YouVersion Logo
تلاش

مکاشفہ 1:19-21

مکاشفہ 1:19-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اِس کے بعد مَیں نے آسمان پر گویا ایک بڑی جماعت کو بُلند آواز سے یہ کہتے سُنا، ”ہللّویاہ! نَجات اَور جلال اَور قُدرت ہمارے خُدا ہی کی ہے، کیونکہ خُدا کے فیصلے برحق اَور دُرست ہیں۔ اِس لیٔے کہ خُدا نے اُس بڑی کسبی کو مُجرم ٹھہرایا ہے جِس نے اَپنی زناکاری سے دُنیا کو خَراب کر دیا تھا۔ اَور خُدا نے اُس سے اَپنے بندوں کے خُون کا بدلہ لے لیا ہے۔“ پھر دُوسری بار اُنہُوں نے پُکار کر کہا: ”ہللّویاہ! اَور اُس کے جلنے کا دُھواں اَبد تک اُٹھتا رہے گا۔“ تَب چوبیسوں بُزرگوں اَور چاروں جانداروں نے مُنہ کے بَل گِر کر خُدا کو جو تخت نشین تھا، سَجدہ کرکے کہا: ”آمین، ہللّویاہ!“ پھر تختِ الٰہی سے یہ آواز آئی، ”اَے خُدا کے سَب بندوں، خواہ چُھوٹے یا بڑے، تُم جو اُس کا خوف رکھتے ہو، ہمارے خُدا کی حَمد کرو!“ پھر مَیں نے ایک اَیسی بڑی ہُجوم کی آواز سُنی جو کسی بڑے آبشار کے شور اَور بجلی کے کڑکنے کی زوردار آواز کی مانند تھی۔ وہ کہہ رہی تھی: ”ہللّویاہ! کیونکہ خُداوؔند ہمارا خُدا قادرمُطلق بادشاہی کرتا ہے۔“ آؤ ہم خُوشی منائیں اَور نہایت شادمان ہوں اَور خُدا کی تمجید کریں! کیونکہ برّہ کی شادی کا وقت آ گیا ہے، اَور اُس کی دُلہن نے اَپنے آپ کو آراستہ کر لیا ہے۔ ”اَور اُسے چمکدار اَور صَاف مہین کتانی کپڑا، پہننے کا اِختیار دیا گیا ہے۔“ (کیونکہ مہین کتانی کپڑے سے مُراد، مُقدّسین کے راستبازی کے کام ہیں۔) پھر فرشتہ نے مُجھ سے کہا، ”لِکھ، مُبارک ہیں وہ جو برّہ کی شادی کی ضیافت میں بُلائے گیٔے ہیں۔“ اَور اُس نے مزید کہا، ”یہ خُدا کی حقیقی باتیں ہیں۔“ تَب میں اُس کو سَجدہ کرنے کی غرض سے اُس کے قدموں پر گِر پڑا۔ لیکن اُس نے مُجھ سے کہا، ”خبردار! اَیسا مت کر! میں بھی تیرا اَور تیرے بھائیوں اَور بہنوں کا ہم خدمت ہُوں جو یِسوعؔ کی گواہی دینے پر قائِم ہیں۔ خُدا ہی کو سَجدہ کر! کیونکہ یِسوعؔ کی گواہی دینا ہی نبُوّت کی رُوح ہے۔“ پھر مَیں نے آسمان کو کھُلا ہُوا دیکھا اَور مُجھے ایک سفید گھوڑا نظر آیا جِس کا سوار وفادار اَور برحق کہلاتا ہے۔ وہ صداقت سے اِنصاف اَور جنگ کرتا ہے۔ اُس کی آنکھیں آگ کے شُعلوں کی مانند ہیں اَور اُس کے سَر پر بہت سے شاہی تاج ہیں۔ اُس کی پیشانی پر اُس کا نام بھی لِکھّا ہُواہے جسے سِوائے اُس کے کویٔی اَور نہیں جانتا۔ وہ خُون میں ڈُبوئے ہویٔے جامہ میں مُلبّس ہے اَور اُس کا نام خُدا کا کلِمہ ہے۔ آسمانی فَوجیں سفید گھوڑوں پر سوار، اَور سفید اَور صَاف مہین کتانی لباس پہنے ہویٔے اُس کے پیچھے پیچھے چل رہیں تھیں۔ اَور تمام قوموں کو ہلاک کرنے کے لیٔے اُس کے مُنہ سے ایک تیز تلوار نکلتی ہے۔ ”وہ لوہے کے شاہی عصا سے اُن پر حُکومت کرےگا۔“ وہ اُنہیں قادرمُطلق خُدا کے قہر کی مَے کے حوض میں انگوروں کی طرح روند ڈالتا ہے۔ اُس کی پوشاک اَور ران پر یہ نام لِکھّا ہُواہے: بادشاہوں کا بادشاہ، اَور خُداوندوں کا خُداوؔند۔ پھر مَیں نے ایک فرشتہ کو آفتاب پر کھڑے ہویٔے دیکھا۔ اُس نے فِضا میں اُڑنے والے تمام پرندوں سے بُلند آواز سے چِلّاکر کہا، ”آؤ اَور خُدا کی بڑی ضیافت میں شریک ہونے کے لیٔے جمع ہو جاؤ، تاکہ تُم بادشاہوں، سپہ سالاروں، زور آوروں، گھوڑوں اَور اُن کے سواروں کا، آزاد یا غُلاموں، چُھوٹے یا بڑے، سَب آدمیوں کا گوشت کھاؤ۔“ تَب مَیں نے حَیوان کو اَور رُوئے زمین کے بادشاہوں اَور اُن کی فَوجوں کو اُس گھوڑے پر سوار اَور اُس کے لشکر سے جنگ کرنے کے لیٔے جمع ہوتے دیکھا۔ لیکن اُس حَیوان کو اَور اُس کے ساتھ اُس جھُوٹے نبی کو بھی جِس نے اُس حَیوان کے نام سے معجزانہ نِشان دِکھائے تھے، گِرفتار کر لیا گیا۔ جِس نے اَیسے نِشان دِکھا کر اُن تمام لوگوں کو گُمراہ کیا تھا، جنہوں نے حَیوان کا نِشان لگوایا تھا اَور اُس کے بُت کی پرستش کی تھی۔ وہ دونوں آگ کی اُس جھیل میں زندہ ہی ڈال دئیے گیٔے جو گندھک سے جلتی رہتی ہے۔ اَور اُن کے باقی لوگ اُس گھوڑے کے سوار کے مُنہ سے نکلنے والی تلوار سے ہلاک کر دیئے گیٔے اَور سَب پرندے اُن کا گوشت کھا کر سیر ہو گیٔے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 19

مکاشفہ 1:19-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اِس کے بعد مَیں نے آسمان پر ایک بڑے ہجوم کی سی آواز سنی جس نے کہا، ”اللہ کی تمجید ہو! نجات، جلال اور قدرت ہمارے خدا کو حاصل ہے۔ کیونکہ اُس کی عدالتیں سچی اور راست ہیں۔ اُس نے اُس بڑی کسبی کو مجرم ٹھہرایا ہے جس نے زمین کو اپنی زناکاری سے بگاڑ دیا۔ اُس نے اُس سے اپنے خادموں کی قتل و غارت کا بدلہ لے لیا ہے۔“ اور وہ دوبارہ بول اُٹھے، ”اللہ کی تمجید ہو! اِس شہر کا دھواں ابد تک چڑھتا رہتا ہے۔“ چوبیس بزرگوں اور چار جانداروں نے گر کر تخت پر بیٹھے اللہ کو سجدہ کیا۔ اُنہوں نے کہا، ”آمین، اللہ کی تمجید ہو۔“ پھر تخت کی طرف سے ایک آواز سنائی دی۔ اُس نے کہا، ”اے اُس کے تمام خادمو، ہمارے خدا کی تمجید کرو۔ اے اُس کا خوف ماننے والو، خواہ بڑے ہو یا چھوٹے اُس کی ستائش کرو۔“ پھر مَیں نے ایک بڑے ہجوم کی سی آواز سنی، جو بڑی آبشار کے شور اور گرجتے بادلوں کی کڑک کی مانند تھی۔ اِن لوگوں نے کہا، ”اللہ کی تمجید ہو! کیونکہ ہمارا رب قادرِ مطلق خدا تخت نشین ہو گیا ہے۔ آؤ، ہم مسرور ہوں، خوشی منائیں اور اُسے جلال دیں، کیونکہ لیلے کی شادی کا وقت آ گیا ہے۔ اُس کی دُلھن نے اپنے آپ کو تیار کر لیا ہے، اور اُسے پہننے کے لئے باریک کتان کا چمکتا اور پاک صاف لباس دے دیا گیا۔“ (باریک کتان سے مراد مُقدّسین کے راست کام ہیں۔) پھر فرشتے نے مجھ سے کہا، ”لکھ، مبارک ہیں وہ جنہیں لیلے کی شادی کی ضیافت کے لئے دعوت مل گئی ہے۔“ اُس نے مزید کہا، ”یہ اللہ کے سچے الفاظ ہیں۔“ اِس پر مَیں اُسے سجدہ کرنے کے لئے اُس کے پاؤں میں گر گیا۔ لیکن اُس نے مجھ سے کہا، ”ایسا مت کر! مَیں بھی تیرا اور تیرے اُن بھائیوں کا ہم خدمت ہوں جو عیسیٰ کی گواہی دینے پر قائم ہیں۔ صرف اللہ کو سجدہ کر۔ کیونکہ جو عیسیٰ کے بارے میں گواہی دیتا ہے وہ یہ نبوّت کی روح میں کرتا ہے۔“ پھر مَیں نے آسمان کو کھلا دیکھا۔ ایک سفید گھوڑا نظر آیا جس کے سوار کا نام ”وفادار اور سچا“ ہے، کیونکہ وہ انصاف سے عدالت اور جنگ کرتا ہے۔ اُس کی آنکھیں بھڑکتے شعلے کی مانند ہیں اور اُس کے سر پر بہت سے تاج ہیں۔ اُس پر ایک نام لکھا ہے جسے صرف وہی جانتا ہے، کوئی اَور اُسے نہیں جانتا۔ وہ ایک لباس سے ملبّس تھا جسے خون میں ڈبویا گیا تھا۔ اُس کا نام ”اللہ کا کلام“ ہے۔ آسمان کی فوجیں اُس کے پیچھے پیچھے چل رہی تھیں۔ سب سفید گھوڑوں پر سوار تھے اور باریک کتان کے چمکتے اور پاک صاف کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ اُس کے منہ سے ایک تیز تلوار نکلتی ہے جس سے وہ قوموں کو مار دے گا۔ وہ لوہے کے شاہی عصا سے اُن پر حکومت کرے گا۔ ہاں، وہ انگور کا رس نکالنے کے حوض میں اُنہیں کچل ڈالے گا۔ یہ حوض کیا ہے؟ اللہ قادرِ مطلق کا سخت غضب۔ اُس کے لباس اور ران پر یہ نام لکھا ہے، ”بادشاہوں کا بادشاہ اور ربوں کا رب۔“ پھر مَیں نے ایک فرشتہ سورج پر کھڑا دیکھا۔ اُس نے اونچی آواز سے پکار کر اُن تمام پرندوں سے جو میرے سر پر منڈلا رہے تھے کہا، ”آؤ، اللہ کی بڑی ضیافت کے لئے جمع ہو جاؤ۔ پھر تم بادشاہوں، جرنیلوں، بڑے بڑے افسروں، گھوڑوں اور اُن کے سواروں کا گوشت کھاؤ گے، ہاں تمام لوگوں کا گوشت، خواہ آزاد ہوں یا غلام، چھوٹے ہوں یا بڑے۔“ پھر مَیں نے حیوان اور بادشاہوں کو اُن کی فوجوں سمیت دیکھا۔ وہ گھوڑے پر ”اللہ کا کلام“ نامی سوار اور اُس کی فوج سے جنگ کرنے کے لئے جمع ہوئے تھے۔ لیکن حیوان کو گرفتار کیا گیا۔ اُس کے ساتھ اُس جھوٹے نبی کو بھی گرفتار کیا گیا جس نے حیوان کی خاطر معجزانہ نشان دکھائے تھے۔ اِن معجزوں کے وسیلے سے اُس نے اُن کو فریب دیا تھا جنہیں حیوان کا نشان مل گیا تھا اور جو اُس کے مجسمے کو سجدہ کرتے تھے۔ دونوں کو جلتی ہوئی گندھک کی شعلہ خیز جھیل میں پھینکا گیا۔ باقی لوگوں کو اُس تلوار سے مار ڈالا گیا جو گھوڑے پر سوار کے منہ سے نکلتی تھی۔ اور تمام پرندے لاشوں کا گوشت کھا کر سیر ہو گئے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 19

مکاشفہ 1:19-21 کِتابِ مُقادّس (URD)

اِن باتوں کے بعد مَیں نے آسمان پر گویا بڑی جماعت کو بُلند آواز سے یہ کہتے سُنا کہ ہلّلُویاہ! نجات اور جلال اور قُدرت ہمارے خُدا ہی کی ہے۔ کیونکہ اُس کے فَیصلے راست اور دُرست ہیں اِس لِئے کہ اُس نے اُس بڑی کسبی کا اِنصاف کِیا جِس نے اپنی حرام کاری سے دُنیا کو خراب کِیا تھا اور اُس سے اپنے بندوں کے خُون کا بدلہ لِیا۔ پِھر دُوسری بار اُنہوں نے ہلّلُویاہ کہا اور اُس کے جَلنے کا دُھواں ابدُالآباد اُٹھتا رہے گا۔ اور چَوبِیسوں بزُرگوں اور چاروں جان داروں نے گِر کر خُدا کو سِجدہ کِیا جو تخت پر بَیٹھا تھا اور کہا آمِین۔ ہلّلُویاہ! اور تخت میں سے یہ آواز نِکلی کہ اَے اُس سے ڈرنے والے بندو خواہ چھوٹے ہو خواہ بڑے! تُم سب ہمارے خُدا کی حمد کرو۔ پِھر مَیں نے بڑی جماعِت کی سی آواز اور زور کے پانی کی سی آواز اور سخت گرجوں کی سی آواز سُنی کہ ہلّلُویاہ! اِس لِئے کہ خُداوند ہمارا خُدا قادِرِ مُطلِق بادشاہی کرتا ہے۔ آؤ ہم خُوشی کریں اور نِہایت شادمان ہوں اور اُس کی تمجِید کریں۔ اِس لِئے کہ برّہ کی شادی آ پُہنچی اور اُس کی بِیوی نے اپنے آپ کو تیّار کر لِیا۔ اور اُس کو چمک دار اور صاف مہِین کتانی کپڑا پہننے کا اِختیار دِیا گیا کیونکہ مہِین کتانی کپڑے سے مُقدّس لوگوں کی راست بازی کے کام مُراد ہیں۔ اور اُس نے مُجھ سے کہا لِکھ۔ مُبارک ہیں وہ جو برّہ کی شادی کی ضِیافت میں بُلائے گئے ہیں۔ پِھر اُس نے مُجھ سے کہا یہ خُدا کی سچّی باتیں ہیں۔ اور مَیں اُسے سِجدہ کرنے کے لِئے اُس کے پاؤں پر گِرا۔ اُس نے مُجھ سے کہا کہ خبردار! اَیسا نہ کر۔ مَیں بھی تیرا اور تیرے اُن بھائِیوں کا ہم خِدمت ہُوں جو یِسُوع کی گواہی دینے پر قائِم ہیں۔ خُدا ہی کو سِجدہ کر کیونکہ یِسُوعؔ کی گواہی نبُوّت کی رُوح ہے۔ پِھر مَیں نے آسمان کو کھُلا ہُؤا دیکھا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک سفید گھوڑا ہے اور اُس پر ایک سوار ہے جو سچّا اور برحق کہلاتا ہے اور وہ راستی کے ساتھ اِنصاف اور لڑائی کرتا ہے۔ اور اُس کی آنکھیں آگ کے شُعلے ہیں اور اُس کے سر پر بُہت سے تاج ہیں اور اُس کا ایک نام لِکھا ہُؤا ہے جِسے اُس کے سِوا اَور کوئی نہیں جانتا۔ اور وہ خُون کی چِھڑکی ہُوئی پوشاک پہنے ہُوئے ہے اور اُس کا نام کلامِ خُدا کہلاتا ہے۔ اور آسمان کی فَوجیں سفید گھوڑوں پر سوار اور سفید اور صاف مہِین کتانی کپڑے پہنے ہُوئے اُس کے پِیچھے پِیچھے ہیں۔ اور قَوموں کے مارنے کے لِئے اُس کے مُنہ سے ایک تیز تلوار نِکلتی ہے اور وہ لوہے کے عصا سے اُن پر حُکُومت کرے گا اور قادِرِ مُطلِق خُدا کے سخت غضب کی مَے کے حَوض میں انگُور رَوندے گا۔ اور اُس کی پوشاک اور ران پر یہ نام لِکھا ہُؤا ہے بادشاہوں کا بادشاہ اور خُداوندوں کا خُداوند۔ پِھر مَیں نے ایک فرِشتہ کو آفتاب پر کھڑے ہُوئے دیکھا اور اُس نے بڑی آواز سے چِلاّ کر آسمان میں کے سب اُڑنے والے پرِندوں سے کہا آؤ۔ خُدا کی بڑی ضِیافت میں شرِیک ہونے کے لِئے جمع ہو جاؤ۔ تاکہ تُم بادشاہوں کا گوشت اور فَوجی سرداروں کا گوشت اور زورآوروں کا گوشت اور گھوڑوں اور اُن کے سواروں کا گوشت اور سب آدمِیوں کا گوشت کھاؤ۔ خواہ آزاد ہوں خواہ غُلام خواہ چھوٹے ہوں خواہ بڑے۔ پِھر مَیں نے اُس حَیوان اور زمِین کے بادشاہوں اور اُن کی فَوجوں کو اُس گھوڑے کے سوار اور اُس کی فَوج سے جنگ کرنے کے لِئے اِکٹّھے دیکھا۔ اور وہ حَیوان اور اُس کے ساتھ وہ جُھوٹا نبی پکڑا گیا جِس نے اُس کے سامنے اَیسے نِشان دِکھائے تھے جِن سے اُس نے حَیوان کی چھاپ لینے والوں اور اُس کے بُت کی پرستِش کرنے والوں کو گُمراہ کِیا تھا۔ وہ دونوں آگ کی اُس جِھیل میں زِندہ ڈالے گئے جو گندھک سے جَلتی ہے۔ اور باقی اُس گھوڑے کے سوار کی تلوار سے جو اُس کے مُنہ سے نِکلتی تھی قتل کِئے گئے اور سب پرِندے اُن کے گوشت سے سیر ہو گئے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 19