رومیوں 2:12-5
رومیوں 2:12-5 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اِس جہان کے ہم شکل نہ بنو بَلکہ خُدا کو موقع دو کہ وہ تمہاری عقل کو نیا بنا کر تُمہیں سراسر بدل ڈالے تاکہ تُم اَپنے تجربہ سے خُدا کی نیک، پسندِیدہ اَور کامِل مرضی کو مَعلُوم کر سکو۔ میں اُس فضل کی بِنا پرجو مُجھ پر ہُواہے تُم میں سے ہر ایک سے کہتا ہُوں کہ جَیسا سمجھنا مُناسب ہے کویٔی اَپنے آپ کو اُس سے زِیادہ نہ سمجھے بَلکہ جَیسا خُدا نے ہر ایک کو اَندازہ سے ایمان تقسیم کیا ہے اِعتِدال کے ساتھ اَپنے آپ کو وَیسا ہی سمجھے۔ جِس طرح ہمارے ایک بَدن میں بہت سے اَعضا ہیں اَور اُن تمام اَعضا کا کام یکساں نہیں۔ اُسی طرح ہم بھی جو بہت سے ہیں المسیح میں شامل ہوکر ایک بَدن ہیں اَور آپَس میں ایک دُوسرے کے اَعضا۔
رومیوں 2:12-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اِس دنیا کے سانچے میں نہ ڈھل جائیں بلکہ اللہ کو آپ کی سوچ کی تجدید کرنے دیں تاکہ آپ وہ شکل و صورت اپنا سکیں جو اُسے پسند ہے۔ پھر آپ اللہ کی مرضی کو پہچان سکیں گے، وہ کچھ جو اچھا، پسندیدہ اور کامل ہے۔ اُس رحم کی بنا پر جو اللہ نے مجھ پر کیا مَیں آپ میں سے ہر ایک کو ہدایت دیتا ہوں کہ اپنی حقیقی حیثیت کو جان کر اپنے آپ کو اِس سے زیادہ نہ سمجھیں۔ کیونکہ جس پیمانے سے اللہ نے ہر ایک کو ایمان بخشا ہے اُسی کے مطابق وہ سمجھ داری سے اپنی حقیقی حیثیت کو جان لے۔ ہمارے ایک ہی جسم میں بہت سے اعضا ہیں، اور ہر ایک عضو کا فرق فرق کام ہوتا ہے۔ اِسی طرح گو ہم بہت ہیں، لیکن مسیح میں ایک ہی بدن ہیں، جس میں ہر عضو دوسروں کے ساتھ جُڑا ہوا ہے۔
رومیوں 2:12-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور اِس جہان کے ہم شکل نہ بنو بلکہ عقل نئی ہو جانے سے اپنی صُورت بدلتے جاؤ تاکہ خُدا کی نیک اور پسندِیدہ اور کامِل مرضی تجربہ سے معلُوم کرتے رہو۔ مَیں اُس تَوفِیق کی وجہ سے جو مُجھ کو مِلی ہے تُم میں سے ہر ایک سے کہتا ہُوں کہ جَیسا سمجھنا چاہئے اُس سے زِیادہ کوئی اپنے آپ کو نہ سمجھے بلکہ جَیسا خُدا نے ہر ایک کو اندازہ کے مُوافِق اِیمان تقسِیم کِیا ہے اِعتدال کے ساتھ اپنے آپ کو وَیسا ہی سمجھے۔ کیونکہ جِس طرح ہمارے ایک بدن میں بُہت سے اعضا ہوتے ہیں اور تمام اعضا کا کام یکساں نہیں۔ اُسی طرح ہم بھی جو بُہت سے ہیں مسِیح میں شامِل ہو کر ایک بدن ہیں اور آپس میں ایک دُوسرے کے اعضا۔