٔی رُکاوٹ پیش آتی رہی۔ لیکن چونکہ اَب اِن علاقوں میں میری ضروُرت نہیں رہی اَور میں کیٔی بَرس سے تمہارے پاس آنے کا مُشتاق بھی ہُوں، اِس لیٔے مُجھے اُمّید ہے کہ مُلک اِسپینؔ جاتے وقت تمہارے پاس ہوتا ہُوا جاؤں گا۔ جَب تُم سے دل بھر کر مُلاقات کرلُوں گا تو مُجھے اُمّید ہے کہ تُم آگے جانے میں میری مدد کرو گے۔ ابھی، فی الحال تو، میں خُداوؔند کے مُقدّسین کی خدمت کرنے کے لیٔے یروشلیمؔ جا رہا ہُوں کیونکہ مَکِدُنیہؔ اَور صُوبہ اَخیہؔ کے مَسیحی مُومِنِین یروشلیمؔ کے غریب مُقدّسین کے لیٔے عَطیّہ بھیجنا چاہتے ہیں۔ یہ کام اُنہُوں نے کیا تو رضامندی سے ہے لیکن یہ اُن کا فرض بھی ہے کیونکہ جَب غَیریہُودی مَسیحی مُومِنِین نے یہُودی مَسیحی مُومِنِین کی رُوحانی برکتوں سے فائدہ اُٹھایا ہے تو لازِم ہے کہ وہ بھی اَپنی جِسمانی نِعمتوں سے اُن کی خدمت کریں۔ لہٰذا میں اِس خدمت کو اَنجام دے کر یعنی پُوری رقم اُن تک پہنچا کر اِسپینؔ کے لیٔے روانہ ہو جاؤں گا اَور راہ میں ہی تُم سے مُلاقات کروں گا۔ میں جانتا ہُوں کہ جَب تمہارے پاس آؤں گا تو المسیؔح کی ساری برکتیں لے کر آؤں گا۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! میں تُمہیں خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کا، واسطہ دے کر اَور پاک رُوح کی مَحَبّت یاد دلا کر تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ میرے ساتھ مِل کر خُدا سے میرے لیٔے دعا کرنے میں سرگرم رہو۔ کہ میں یہُودیؔہ کے علاقہ کے اُن بےاِعتقادوں سے بچا رہُوں جو المسیؔح کے نافرمان ہیں اَور میری یروشلیمؔ میں اَنجام دی جانے والی خدمت وہاں کے مُقدّسین کو پسند آئے اَور خُدا کی مرضی سے تمہارے پاس آکر خُوشی سے تازہ دَم ہو سکوں۔ خُدا جو سلامتی کا سَر چشمہ ہے، تُم سَب کے ساتھ ہو۔ آمین۔
رومیوں 21:15-33 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
کلامِ مُقدّس یہی فرماتا ہے، ”جنہیں اُس کے بارے میں نہیں بتایا گیا وہ دیکھیں گے، اور جنہوں نے نہیں سنا اُنہیں سمجھ آئے گی۔“ یہی وجہ ہے کہ مجھے اِتنی دفعہ آپ کے پاس آنے سے روکا گیا ہے۔ لیکن اب میری اِن علاقوں میں خدمت پوری ہو چکی ہے۔ اور چونکہ مَیں اِتنے سالوں سے آپ کے پاس آنے کا آرزومند رہا ہوں اِس لئے اب یہ خواہش پوری کرنے کی اُمید رکھتا ہوں۔ کیونکہ مَیں نے سپین جانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اُمید ہے کہ راستے میں آپ سے ملوں گا اور آپ آگے کے سفر کے لئے میری مدد کر سکیں گے۔ لیکن پہلے مَیں کچھ دیر کے لئے آپ کی رفاقت سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔ اِس وقت مَیں یروشلم جا رہا ہوں تاکہ وہاں کے مُقدّسین کی خدمت کروں۔ کیونکہ مکدُنیہ اور اخیہ کی جماعتوں نے یروشلم کے اُن مُقدّسین کے لئے ہدیہ جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو غریب ہیں۔ اُنہوں نے یہ خوشی سے کیا اور در اصل یہ اُن کا فرض بھی ہے۔ غیریہودی تو یہودیوں کی روحانی برکتوں میں شریک ہوئے ہیں، اِس لئے غیریہودیوں کا فرض ہے کہ وہ یہودیوں کو بھی اپنی مالی برکتوں میں شریک کر کے اُن کی خدمت کریں۔ چنانچہ اپنا یہ فرض ادا کرنے اور مقامی بھائیوں کا یہ سارا پھل یروشلم کے ایمان داروں تک پہنچانے کے بعد مَیں آپ کے پاس سے ہوتا ہوا سپین جاؤں گا۔ اور مَیں جانتا ہوں کہ جب مَیں آپ کے پاس آؤں گا تو مسیح کی پوری برکت لے کر آؤں گا۔ بھائیو، مَیں ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح اور روح القدس کی محبت کو یاد دلا کر آپ سے منت کرتا ہوں کہ آپ میرے لئے اللہ سے دعا کریں اور یوں میری روحانی جنگ میں شریک ہو جائیں۔ اِس کے لئے دعا کریں کہ مَیں صوبہ یہودیہ کے غیرایمان داروں سے بچا رہوں اور کہ میری یروشلم میں خدمت وہاں کے مُقدّسین کو پسند آئے۔ کیونکہ مَیں چاہتا ہوں کہ جب مَیں اللہ کی مرضی سے آپ کے پاس آؤں گا تو میرے دل میں خوشی ہو اور ہم ایک دوسرے کی رفاقت سے تر و تازہ ہو جائیں۔ سلامتی کا خدا آپ سب کے ساتھ ہو۔ آمین۔
رومیوں 21:15-33 کِتابِ مُقادّس (URD)
بلکہ جَیسا لِکھا ہے وَیسا ہی ہو کہ جِن کو اُس کی خبر نہیں پُہنچی وہ دیکھیں گے اور جِنہوں نے نہیں سُنا وہ سمجھیں گے۔ اِسی لِئے مَیں تُمہارے پاس آنے سے بار بار رُکا رہا۔ مگر چُونکہ مُجھ کو اب اِن مُلکوں میں جگہ باقی نہیں رہی اور بُہت برسوں سے تُمہارے پاس آنے کا مُشتاق بھی ہُوں۔ اِس لِئے جب اِسفانیہ کو جاؤُں گا تو تُمہارے پاس ہوتا ہُؤا جاؤُں گا کیونکہ مُجھے اُمّید ہے کہ اُس سفر میں تُم سے مِلُوں گا اور جب تُمہاری صُحبت سے کِسی قدر میرا جی بھر جائے گا تو تُم مُجھے اُس طرف روانہ کر دو گے۔ لیکن بِالفعل تو مُقدّسوں کی خِدمت کرنے کے لِئے یروشلِیم کو جاتا ہُوں۔ کیونکہ مَکِدُنیہ اور اَخیہ کے لوگ یروشلِیم کے غرِیب مُقدّسوں کے لِئے کُچھ چندہ کرنے کو رضامند ہُوئے۔ کِیا تو رضامندی سے مگر وہ اُن کے قرض دار بھی ہیں کیونکہ جب غَیر قَومیں رُوحانی باتوں میں اُن کی شرِیک ہُوئی ہیں تو لازِم ہے کہ جِسمانی باتوں میں اُن کی خِدمت کریں۔ پس مَیں اِس خِدمت کو پُورا کر کے اور جو کُچھ حاصِل ہُؤا اُن کو سَونپ کر تُمہارے پاس ہوتا ہُؤا اِسفانیہ کو جاؤُں گا۔ اور مَیں جانتا ہُوں کہ جب تُمہارے پاس آؤُں گا تو مسِیح کی کامِل برکت لے کر آؤُں گا۔ اور اَے بھائِیو! مَیں یِسُوعؔ مسِیح کا جو ہمارا خُداوند ہے واسطہ دے کر اور رُوح کی مُحبّت کو یاد دِلا کر تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ میرے لِئے خُدا سے دُعائیں کرنے میں میرے ساتھ مِل کر جانفشانی کرو۔ کہ مَیں یہُودیہ کے نافرمانوں سے بچا رہُوں اور میری وہ خِدمت جو یروشلِیم کے لِئے ہے مُقدّسوں کو پسند آئے۔ اور خُدا کی مرضی سے تُمہارے پاس خُوشی کے ساتھ آ کر تُمہارے ساتھ آرام پاؤُں۔ خُدا جو اِطمِینان کا چشمہ ہے تُم سب کے ساتھ رہے۔ آمِین۔