مکاشفہ 8:16-21
مکاشفہ 8:16-21 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور چَوتھے نے اپنا پِیالہ سُورج پر اُلٹا اور اُسے آدمِیوں کو آگ سے جُھلس دینے کا اِختیار دِیا گیا۔ اور آدمی سخت گرمی سے جُھلس گئے اور اُنہوں نے خُدا کے نام کی نِسبت کُفر بَکا جو اِن آفتوں پر اِختیار رکھتا ہے اور تَوبہ نہ کی کہ اُس کی تمجِید کرتے۔ اور پانچویں نے اپنا پِیالہ اُس حَیوان کے تخت پر اُلٹا اور اُس کی بادشاہی میں اندھیرا چھا گیا اور درد کے مارے لوگ اپنی زُبانیں کاٹنے لگے۔ اور اپنے دُکھوں اور ناسُوروں کے باعِث آسمان کے خُدا کی نِسبت کُفر بَکنے لگے اور اپنے کاموں سے تَوبہ نہ کی۔ اور چَھٹے نے اپنا پِیالہ بڑے دریا یعنی فراؔت پر اُلٹا اور اُس کا پانی سُوکھ گیا تاکہ مشرِق سے آنے والے بادشاہوں کے لِئے راہ تیّار ہو جائے۔ پِھر مَیں نے اُس اَژدہا کے مُنہ سے اور اُس حَیوان کے مُنہ سے اور اُس جُھوٹے نبی کے مُنہ سے تِین ناپاک رُوحیں مینڈکوں کی صُورت میں نِکلتے دیکھیں۔ یہ شَیاطِین کی نِشان دِکھانے والی رُوحیں ہیں جو قادِرِ مُطلق خُدا کے روزِ عظِیم کی لڑائی کے واسطے جمع کرنے کے لِئے ساری دُنیا کے بادشاہوں کے پاس نِکل کر جاتی ہیں۔ (دیکھو مَیں چور کی طرح آتا ہُوں۔ مُبارک وہ ہے جو جاگتا ہے اور اپنی پَوشاک کی حِفاظت کرتا ہے تاکہ ننگا نہ پِھرے اور لوگ اُس کی برہنگی نہ دیکھیں)۔ اور اُنہوں نے اُن کو اُس جگہ جمع کِیا جِس کا نام عِبرانی میں ہرمِجّدون ہے۔ اور ساتویں نے اپنا پِیالہ ہوا پر اُلٹا اور مَقدِس کے تخت کی طرف سے بڑے زور سے یہ آواز آئی کہ ہو چُکا۔ پِھر بِجلِیاں اور آوازیں اور گرجیں پَیدا ہُوئیں اور ایک اَیسا بڑا بَھونچال آیا کہ جب سے اِنسان زمِین پر پَیدا ہُوئے اَیسا بڑا اور سخت بَھونچال کبھی نہ آیا تھا۔ اور اُس بڑے شہر کے تِین ٹُکڑے ہو گئے اور قَوموں کے شہر گِر گئے اور بڑے شہر بابل کی خُدا کے ہاں یاد ہُوئی تاکہ اُسے اپنے سخت غضب کی مَے کا جام پِلائے۔ اور ہر ایک ٹاپُو اپنی جگہ سے ٹل گیا اور پہاڑوں کا پتہ نہ لگا۔ اور آسمان سے آدمِیوں پر مَن مَن بھر کے بڑے بڑے اَولے گِرے اور چُونکہ یہ آفت نِہایت سخت تھی اِس لِئے لوگوں نے اَولوں کی آفت کے باعِث خُدا کی نِسبت کُفر بَکا۔
