مکاشفہ 1:18-4
مکاشفہ 1:18-4 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اِس کے بعد مَیں نے ایک اَور فرشتہ کو آسمان سے اُترتے دیکھا۔ وہ بڑا صاحبِ اِختیار تھا۔ اَور اُس کے جلال سے ساری زمین رَوشن ہو گئی۔ اُس نے بُلند آواز سے اعلان کیا، ” ’گِر پڑا، وہ عظیم شہر بابیل گِر پڑا!‘ جو بدرُوحوں کا مَسکن اَور ہر ناپاک رُوح کا اڈّا بَن گیا تھا، اَور ہر ناپاک پرندہ کا بسیرا اَور ہر ناپاک اَور مکرُوہ حَیوان کا اڈّا ہو گیا تھا۔ کیونکہ سَب قوموں نے اُس کی زناکاری کے قہر کی مَے پی ہے۔ رُوئے زمین کے بادشاہوں نے اُس کے ساتھ زنا کیا ہے، اَور دُنیا کے تاجران اُس کی بڑی عیش و عشرت کی بدولت دولتمند ہو گیٔے۔“ پھر مَیں نے آسمان سے ایک اَور آواز یہ کہتی ہُوئی سُنی: ” ’اَے میری اُمّت کے لوگوں! اُس میں سے نکل آؤ،‘ تاکہ اُس کے گُناہوں میں شریک نہ ہو جاؤ، اَور اُس کی آفتوں میں سے کویٔی تُم پر نہ آ جائے؛
مکاشفہ 1:18-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اِس کے بعد مَیں نے ایک اَور فرشتہ دیکھا جو آسمان پر سے اُتر رہا تھا۔ اُسے بہت اختیار حاصل تھا اور زمین اُس کے جلال سے روشن ہو گئی۔ اُس نے اونچی آواز سے پکار کر کہا، ”وہ گر گئی ہے! ہاں، عظیم کسبی بابل گر گئی ہے! اب وہ شیاطین کا گھر اور ہر بدروح کا بسیرا بن گئی ہے، ہر ناپاک اور گھنونے پرندے کا بسیرا۔ کیونکہ تمام قوموں نے اُس کی حرامکاری اور مستی کی مَے پی لی ہے۔ زمین کے بادشاہوں نے اُس کے ساتھ زنا کیا اور زمین کے سوداگر اُس کی بےلگام عیاشی سے امیر ہو گئے ہیں۔“ پھر مَیں نے ایک اَور آواز سنی۔ اُس نے آسمان کی طرف سے کہا، ”اے میری قوم، اُس میں سے نکل آ، تاکہ تم اُس کے گناہوں میں شریک نہ ہو جاؤ اور اُس کی بلائیں تم پر نہ آئیں۔
مکاشفہ 1:18-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
اِن باتوں کے بعد مَیں نے ایک اَور فرِشتہ کو آسمان پر سے اُترتے دیکھا جِسے بڑا اِختیار تھا اور زمِین اُس کے جلال سے رَوشن ہو گئی۔ اُس نے بڑی آواز سے چِلاّ کر کہا کہ گِر پڑا۔ بڑا شہر بابل گِر پڑا اور شَیاطِین کا مَسکن اور ہر ناپاک رُوح کا اڈّا اور ہر ناپاک اور مکرُوہ پرِندہ کا اڈّا ہو گیا۔ کیونکہ اُس کی حرام کاری کی غضب ناک مَے کے باعِث تمام قَومیں گِر گئی ہیں اور زمِین کے بادشاہوں نے اُس کے ساتھ حرام کاری کی ہے اور دُنیا کے سَوداگر اُس کے عَیش و عِشرت کی بدَولت دَولت مند ہو گئے۔ پِھر مَیں نے آسمان میں کِسی اَور کو یہ کہتے سُنا کہ اَے میری اُمّت کے لوگو! اُس میں سے نِکل آؤ تاکہ تُم اُس کے گُناہوں میں شرِیک نہ ہو اور اُس کی آفتوں میں سے کوئی تُم پر نہ آ جائے۔