رومیوں 2:15-9
رومیوں 2:15-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
ہم میں ہر شخص اپنے پڑوسی کو اُس کی بِہتری کے واسطے خُوش کرے تاکہ اُس کی ترقّی ہو۔ کیونکہ مسِیح نے بھی اپنی خُوشی نہیں کی بلکہ یُوں لِکھا ہے کہ تیرے لَعن طَعن کرنے والوں کے لَعن طَعن مُجھ پر آ پڑے۔ کیونکہ جِتنی باتیں پہلے لِکھی گئِیں وہ ہماری تعلِیم کے لِئے لِکھی گئِیں تاکہ صبر سے اور کِتابِ مُقدّس کی تسلّی سے اُمّید رکھّیں۔ اور خُدا صبر اور تسلّی کا چشمہ تُم کو یہ تَوفِیق دے کہ مسِیح یِسُوعؔ کے مُطابِق آپس میں یک دِل رہو۔ تاکہ تُم یک دِل اور یک زُبان ہو کر ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے خُدا اور باپ کی تمجِید کرو۔ پس جِس طرح مسِیح نے خُدا کے جلال کے لِئے تُم کو اپنے ساتھ شامِل کر لِیا ہے اُسی طرح تُم بھی ایک دُوسرے کو شامِل کر لو۔ مَیں کہتا ہُوں کہ مسِیح خُدا کی سچّائی ثابِت کرنے کے لِئے مَختُونوں کا خادِم بنا تاکہ اُن وعدوں کو پُورا کرے جو باپ دادا سے کِئے گئے تھے۔ اور غَیر قَومیں بھی رَحم کے سبب سے خُدا کی حمد کریں۔ چُنانچہ لِکھا ہے کہ اِس واسطے مَیں غَیر قَوموں میں تیرا اِقرار کروں گا اور تیرے نام کے گِیت گاؤُں گا۔
رومیوں 2:15-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
ہم میں سے ہر شخص اَپنے پڑوسی کا فائدہ اَور ایمان میں ترقّی کا لِحاظ رکھتے ہویٔے اُسے خُوش رکھے۔ کیونکہ المسیؔح نے بھی اَپنی خُوشی کا خیال نہ رکھا بَلکہ کِتاب مُقدّس میں یُوں لِکھّا ہے: ”تیرے لَعن طَعن کرنے وَالوں کے لَعن طَعن مُجھ پر آ پڑے۔“ کیونکہ جِتنی باتیں صحیفہ میں پہلے لکھی گئیں وہ ہماری تعلیم کے لیٔے لکھی گئیں تاکہ صبر سے اَور کِتاب مُقدّس کی تسلّی سے ہماری اُمّید قائِم رہے۔ اَب صبر اَور تسلّی دینے والا خُدا تُمہیں خُداوند المسیؔح عیسیٰ کے مِعیار کے مُطابق آپَس میں یکدل ہوکر رہنے کی تَوفیق بَخشے، تاکہ تُم سَب مِل کر اَور ایک زبان ہوکر ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے باپ یعنی خُدا کی تمجید کرتے رہو۔ جِس طرح المسیؔح نے خُدا کے جلال کے لیٔے تُمہیں قبُول کر لیا ہے، اِسی طرح تُم بھی ایک دُوسرے کو قبُول کرو۔ میرا کہنا یہ ہے کہ المسیؔح مختون یہُودیوں کا خادِم بنے تاکہ جو وعدے خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد سے کیٔے تھے اُنہیں پُورا کرکے خُدا کو سچّا ثابت کریں۔ اَور غَیریہُودی بھی اُن کی رحمت کی وجہ خُدا کی تمجید کریں جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”اِس لیٔے میں غَیریہُودیوں میں تیری حَمد کروں گا؛ اَور تیرے نام کے نغمہ گاؤں گا۔“
رومیوں 2:15-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
بلکہ ہر ایک اپنے پڑوسی کو اُس کی بہتری اور روحانی تعمیر و ترقی کے لئے خوش کرے۔ کیونکہ مسیح نے بھی خود کو خوش رکھنے کے لئے زندگی نہیں گزاری۔ کلامِ مُقدّس میں اُس کے بارے میں یہی لکھا ہے، ”جو تجھے گالیاں دیتے ہیں اُن کی گالیاں مجھ پر آ گئی ہیں۔“ یہ سب کچھ ہمیں ہماری نصیحت کے لئے لکھا گیا تاکہ ہم ثابت قدمی اور کلامِ مُقدّس کی حوصلہ افزا باتوں سے اُمید پائیں۔ اب ثابت قدمی اور حوصلہ دینے والا خدا آپ کو توفیق دے کہ آپ مسیح عیسیٰ کا نمونہ اپنا کر یگانگت کی روح میں ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزاریں۔ تب ہی آپ مل کر ایک ہی آواز کے ساتھ خدا، ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے باپ کو جلال دے سکیں گے۔ چنانچہ جس طرح مسیح نے آپ کو قبول کیا ہے اُسی طرح ایک دوسرے کو بھی قبول کریں تاکہ اللہ کو جلال ملے۔ یاد رکھیں کہ مسیح اللہ کی صداقت کا اظہار کر کے یہودیوں کا خادم بنا تاکہ اُن وعدوں کی تصدیق کرے جو ابراہیم، اسحاق اور یعقوب سے کئے گئے تھے۔ وہ اِس لئے بھی خادم بنا کہ غیریہودی اللہ کو اُس رحم کے لئے جلال دیں جو اُس نے اُن پر کیا ہے۔ کلامِ مُقدّس میں یہی لکھا ہے، ”اِس لئے مَیں اقوام میں تیری حمد و ثنا کروں گا، تیرے نام کی تعریف میں گیت گاؤں گا۔“