YouVersion Logo
تلاش

مکاشفہ 1:19-10

مکاشفہ 1:19-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اِس کے بعد میں نے آسمان پر گویا ایک بڑی جماعت کو بُلند آواز سے یہ کہتے سُنا، ”ہللّویاہ! نَجات اَور جلال اَور قُدرت ہمارے خُدا ہی کی ہے، کیونکہ خُدا کے فیصلے برحق اَور دُرست ہیں۔ اِس لیٔے کہ خُدا نے اُس بڑی کسبی کو مُجرم ٹھہرایا ہے جِس نے اَپنی زناکاری سے دُنیا کو خَراب کر دیا تھا۔ اَور خُدا نے اُس سے اَپنے بندوں کے خُون کا بدلہ لے لیا ہے۔“ پھر دُوسری بار اُنہُوں نے پُکار کر کہا: ”ہللّویاہ! اَور اُس کے جلنے کا دھواں اَبد تک اُٹھتا رہے گا۔“ تَب چوبیسوں بُزرگوں اَور چاروں جانداروں نے مُنہ کے بَل گر کر خُدا کو جو تخت نشین تھا، سَجدہ کرکے کہا: ”آمین، ہللّویاہ!“ پھر تختِ الٰہی سے یہ آواز آئی، ”اَے خُدا کے سَب بندوں، خواہ چھوٹے یا بَڑے، تُم جو اُس کا خوف رکھتے ہو، ہمارے خُدا کی حَمد کرو!“ پھر میں نے ایک اَیسی بڑی ہُجوم کی آواز سُنی جو کسی بَڑے آبشار کے شور اَور بِجلی کے کڑکنے کی زُوردار آواز کی مانند تھی۔ وہ کہہ رہی تھی: ”ہللّویاہ! کیونکہ خُداوؔند ہمارا خُدا قادرمُطلق بادشاہی کرتا ہے۔“ آؤ ہم خُوشی منائیں اَور نہایت شادمان ہوں اَور خُدا کی تمجید کریں! کیونکہ برّہ کی شادی کا وقت آ گیا ہے، اَور اُس کی دُلہن نے اَپنے آپ کو آراستہ کر لیا ہے۔ ”اَور اُسے چمکدار اَور صَاف مہین کتانی کپڑا، پہننے کا اِختیّار دیا گیا ہے۔“ (کیونکہ مہین کتانی کپڑے سے مُراد، مُقدّسین کے راستبازی کے کام ہیں۔) پھر فرشتہ نے مُجھ سے کہا، ”لِکھ، مُبارک ہیں وہ جو برّہ کی شادی کی ضیافت میں بُلائے گیٔے ہیں۔“ اَور اُس نے مزید کہا، ”یہ خُدا کی حقیقی باتیں ہیں۔“ تَب میں اُس کو سَجدہ کرنے کی غرض سے اُس کے قدموں پر گِر پڑا۔ لیکن اُس نے مُجھ سے کہا، ”خبردار! اَیسا مت کر! میں بھی تیرا اَور تیرے بھائیوں اَور بہنوں کا ہم خدمت ہُوں جو حُضُور عیسیٰ کی گواہی دینے پر قائِم ہیں۔ خُدا ہی کو سَجدہ کر! کیونکہ حُضُور عیسیٰ کی گواہی دینا ہی نبُوّت کی رُوح ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 19

