مکاشفہ 1:22-5
مکاشفہ 1:22-5 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پھر اُس فرشتہ نے مُجھے آبِ حیات کا ایک دریا دکھایا، جو بِلّور کی مانند شفّاف تھا، جو خُدا اَور برّہ کے تخت سے نِکل کر بہتا تھا۔ یہ دریا اُس شہر کی شاہراہ کے وَسط میں بہتا تھا۔ اَور اُس دریا کے دونوں طرف شجرِ حیات تھے۔ اُس میں بَارہ قِسم کے پھل آتے تھے اَور ہر مہینے میں پھل دیتا تھا اَور اُس درخت کے پتّوں سے دُنیا کی سَب قوموں کو شفا ہوتی تھی۔ وہاں کویٔی بھی ملعُون چیز پھر کبھی نہ ہوگی۔ خُدا اَور برّہ کا تخت اُس شہر میں ہوگا اَور اُس کے خادِم اُس کی عبادت کریں گے۔ اَور وہ اُس کا چہرہ دیکھیں گے اَور اُس کا نام اُن کی پیشانی پر لِکھّا ہوگا۔ اَور وہاں پھر کبھی رات نہ ہوگی اَور وہ چراغ اَور سُورج کی رَوشنی کے محتاج نہ ہوں گے کیونکہ خُداوؔند خُدا خُود اُنہیں رَوشن کرے گا اَور وہ اَبد تک بادشاہی کرتے رہیں گے۔
مکاشفہ 1:22-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر فرشتے نے مجھے زندگی کے پانی کا دریا دکھایا۔ وہ بلور جیسا صاف شفاف تھا اور اللہ اور لیلے کے تخت سے نکل کر شہر کی بڑی سڑک کے بیچ میں سے بہہ رہا تھا۔ دریا کے دونوں کناروں پر زندگی کا درخت تھا۔ یہ درخت سال میں بارہ دفعہ پھل لاتا تھا، ہر مہینے میں ایک بار۔ اور درخت کے پتے قوموں کی شفا کے لئے استعمال ہوتے تھے۔ وہاں کوئی بھی ملعون چیز نہیں ہو گی۔ اللہ اور لیلے کا تخت شہر میں ہوں گے اور اُس کے خادم اُس کی خدمت کریں گے۔ وہ اُس کا چہرہ دیکھیں گے، اور اُس کا نام اُن کے ماتھوں پر ہو گا۔ وہاں رات نہیں ہو گی اور اُنہیں کسی چراغ یا سورج کی روشنی کی ضرورت نہیں ہو گی، کیونکہ رب خدا اُنہیں روشنی دے گا۔ وہاں وہ ابد تک حکومت کریں گے۔
مکاشفہ 1:22-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر اُس نے مُجھے بَلّور کی طرح چمکتا ہُؤا آبِ حیات کا ایک دریا دِکھایا جو خُدا اور برّہ کے تخت سے نِکل کر اُس شہر کی سڑک کے بِیچ میں بہتا تھا۔ اور دَریا کے وارپار زِندگی کا درخت تھا۔ اُس میں بارہ قِسم کے پَھل آتے تھے اور ہر مہِینے میں پَھلتا تھا اور اُس درخت کے پتّوں سے قَوموں کو شِفا ہوتی تھی۔ اور پِھر لَعنت نہ ہو گی اور خُدا اور بَرّہ کا تخت اُس شہر میں ہو گا اور اُس کے بندے اُس کی عِبادت کریں گے۔ اور وہ اُس کا مُنہ دیکھیں گے اور اُس کا نام اُن کے ماتھوں پر لِکھا ہُؤا ہو گا۔ اور پِھر رات نہ ہو گی اور وہ چراغ اور سُورج کی روشنی کے مُحتاج نہ ہوں گے کیونکہ خُداوند خُدا اُن کو رَوشن کرے گا اور وہ ابدُالآباد بادشاہی کریں گے۔