مکاشفہ 5:5-10
مکاشفہ 5:5-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب اُن بزُرگوں میں سے ایک نے مُجھ سے کہا کہ مَت رو۔ دیکھ۔ یہُوداؔہ کے قبِیلہ کا وہ بَبر جو داؤُد کی اصل ہے اُس کِتاب اور اُس کی ساتوں مُہروں کو کھولنے کے لِئے غالِب آیا۔ اور مَیں نے اُس تخت اور چاروں جان داروں اور اُن بزُرگوں کے بِیچ میں گویا ذبح کِیا ہُؤا ایک برّہ کھڑا دیکھا۔ اُس کے سات سِینگ اور سات آنکھیں تِھیں۔ یہ خُدا کی ساتوں رُوحیں ہیں جو تمام رُویِ زمِین پر بھیجی گئی ہیں۔ اُس نے آ کر تخت پر بَیٹھے ہُوئے کے دہنے ہاتھ سے اُس کِتاب کو لے لِیا۔ جب اُس نے کِتاب لے لی تو وہ چاروں جاندار اور چَوبِیس بزُرگ اُس برّہ کے سامنے گِر پڑے اور ہر ایک کے ہاتھ میں بَربَط اور عُود سے بھرے ہُوئے سونے کے پِیالے تھے۔ یہ مُقدّسوں کی دُعائیں ہیں۔ اور وہ یہ نیا گِیت گانے لگے کہ تُو ہی اِس کِتاب کو لینے اور اُس کی مُہریں کھولنے کے لائِق ہے کیونکہ تُو نے ذبح ہو کر اپنے خُون سے ہر ایک قبِیلہ اور اہلِ زُبان اور اُمّت اور قَوم میں سے خُدا کے واسطے لوگوں کو خرِید لِیا۔ اور اُن کو ہمارے خُدا کے لِئے ایک بادشاہی اور کاہِن بنا دِیا اور وہ زمِین پر بادشاہی کرتے ہیں۔
مکاشفہ 5:5-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب اُن بُزرگوں میں سے ایک نے مُجھ سے کہا، ”مت رو، دیکھ، یہُوداہؔ کے قبیلہ کا شیرببر جو حضرت داویؔد کی اصل ہے، وُہی اُس کِتاب اَور اُس کی ساتوں مُہروں کو کھولنے کے لائق ہے اَور غالب آیا ہے۔“ تَب مَیں نے اُس تختِ الٰہی اَور اُن چاروں جانداروں اَور اُن بُزرگوں کے درمیان گویا ایک ذبح کیا ہُوا برّہ کھڑا دیکھا۔ اُس کے سات سینگ اَور سات آنکھیں تھیں؛ یہ خُدا کی سات رُوحیں یعنی پاک رُوح ہے جو تمام روئے زمین پر بھیجی گئی ہیں۔ اُس برّہ نے آگے بڑھ کر، اُس تخت نشین کے داہنے ہاتھ سے وہ کِتاب لے لی۔ اَور جَب اُس نے وہ کِتاب لی تو چاروں جاندار اَور چوبیس بُزرگ حُکمراں اُس برّہ کے سامنے سَجدہ میں گِر پڑے۔ اُن میں سے ہر ایک کے پاس بربط اَور بخُور سے بھرے ہویٔے سونے کے پیالے تھے۔ یہ مُقدّسین کی دعائیں ہیں۔ اَور وہ یہ نیا نغمہ گاَنے لگے، ”تُو ہی اِس کِتاب کو لینے اَور اُس کی مُہریں کھولنے کے لائق ہے، کیونکہ تُونے ذبح ہوکر، اَپنے خُون سے ہر قبیلہ، اَور اہلِ زبان، ہر اُمّت اَور ہر قوم سے لوگوں کو خُدا کے واسطے خرید لیا ہے۔ اَور اُنہیں ہمارے خُدا کے لیٔے شاہی کاہِنوں کی جماعت بنا دیا، اَور وہ زمین پر حُکمرانی کریں گے۔“
مکاشفہ 5:5-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن بزرگوں میں سے ایک نے مجھ سے کہا، ”مت رو۔ دیکھ، یہوداہ قبیلے کے شیرببر اور داؤد کی جڑ نے فتح پائی ہے، اور وہی طومار کی سات مُہروں کو کھول سکتا ہے۔“ پھر مَیں نے ایک لیلا دیکھا جو تخت کے درمیان کھڑا تھا۔ وہ چار جانداروں اور بزرگوں سے گھرا ہوا تھا اور یوں لگتا تھا کہ اُسے ذبح کیا گیا ہو۔ اُس کے سات سینگ اور سات آنکھیں تھیں۔ اِن سے مراد اللہ کی وہ سات روحیں ہیں جنہیں دنیا کی ہر جگہ بھیجا گیا ہے۔ لیلے نے آ کر تخت پر بیٹھنے والے کے دہنے ہاتھ سے طومار کو لے لیا۔ اور لیتے وقت چار جاندار اور 24 بزرگ لیلے کے سامنے منہ کے بل گر گئے۔ ہر ایک کے پاس ایک سرود اور بخور سے بھرے سونے کے پیالے تھے۔ اِن سے مراد مُقدّسین کی دعائیں ہیں۔ ساتھ ساتھ وہ ایک نیا گیت گانے لگے، ”تُو طومار کو لے کر اُس کی مُہروں کو کھولنے کے لائق ہے۔ کیونکہ تجھے ذبح کیا گیا، اور اپنے خون سے تُو نے لوگوں کو ہر قبیلے، ہر اہلِ زبان، ہر ملت اور ہر قوم سے اللہ کے لئے خرید لیا ہے۔ تُو نے اُنہیں شاہی اختیار دے کر ہمارے خدا کے امام بنا دیا ہے۔ اور وہ دنیا میں حکومت کریں گے۔“