YouVersion Logo
تلاش

مکاشفہ 1:20-9

مکاشفہ 1:20-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پھر مَیں نے ایک فرشتہ کو آسمان سے اُترتے دیکھا۔ اُس کے پاس اتھاہ گڑھے کی کُنجی تھی اَور وہ ہاتھ میں ایک بڑی زنجیر لئے ہویٔے تھا۔ اُس نے اَژدہا یعنی پُرانے سانپ کو جو اِبلیس اَور شیطان ہے پکڑا اَور اُسے ایک ہزار سال کے لیٔے باندھا۔ اَور اتھاہ گڑھے میں ڈال دیا اَور اُسے بند کرکے اُس پر مُہر لگا دی تاکہ وہ تمام قوموں کو گُمراہ نہ کر سکے، جَب تک کہ ہزار سال پُورے نہ ہو جایٔیں۔ اِس کے بعد اُس کا کچھ عرصہ کے لیٔے کھولا جانا لازمی ہے۔ پھر میں نے تخت دیکھے جِن پر وہ لوگ بَیٹھے ہویٔے تھے جنہیں اِنصاف کرنے کا اِختیّار دیا گیا تھا۔ اَور میں نے اُن لوگوں کی رُوحیں دیکھیں جِن کے سَر حُضُور عیسیٰ کی گواہی دینے اَور خُدا کے کلام کی وجہ سے کاٹ دئیے گیٔے تھے۔ اُن لوگوں نے نہ تو اُس حَیوان کو نہ اُس کی بُت کو سَجدہ کیا تھا، اَور نہ اَپنی پیشانی یا ہاتھوں پر اُس کا نِشان لگوایا تھا۔ اَور وہ زندہ ہوکر ایک ہزار بَرس تک المسیؔح کے ساتھ بادشاہی کرتے رہے۔ اَور جَب تک یہ ہزار بَرس پُورے نہ ہویٔے، باقی مُردے زندہ نہیں کیٔے گیٔے۔ یہ پہلی قیامت ہے۔ مُبارک اَور مُقدّس ہیں وہ لوگ جو پہلی قیامت میں شریک ہوں۔ اُن پر دُوسری موت کا کویٔی اِختیّار نہیں بَلکہ وہ خُدا اَور المسیؔح کے کاہِنؔ ہوں گے اَور ہزار بَرس تک اُس کے ساتھ بادشاہی کرتے رہیں گے۔ جَب ہزار بَرس پُورے ہو چُکیں گے تو شیطان اَپنی قَید سے رہا کر دیا جائے گا۔ اَور اُن قوموں کو جو زمین کی چاروں طرف آباد ہوں گی، یعنی یاجُوجؔ اَور ماجُوجؔ کو گُمراہ کرکے جنگ کے لیٔے جمع کرے گا۔ اُن کا شُمار سمُندر کی ریت کے بَرابر ہوگا۔ وہ ساری زمین پر پھیل جایٔیں گی اَور مُقدّسین کی لشکرگاہ اَور اُس عزیز شہر کو چاروں طرف سے گھیر لیں گی، تَب آسمان سے آگ نازل ہوگی اَور اُنہیں بھسم کر ڈالے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 20

