مکاشفہ 1:8-5
مکاشفہ 1:8-5 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب برّہ نے ساتویں مُہر کھولی تو آسمان میں تقریباً آدھ گھنٹے تک خاموشی چھائی رہی۔ اَور مَیں نے اُن ساتوں فرشتوں کو دیکھا جو خُدا کے حُضُور کھڑے رہتے ہیں۔ اَور اُنہیں سات نرسنگے دئیے گیٔے۔ پھر ایک اَور فرشتہ سونے کا بخُوردان لیٔے ہویٔے آیا اَور قُربان گاہ کے پاس کھڑا ہو گیا۔ اُسے بہت سا بخُور دیا گیا تاکہ وہ اُسے سَب مُقدّسین کی دعاؤں کے ساتھ تختِ الٰہی کے سامنے کی سُنہری قُربان گاہ پر نذر کرے۔ اَور اُس بخُور کا دُھواں مُقدّسین کی دعاؤں کے ساتھ اُس فرشتہ کے ہاتھ سے نِکلا اَور خُدا کے حُضُور جا پہُنچا۔ تَب اُس فرشتہ نے قُربان گاہ سے آگ لے کر اُس بخُوردان میں بھری اَور اُسے زمین پر ڈال دیا جِس سے بجلی کی چمک اَور بادلوں کے گرج کی صدائیں پیدا ہُوئیں اَور زلزلہ آ گیا۔
مکاشفہ 1:8-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جب لیلے نے ساتویں مُہر کھولی تو آسمان پر خاموشی چھا گئی۔ یہ خاموشی تقریباً آدھے گھنٹے تک رہی۔ پھر مَیں نے اللہ کے سامنے کھڑے سات فرشتوں کو دیکھا۔ اُنہیں سات تُرم دیئے گئے۔ ایک اَور فرشتہ جس کے پاس سونے کا بخوردان تھا آ کر قربان گاہ کے پاس کھڑا ہو گیا۔ اُسے بہت سا بخور دیا گیا تاکہ وہ اُسے مُقدّسین کی دعاؤں کے ساتھ تخت کے سامنے کی سونے کی قربان گاہ پر پیش کرے۔ بخور کا دھواں مُقدّسین کی دعاؤں کے ساتھ فرشتے کے ہاتھ سے اُٹھتے اُٹھتے اللہ کے سامنے پہنچا۔ پھر فرشتے نے بخوردان کو لیا اور اُسے قربان گاہ کی آگ سے بھر کر زمین پر پھینک دیا۔ تب کڑکتی اور گرجتی آوازیں سنائی دیں، بجلی چمکنے لگی اور زلزلہ آ گیا۔
مکاشفہ 1:8-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب اُس نے ساتوِیں مُہر کھولی تو آدھ گھنٹے کے قرِیب آسمان میں خاموشی رہی۔ اور مَیں نے اُن ساتوں فرِشتوں کو دیکھا جو خُدا کے سامنے کھڑے رہتے ہیں اور اُنہیں سات نرسِنگے دِئے گئے۔ پِھر ایک اَور فرِشتہ سونے کا عُود سوز لِئے ہُوئے آیا اور قُربان گاہ کے اُوپر کھڑا ہُؤا اور اُس کو بُہت سا عُود دِیا گیا تاکہ سب مُقدّسوں کی دُعاؤں کے ساتھ اُس سُنہری قُربان گاہ پر چڑھائے جو تخت کے سامنے ہے۔ اور اُس عُود کا دُھواں فرِشتہ کے ہاتھ سے مُقدّسوں کی دُعاؤں کے ساتھ خُدا کے سامنے پُہنچ گیا۔ اور فرِشتہ نے عُود سوز کو لے کر اُس میں قُربان گاہ کی آگ بھری اور زمِین پر ڈال دی اور گَرجیں اور آوازیں اور بِجلِیاں پَیدا ہُوئِیں اور بَھونچال آیا۔