مکاشفہ 1:19-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اِس کے بعد مَیں نے آسمان پر ایک بڑے ہجوم کی سی آواز سنی جس نے کہا، ”اللہ کی تمجید ہو! نجات، جلال اور قدرت ہمارے خدا کو حاصل ہے۔ کیونکہ اُس کی عدالتیں سچی اور راست ہیں۔ اُس نے اُس بڑی کسبی کو مجرم ٹھہرایا ہے جس نے زمین کو اپنی زناکاری سے بگاڑ دیا۔ اُس نے اُس سے اپنے خادموں کی قتل و غارت کا بدلہ لے لیا ہے۔“ اور وہ دوبارہ بول اُٹھے، ”اللہ کی تمجید ہو! اِس شہر کا دھواں ابد تک چڑھتا رہتا ہے۔“ چوبیس بزرگوں اور چار جانداروں نے گر کر تخت پر بیٹھے اللہ کو سجدہ کیا۔ اُنہوں نے کہا، ”آمین، اللہ کی تمجید ہو۔“ پھر تخت کی طرف سے ایک آواز سنائی دی۔ اُس نے کہا، ”اے اُس کے تمام خادمو، ہمارے خدا کی تمجید کرو۔ اے اُس کا خوف ماننے والو، خواہ بڑے ہو یا چھوٹے اُس کی ستائش کرو۔“ پھر مَیں نے ایک بڑے ہجوم کی سی آواز سنی، جو بڑی آبشار کے شور اور گرجتے بادلوں کی کڑک کی مانند تھی۔ اِن لوگوں نے کہا، ”اللہ کی تمجید ہو! کیونکہ ہمارا رب قادرِ مطلق خدا تخت نشین ہو گیا ہے۔ آؤ، ہم مسرور ہوں، خوشی منائیں اور اُسے جلال دیں، کیونکہ لیلے کی شادی کا وقت آ گیا ہے۔ اُس کی دُلھن نے اپنے آپ کو تیار کر لیا ہے، اور اُسے پہننے کے لئے باریک کتان کا چمکتا اور پاک صاف لباس دے دیا گیا۔“ (باریک کتان سے مراد مُقدّسین کے راست کام ہیں۔) پھر فرشتے نے مجھ سے کہا، ”لکھ، مبارک ہیں وہ جنہیں لیلے کی شادی کی ضیافت کے لئے دعوت مل گئی ہے۔“ اُس نے مزید کہا، ”یہ اللہ کے سچے الفاظ ہیں۔“ اِس پر مَیں اُسے سجدہ کرنے کے لئے اُس کے پاؤں میں گر گیا۔ لیکن اُس نے مجھ سے کہا، ”ایسا مت کر! مَیں بھی تیرا اور تیرے اُن بھائیوں کا ہم خدمت ہوں جو عیسیٰ کی گواہی دینے پر قائم ہیں۔ صرف اللہ کو سجدہ کر۔ کیونکہ جو عیسیٰ کے بارے میں گواہی دیتا ہے وہ یہ نبوّت کی روح میں کرتا ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 19

مکاشفہ 1:19-10 کِتابِ مُقادّس (URD)

اِن باتوں کے بعد مَیں نے آسمان پر گویا بڑی جماعت کو بُلند آواز سے یہ کہتے سُنا کہ ہلّلُویاہ! نجات اور جلال اور قُدرت ہمارے خُدا ہی کی ہے۔ کیونکہ اُس کے فَیصلے راست اور دُرست ہیں اِس لِئے کہ اُس نے اُس بڑی کسبی کا اِنصاف کِیا جِس نے اپنی حرام کاری سے دُنیا کو خراب کِیا تھا اور اُس سے اپنے بندوں کے خُون کا بدلہ لِیا۔ پِھر دُوسری بار اُنہوں نے ہلّلُویاہ کہا اور اُس کے جَلنے کا دُھواں ابدُالآباد اُٹھتا رہے گا۔ اور چَوبِیسوں بزُرگوں اور چاروں جان داروں نے گِر کر خُدا کو سِجدہ کِیا جو تخت پر بَیٹھا تھا اور کہا آمِین۔ ہلّلُویاہ! اور تخت میں سے یہ آواز نِکلی کہ اَے اُس سے ڈرنے والے بندو خواہ چھوٹے ہو خواہ بڑے! تُم سب ہمارے خُدا کی حمد کرو۔ پِھر مَیں نے بڑی جماعِت کی سی آواز اور زور کے پانی کی سی آواز اور سخت گرجوں کی سی آواز سُنی کہ ہلّلُویاہ! اِس لِئے کہ خُداوند ہمارا خُدا قادِرِ مُطلِق بادشاہی کرتا ہے۔ آؤ ہم خُوشی کریں اور نِہایت شادمان ہوں اور اُس کی تمجِید کریں۔ اِس لِئے کہ برّہ کی شادی آ پُہنچی اور اُس کی بِیوی نے اپنے آپ کو تیّار کر لِیا۔ اور اُس کو چمک دار اور صاف مہِین کتانی کپڑا پہننے کا اِختیار دِیا گیا کیونکہ مہِین کتانی کپڑے سے مُقدّس لوگوں کی راست بازی کے کام مُراد ہیں۔ اور اُس نے مُجھ سے کہا لِکھ۔ مُبارک ہیں وہ جو برّہ کی شادی کی ضِیافت میں بُلائے گئے ہیں۔ پِھر اُس نے مُجھ سے کہا یہ خُدا کی سچّی باتیں ہیں۔ اور مَیں اُسے سِجدہ کرنے کے لِئے اُس کے پاؤں پر گِرا۔ اُس نے مُجھ سے کہا کہ خبردار! اَیسا نہ کر۔ مَیں بھی تیرا اور تیرے اُن بھائِیوں کا ہم خِدمت ہُوں جو یِسُوع کی گواہی دینے پر قائِم ہیں۔ خُدا ہی کو سِجدہ کر کیونکہ یِسُوعؔ کی گواہی نبُوّت کی رُوح ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 19