مکاشفہ 1:20-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر مَیں نے ایک فرشتہ دیکھا جو آسمان سے اُتر رہا تھا۔ اُس کے ہاتھ میں اتھاہ گڑھے کی چابی اور ایک بھاری زنجیر تھی۔ اُس نے اژدہے یعنی قدیم سانپ کو جو شیطان یا ابلیس کہلاتا ہے پکڑ کر ہزار سال کے لئے باندھ لیا۔ اُس نے اُسے اتھاہ گڑھے میں پھینک کر تالا لگا دیا اور اُس پر مُہر لگا دی تاکہ وہ ہزار سال تک قوموں کو گم راہ نہ کر سکے۔ اُس کے بعد ضروری ہے کہ اُسے تھوڑی دیر کے لئے آزاد کر دیا جائے۔ پھر مَیں نے تخت دیکھے جن پر وہ بیٹھے تھے جنہیں عدالت کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔ اور مَیں نے اُن کی روحیں دیکھیں جنہیں عیسیٰ کے بارے میں گواہی دینے اور جن کا اللہ کا کلام پیش کرنے کی وجہ سے سر قلم کیا گیا تھا۔ اُنہوں نے حیوان یا اُس کے مجسمے کو سجدہ نہیں کیا تھا، نہ اُس کا نشان اپنے ماتھوں یا ہاتھوں پر لگوایا تھا۔ اب یہ لوگ زندہ ہوئے اور ہزار سال تک مسیح کے ساتھ حکومت کرتے رہے۔ (باقی مُردے ہزار سال کے اختتام پر ہی زندہ ہوئے)۔ یہ پہلی قیامت ہے۔ مبارک اور مُقدّس ہیں وہ جو اِس پہلی قیامت میں شریک ہیں۔ اِن پر دوسری موت کا کوئی اختیار نہیں ہے بلکہ یہ اللہ اور مسیح کے امام ہو کر ہزار سال تک اُس کے ساتھ حکومت کریں گے۔ ہزار سال گزر جانے کے بعد ابلیس کو اُس کی قید سے آزاد کر دیا جائے گا۔ تب وہ نکل کر زمین کے چاروں کونوں میں موجود قوموں بنام جوج اور ماجوج کو بہکائے گا اور اُنہیں جنگ کرنے کے لئے جمع کرے گا۔ لڑنے والوں کی تعداد ساحل پر کی ریت کے ذروں جیسی بےشمار ہو گی۔ اُنہوں نے زمین پر پھیل کر مُقدّسین کی لشکرگاہ کو گھیر لیا، یعنی اُس شہر کو جسے اللہ پیار کرتا ہے۔ لیکن آگ نے آسمان سے نازل ہو کر اُنہیں ہڑپ کر لیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 20

مکاشفہ 1:20-9 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر مَیں نے ایک فرِشتہ کو آسمان سے اُترتے دیکھا جِس کے ہاتھ میں اتھاہ گڑھے کی کُنجی اور ایک بڑی زنجِیر تھی۔ اُس نے اُس اَژدہا یعنی پُرانے سانپ کو جو اِبلِیس اور شَیطان ہے پکڑ کر ہزار برس کے لِئے باندھا۔ اور اُسے اتھاہ گڑھے میں ڈال کر بند کر دِیا اور اُس پر مُہر کر دی تاکہ وہ ہزار برس کے پُورے ہونے تک قَوموں کو پِھر گُمراہ نہ کرے۔ اِس کے بعد ضرُور ہے کہ تھوڑے عرصہ کے لِئے کھولا جائے۔ پِھر مَیں نے تخت دیکھے اور لوگ اُن پر بَیٹھ گئے اور عدالت اُن کے سپُرد کی گئی اور اُن کی رُوحوں کو بھی دیکھا جِن کے سر یِسُوع کی گواہی دینے اور خُدا کے کلام کے سبب سے کاٹے گئے تھے اور جِنہوں نے نہ اُس حَیوان کی پرستِش کی تھی نہ اُس کے بُت کی اور نہ اُس کی چھاپ اپنے ماتھے اور ہاتھوں پر لی تھی۔ وہ زِندہ ہو کر ہزار برس تک مسِیح کے ساتھ بادشاہی کرتے رہے۔ اور جب تک یہ ہزار برس پُورے نہ ہو لِئے باقی مُردے زِندہ نہ ہُوئے۔ پہلی قِیامت یِہی ہے۔ مُبارک اور مُقدّس وہ ہے جو پہلی قِیامت میں شرِیک ہو۔ اَیسوں پر دُوسری مَوت کا کُچھ اِختیار نہیں بلکہ وہ خُدا اور مسِیح کے کاہِن ہوں گے اور اُس کے ساتھ ہزار برس تک بادشاہی کریں گے۔ اور جب ہزار برس پُورے ہو چُکیں گے تو شَیطان قَید سے چھوڑ دِیا جائے گا۔ اور اُن قَوموں کو جو زمِین کی چاروں طرف ہوں گی یعنی جوج و ماجوج کو گُمراہ کر کے لڑائی کے لِئے جمع کرنے کو نِکلے گا۔ اُن کا شُمار سمُندر کی ریت کے برابر ہو گا۔ اور وہ تمام زمِین پر پَھیل جائیں گی اور مُقدّسوں کی لشکر گاہ اور عزِیز شہر کو چاروں طرف سے گھیر لیں گی اور آسمان پر سے آگ نازِل ہو کر اُنہیں کھا جائے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 20