مکاشفہ 8:5-14
مکاشفہ 8:5-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور جَب اُس نے وہ کِتاب لی تو چاروں جاندار اَور چَوبیس بُزرگ حُکمراں اُس برّہ کے سامنے سَجدہ میں گِر پڑے۔ اُن میں سے ہر ایک کے پاس بربط اَور بخُور سے بھرے ہویٔے سونے کے پیالے تھے۔ یہ مُقدّسین کی دعائیں ہیں۔ اَور وہ یہ نیا نغمہ گاَنے لگے، ”تُو ہی اِس کِتاب کو لینے اَور اُس کی مُہریں کھولنے کے لائق ہے، کیونکہ تُونے ذبح ہوکر، اَپنے خُون سے ہر قبِیلہ، اَور اہلِ زبان، ہر اُمّت اَور ہر قوم سے لوگوں کو خُدا کے واسطے خرید لیا ہے۔ اَور اُنہیں ہمارے خُدا کے لیٔے شاہی کاہِنؔوں کی جماعت بنا دیا، اَور وہ زمین پر حُکمرانی کریں گے۔“ پھر میں نے نگاہ کی تو اُس تختِ الٰہی اَور اُن جانداروں اَور بُزرگوں کے اِردگرد مَوجُود لاکھوں اَور کروڑوں فرشتوں کی آواز سُنی۔ اَور اُنہُوں نے بُلند آواز سے یہ نغمہ گایا: ”ذبح کیا ہُوا برّہ ہی، قُدرت، دولت، حِکمت، طاقت عزّت، تمجید اَور حَمد کے لائق ہے!“ پھر میں نے آسمان اَور زمین اَور زمین کے نیچے اَور سمُندر کی ساری مخلُوقات کو اَورجو کچھ اُن میں ہیں یہ نغمہ گاتے سُنا: ”جو تخت نشین ہے اُس کی اَور برّہ کی حَمد اَور عزّت اَور جلال اَور قُدرت، ابدُالآباد ہوتی رہے۔“ اَور پھر چاروں جانداروں نے، ”آمین“ کہا اَور بُزرگوں نے گِرکر سَجدہ کیا۔
مکاشفہ 8:5-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اور لیتے وقت چار جاندار اور 24 بزرگ لیلے کے سامنے منہ کے بل گر گئے۔ ہر ایک کے پاس ایک سرود اور بخور سے بھرے سونے کے پیالے تھے۔ اِن سے مراد مُقدّسین کی دعائیں ہیں۔ ساتھ ساتھ وہ ایک نیا گیت گانے لگے، ”تُو طومار کو لے کر اُس کی مُہروں کو کھولنے کے لائق ہے۔ کیونکہ تجھے ذبح کیا گیا، اور اپنے خون سے تُو نے لوگوں کو ہر قبیلے، ہر اہلِ زبان، ہر ملت اور ہر قوم سے اللہ کے لئے خرید لیا ہے۔ تُو نے اُنہیں شاہی اختیار دے کر ہمارے خدا کے امام بنا دیا ہے۔ اور وہ دنیا میں حکومت کریں گے۔“ مَیں نے دوبارہ دیکھا تو بےشمار فرشتوں کی آواز سنی۔ وہ تخت، چار جانداروں اور بزرگوں کے ارد گرد کھڑے اونچی آواز سے کہہ رہے تھے، ”لائق ہے وہ لیلا جو ذبح کیا گیا ہے۔ وہ قدرت، دولت، حکمت اور طاقت، عزت، جلال اور ستائش پانے کے لائق ہے۔“ پھر مَیں نے آسمان پر، زمین پر، زمین کے نیچے اور سمندر کی ہر مخلوق کی آوازیں سنیں۔ ہاں، کائنات کی سب مخلوقات یہ گا رہے تھے، ”تخت پر بیٹھنے والے اور لیلے کی ستائش اور عزت، جلال اور قدرت ازل سے ابد تک رہے۔“ چار جانداروں نے جواب میں ”آمین“ کہا، اور بزرگوں نے گر کر سجدہ کیا۔
مکاشفہ 8:5-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب اُس نے کِتاب لے لی تو وہ چاروں جاندار اور چَوبِیس بزُرگ اُس برّہ کے سامنے گِر پڑے اور ہر ایک کے ہاتھ میں بَربَط اور عُود سے بھرے ہُوئے سونے کے پِیالے تھے۔ یہ مُقدّسوں کی دُعائیں ہیں۔ اور وہ یہ نیا گِیت گانے لگے کہ تُو ہی اِس کِتاب کو لینے اور اُس کی مُہریں کھولنے کے لائِق ہے کیونکہ تُو نے ذبح ہو کر اپنے خُون سے ہر ایک قبِیلہ اور اہلِ زُبان اور اُمّت اور قَوم میں سے خُدا کے واسطے لوگوں کو خرِید لِیا۔ اور اُن کو ہمارے خُدا کے لِئے ایک بادشاہی اور کاہِن بنا دِیا اور وہ زمِین پر بادشاہی کرتے ہیں۔ اور جب مَیں نے نِگاہ کی تو اُس تخت اور اُن جان داروں اور بزُرگوں کے گِرداگِرد بُہت سے فرِشتوں کی آواز سُنی جِن کا شُمار لاکھوں اور کروڑوں تھا۔ اور وہ بُلند آواز سے کہتے تھے کہ ذبح کِیا ہُؤا برّہ ہی قُدرت اور دَولت اور حِکمت اور طاقت اور عِزّت اور تمجِید اور حَمد کے لائِق ہے۔ پِھر مَیں نے آسمان اور زمِین اور زمِین کے نِیچے کی اور سمُندر کی سب مخلُوقات کو یعنی سب چِیزوں کو جو اُن میں ہیں یہ کہتے سُنا کہ جو تخت پر بَیٹھا ہے اُس کی اور بَرّہ کی حَمد اور عِزّت اور تمجِید اور سَلطنت ابدُالآباد رہے۔ اور چاروں جان داروں نے آمِین کہا اور بزُرگوں نے گِر کر سِجدہ کِیا۔