رومیوں 1:15-20

رومیوں 1:15-20 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

ہم جو ایمان میں پُختہ ہیں ہمارا فرض ہے کہ کمزور ایمان والوں کی کمزوریوں کی رعایت کریں نہ کہ اَپنی خُوشی کرتے رہیں۔ ہم میں سے ہر شخص اَپنے پڑوسی کا فائدہ اَور ایمان میں ترقّی کا لِحاظ رکھتے ہویٔے اُسے خُوش رکھے۔ کیونکہ المسیح نے بھی اَپنی خُوشی کا خیال نہ رکھا بَلکہ کِتاب مُقدّس میں یُوں لِکھّا ہے: ”تیرے لَعن طَعن کرنے والوں کے لَعن طَعن مُجھ پر آ پڑے۔“ کیونکہ جِتنی باتیں صحیفہ میں پہلے لکھی گئیں وہ ہماری تعلیم کے لیٔے لکھی گئیں تاکہ صبر سے اَور کِتاب مُقدّس کی تسلّی سے ہماری اُمّید قائِم رہے۔ اَب صبر اَور تسلّی دینے والا خُدا تُمہیں خُداوؔند المسیح یِسوعؔ کے مِعیار کے مُطابق آپَس میں یکدل ہوکر رہنے کی تَوفیق بخشے، تاکہ تُم سَب مِل کر اَور ایک زبان ہوکر ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے باپ یعنی خُدا کی تمجید کرتے رہو۔ جِس طرح المسیح نے خُدا کے جلال کے لیٔے تُمہیں قبُول کر لیا ہے، اِسی طرح تُم بھی ایک دُوسرے کو قبُول کرو۔ میرا کہنا یہ ہے کہ المسیح مختون یہُودیوں کا خادِم بنے تاکہ جو وعدے خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد سے کیٔے تھے اُنہیں پُورا کرکے خُدا کو سچّا ثابت کریں۔ اَور غَیریہُودی بھی اُن کی رحمت کی وجہ خُدا کی تمجید کریں جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”اِس لیٔے مَیں غَیریہُودیوں میں تیری حَمد کروں گا؛ اَور تیرے نام کے نغمہ گاؤں گا۔“ اَور پھر یہ کہا گیا ہے کہ ”اَے غَیریہُودیوں! اُس خُدا کی اُمّت کے ساتھ خُوشی مناؤ۔“ اَور یہ بھی، ”اَے تمام غَیریہُودیوں! خُداوؔند کی حَمد کرو، اَور اَے سَب اُمّتوں! اُن کی سِتائش کرو۔“ اَور یَشعیاہ نبی بھی فرماتے ہیں، ”یِشائی کی جڑ پھوٹ نکلے گی، یعنی ایک شخص غَیریہُودیوں پر حُکومت کرنے کو اُٹھے گا؛ تمام غَیریہُودیوں کی اُمّید اُسی پر قائِم رہے گی۔“ کیونکہ تُم ایمان رکھتے ہو اِس لیٔے خُدا جو اُمّید کا سرچشمہ ہے تُمہیں پُورے طور پر خُوشی اَور اِطمینان سے معموُر کر دے تاکہ پاک رُوح کی قُدرت سے تمہاری اُمّید بڑھتی چلی جائے۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! مُجھے تمہارے بارے میں یقین ہے کہ تُم خُود بھی نیکی سے معموُر ہو اَور علم بھی بہت زِیادہ رکھتے ہو اَور ایک دُوسرے کو نصیحت کرنے کے قابل بھی ہو۔ تو بھی مَیں نے بعض باتیں بڑی دِلیری کے ساتھ تُمہیں لکھی ہیں تاکہ تُم اُنہیں یاد رکھ سکو، یہ اِس لیٔے کہ خُدا نے مُجھ پر فضل کیا ہے کہ میں غَیریہُودیوں میں المسیح یِسوعؔ کا خادِم بنُوں۔ اَور کاہِنؔ کے طور پر خُدا کی خُوشخبری سُناتا رہُوں، تاکہ غَیریہُودی پاک رُوح سے مُقدّس ہوکر اَیسی نذر بَن جایٔیں جو خُدا کی حُضُوری میں مقبُول ٹھہرے۔ چنانچہ میں خُدا کی اِس خدمت پر فخر کرتا ہُوں جسے میں المسیح یِسوعؔ میں اَنجام دے رہا ہُوں۔ مُجھے کسی اَور کام کے ذِکر کرنے کی جُرأت نہیں سِوائے اِن کاموں کے جو المسیح نے میرے ذریعہ کیٔے ہیں تاکہ میں غَیریہُودیوں کو خُدا کے تابع کر دُوں۔ المسیح نے نہ صِرف کام اَور کلام کے وسیلہ سے مُجھ سے یہ کرایا ہے بَلکہ نِشانات اَور عجائبات کی قُوّت یعنی خُدا کی رُوح کی قُدرت کے وسیلہ سے بھی مدد کی ہے۔ اِس لیٔے مَیں نے یروشلیمؔ شہر سے لے کر چاروں طرف صُوبہ اِلِّرِکُم تک المسیح کی انجیل کی مُنادی جُرأت کے ساتھ کی ہے۔ میرے سامنے صِرف ایک ہی مقصد تھا کہ جہاں المسیح کا نام نہیں جانا گیا وہاں خُوشخبری سُناؤں کیونکہ مَیں کسی دُوسرے کی ڈالی ہویٔی بُنیاد پر عمارت نہیں اُٹھانا چاہتا تھا۔

رومیوں 1:15-20 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ہم طاقت وروں کا فرض ہے کہ کمزوروں کی کمزوریاں برداشت کریں۔ ہم صرف اپنے آپ کو خوش کرنے کی خاطر زندگی نہ گزاریں بلکہ ہر ایک اپنے پڑوسی کو اُس کی بہتری اور روحانی تعمیر و ترقی کے لئے خوش کرے۔ کیونکہ مسیح نے بھی خود کو خوش رکھنے کے لئے زندگی نہیں گزاری۔ کلامِ مُقدّس میں اُس کے بارے میں یہی لکھا ہے، ”جو تجھے گالیاں دیتے ہیں اُن کی گالیاں مجھ پر آ گئی ہیں۔“ یہ سب کچھ ہمیں ہماری نصیحت کے لئے لکھا گیا تاکہ ہم ثابت قدمی اور کلامِ مُقدّس کی حوصلہ افزا باتوں سے اُمید پائیں۔ اب ثابت قدمی اور حوصلہ دینے والا خدا آپ کو توفیق دے کہ آپ مسیح عیسیٰ کا نمونہ اپنا کر یگانگت کی روح میں ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزاریں۔ تب ہی آپ مل کر ایک ہی آواز کے ساتھ خدا، ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے باپ کو جلال دے سکیں گے۔ چنانچہ جس طرح مسیح نے آپ کو قبول کیا ہے اُسی طرح ایک دوسرے کو بھی قبول کریں تاکہ اللہ کو جلال ملے۔ یاد رکھیں کہ مسیح اللہ کی صداقت کا اظہار کر کے یہودیوں کا خادم بنا تاکہ اُن وعدوں کی تصدیق کرے جو ابراہیم، اسحاق اور یعقوب سے کئے گئے تھے۔ وہ اِس لئے بھی خادم بنا کہ غیریہودی اللہ کو اُس رحم کے لئے جلال دیں جو اُس نے اُن پر کیا ہے۔ کلامِ مُقدّس میں یہی لکھا ہے، ”اِس لئے مَیں اقوام میں تیری حمد و ثنا کروں گا، تیرے نام کی تعریف میں گیت گاؤں گا۔“ یہ بھی لکھا ہے، ”اے دیگر قومو، اُس کی اُمّت کے ساتھ خوشی مناؤ!“ پھر لکھا ہے، ”اے تمام اقوام، رب کی تمجید کرو! اے تمام اُمّتو، اُس کی ستائش کرو!“ اور یسعیاہ نبی یہ فرماتا ہے، ”یسّی کی جڑ سے ایک کونپل پھوٹ نکلے گی، ایک ایسا آدمی اُٹھے گا جو قوموں پر حکومت کرے گا۔ غیریہودی اُس پر آس رکھیں گے۔“ اُمید کا خدا آپ کو ایمان رکھنے کے باعث ہر خوشی اور سلامتی سے معمور کرے تاکہ روح القدس کی قدرت سے آپ کی اُمید بڑھ کر دل سے چھلک جائے۔ میرے بھائیو، مجھے پورا یقین ہے کہ آپ خود بھلائی سے معمور ہیں، کہ آپ ہر طرح کا علم و عرفان رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کو نصیحت کرنے کے قابل بھی ہیں۔ توبھی مَیں نے یاد دلانے کی خاطر آپ کو کئی باتیں لکھنے کی دلیری کی ہے۔ کیونکہ مَیں اللہ کے فضل سے آپ غیریہودیوں کے لئے مسیح عیسیٰ کا خادم ہوں۔ اور مَیں اللہ کی خوش خبری پھیلانے میں بیت المُقدّس کے امام کی سی خدمت سرانجام دیتا ہوں تاکہ آپ ایک ایسی قربانی بن جائیں جو اللہ کو پسند آئے اور جسے روح القدس نے اُس کے لئے مخصوص و مُقدّس کیا ہو۔ چنانچہ مَیں مسیح عیسیٰ میں اللہ کے سامنے اپنی خدمت پر فخر کر سکتا ہوں۔ کیونکہ مَیں صرف اُس کام کے بارے میں بات کرنے کی جرأت کروں گا جو مسیح نے میری معرفت کیا ہے اور جس سے غیریہودی اللہ کے تابع ہو گئے ہیں۔ ہاں، مسیح ہی نے یہ کام کلام اور عمل سے، الٰہی نشانوں اور معجزوں کی قوت سے اور اللہ کے روح کی قدرت سے سرانجام دیا ہے۔ یوں مَیں نے یروشلم سے لے کر صوبہ اِلُّرکُم تک سفر کرتے کرتے اللہ کی خوش خبری پھیلانے کی خدمت پوری کی ہے۔ اور مَیں اِسے اپنی عزت کا باعث سمجھا کہ خوش خبری وہاں سناؤں جہاں مسیح کے بارے میں خبر نہیں پہنچی۔ کیونکہ مَیں ایسی بنیاد پر تعمیر نہیں کرنا چاہتا تھا جو کسی اَور نے ڈالی تھی۔

رومیوں 1:15-20 کِتابِ مُقادّس (URD)

غرض ہم زورآوروں کو چاہئے کہ ناتوانوں کی کمزورِیوں کی رِعایت کریں نہ کہ اپنی خُوشی کریں۔ ہم میں ہر شخص اپنے پڑوسی کو اُس کی بِہتری کے واسطے خُوش کرے تاکہ اُس کی ترقّی ہو۔ کیونکہ مسِیح نے بھی اپنی خُوشی نہیں کی بلکہ یُوں لِکھا ہے کہ تیرے لَعن طَعن کرنے والوں کے لَعن طَعن مُجھ پر آ پڑے۔ کیونکہ جِتنی باتیں پہلے لِکھی گئِیں وہ ہماری تعلِیم کے لِئے لِکھی گئِیں تاکہ صبر سے اور کِتابِ مُقدّس کی تسلّی سے اُمّید رکھّیں۔ اور خُدا صبر اور تسلّی کا چشمہ تُم کو یہ تَوفِیق دے کہ مسِیح یِسُوعؔ کے مُطابِق آپس میں یک دِل رہو۔ تاکہ تُم یک دِل اور یک زُبان ہو کر ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے خُدا اور باپ کی تمجِید کرو۔ پس جِس طرح مسِیح نے خُدا کے جلال کے لِئے تُم کو اپنے ساتھ شامِل کر لِیا ہے اُسی طرح تُم بھی ایک دُوسرے کو شامِل کر لو۔ مَیں کہتا ہُوں کہ مسِیح خُدا کی سچّائی ثابِت کرنے کے لِئے مَختُونوں کا خادِم بنا تاکہ اُن وعدوں کو پُورا کرے جو باپ دادا سے کِئے گئے تھے۔ اور غَیر قَومیں بھی رَحم کے سبب سے خُدا کی حمد کریں۔ چُنانچہ لِکھا ہے کہ اِس واسطے مَیں غَیر قَوموں میں تیرا اِقرار کروں گا اور تیرے نام کے گِیت گاؤُں گا۔ اور پِھر وہ فرماتا ہے کہ اَے غَیر قَومو! اُس کی اُمّت کے ساتھ خُوشی کرو۔ پِھر یہ کہ اَے سب غَیر قَومو! خُداوند کی حمد کرو اور سب اُمّتیں اُس کی سِتایش کریں۔ اور یسعیاہ بھی کہتا ہے کہ یسّی کی جَڑ ظاہِر ہوگی یعنی وہ شخص جو غَیر قَوموں پر حُکُومت کرنے کو اُٹھے گا اُسی سے غَیر قَومیں اُمّید رکھّیں گی۔ پس خُدا جو اُمّید کا چشمہ ہے تُمہیں اِیمان رکھنے کے باعِث ساری خُوشی اور اِطمِینان سے معمُور کرے تاکہ رُوحُ القُدس کی قُدرت سے تُمہاری اُمّید زِیادہ ہوتی جائے۔ اور اَے میرے بھائِیو! مَیں خُود بھی تُمہاری نِسبت یقِین رکھتا ہُوں کہ تُم آپ نیکی سے معمُور اور تمام مَعرفت سے بھرے ہو اور ایک دُوسرے کو نصِیحت بھی کر سکتے ہو۔ تَو بھی مَیں نے بعض جگہ زِیادہ دِلیری کے ساتھ یاد دِلانے کے طَور پر اِس لِئے تُم کو لِکھا کہ مُجھ کو خُدا کی طرف سے غَیر قَوموں کے لِئے مسِیح یِسُوع کے خادِم ہونے کی تَوفِیق مِلی ہے۔ کہ مَیں خُدا کی خُوشخبری کی خِدمت کاہِن کی طرح انجام دُوں تاکہ غَیر قَومیں نذر کے طَور پر رُوحُ القُدس سے مُقدّس بن کر مقبُول ہو جائیں۔ پس مَیں اُن باتوں میں جو خُدا سے مُتعلِّق ہیں مسِیح یِسُوعؔ کے باعِث فخر کر سکتا ہُوں۔ کیونکہ مُجھے اَور کِسی بات کے ذِکر کرنے کی جُرأت نہیں سِوا اُن باتوں کے جو مسِیح نے غَیر قَوموں کے تابِع کرنے کے لِئے قَول اور فِعل سے نِشانوں اور مُعجِزوں کی طاقت سے اور رُوحُ القُدس کی قُدرت سے میری وساطت سے کِیں۔ یہاں تک کہ مَیں نے یروشلِیم سے لے کر چاروں طرف اِلُرِّکُم تک مسِیح کی خُوشخبری کی پُوری پُوری مُنادی کی۔ اور مَیں نے یِہی حَوصلہ رکھّا کہ جہاں مسِیح کا نام نہیں لِیا گیا وہاں خُوشخبری سُناؤُں تاکہ دُوسرے کی بُنیاد پر عِمارت نہ اُٹھاؤُں۔