مکاشفہ 8:16-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پھر چوتھے فرشتہ نے اَپنا پیالہ سُورج پر اُنڈیل دیا اَور سُورج کو اِختیار دیا گیا کہ وہ لوگوں کو آگ سے جھُلسا ڈالے۔ اَور لوگ شدید تپش سے جھُلس گیٔے اَور اُنہُوں نے خُدا کے نام کی نِسبت کُفر بکنے لگے جسے اِن سَب آفتوں پر اِختیار تھا۔ مگر اُنہُوں نے تَوبہ کرنے اَور خُدا کی تمجید کرنے سے صَاف اِنکار کر دیا۔ پھر پانچویں فرشتہ نے اَپنا پیالہ حَیوان کے تخت پر اُنڈیل دیا جِس سے اُس حَیوان کی بادشاہی میں تاریکی چھاگئی۔ اَور لوگ درد کے مارے اَپنی زبانیں کاٹنے لگے، اَور اَپنے دُکھوں اَور پھوڑوں کی وجہ سے آسمان کے خُدا کو کُفر بکنے لگے لیکن اُنہُوں نے اَپنی بدی سے تَوبہ نہ کی۔ پھر چھٹے فرشتہ نے اَپنا پیالہ بڑے دریائے فراتؔ پر اُنڈیل دیا اَور دریا کا پانی سُوکھ گیا تاکہ مشرق کے بادشاہوں کے آنے کے لیٔے راہ تیّار ہو جائے۔ پھر مَیں نے تین ناپاک رُوحوں کو مینڈکوں کی صورت میں اَژدہا کے مُنہ سے اَور حَیوان کے مُنہ سے اَور اُس جھُوٹے نبی کے مُنہ سے نکلتے دیکھی۔ یہ شَیاطِین کی رُوحیں ہیں جو معجزے دِکھاتی ہیں، اَور نکل کر پُوری دُنیا کے بادشاہوں کے پاس جاتی ہیں تاکہ اُنہیں اُس جنگ کے لیٔے جمع کریں جو قادرمُطلق خُدا کے روزِ حَشر کے آنے پر ہوگی۔ ”دیکھو، مَیں چور کی مانند اَچانک آ رہا ہُوں۔ مُبارک ہے وہ جو جاگتا رہتاہے اَور اَپنی پوشاک پہنے رہتاہے تاکہ اُسے لوگوں کے سامنے ننگا ہونا نہ پڑے اَور لوگ اُس کی برہنگی نہ دیکھیں۔“ پھر اُنہُوں نے سَب بادشاہوں کو اُس جگہ جمع کیا جِس کا عِبرانی نام ہرمگیدون ہے۔ پھر ساتویں فرشتہ نے اَپنا پیالہ ہَوا میں اُنڈیلا تو بیت المُقدّس کے تختِ الٰہی کی جانِب سے ایک بڑی آواز یہ کہتی ہُوئی سُنایٔی دی، ”پُورا ہُوا!“ پھر بجلیاں کوندیں، آوازیں اَور بادلوں کی گرج پیدا ہُوئیں، اَور ایک اَیسا بڑا زلزلہ آیا کہ اِنسان کے زمین پر پیدا ہونے کے وقت سے لے کر اَب تک اَیسا زلزلہ کبھی نہیں آیاتھا۔ اَور وہ زلزلہ اِتنا سخت تھا کہ عظیم شہر ٹوٹ کر تین ٹکڑے ہو گیا اَور تمام قوموں کے سَب شہر بھی تباہ ہو گیٔے۔ خُدا نے بڑے شہر بابیل کو یاد کیا تاکہ وہ اُسے اَپنے شدید قہر کی مَے سے بھرا ہُوا پیالہ پلائے۔ ہر ایک جَزِیرہ اَپنی جگہ سے ٹل گیا اَور پہاڑوں کا پتا نہ چلا۔ اَور آسمان سے لوگوں پر پینتالیس کِلو کے بڑے بڑے اولے گِرے۔ اولوں کی اِس آفت کی وجہ سے لوگ خُدا کی نِسبت کُفر بکنے لگے کیونکہ یہ آفت نہایت سخت تھی۔
مکاشفہ 8:16-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
چوتھے فرشتے نے اپنا پیالہ سورج پر اُنڈیل دیا۔ اِس پر سورج کو لوگوں کو آگ سے جُھلسانے کا اختیار دیا گیا۔ لوگ شدید تپش سے جُھلس گئے، اور اُنہوں نے اللہ کے نام پر کفر بکا جسے اِن بلاؤں پر اختیار تھا۔ اُنہوں نے توبہ کرنے اور اُسے جلال دینے سے انکار کیا۔ پانچویں فرشتے نے اپنا پیالہ حیوان کے تخت پر اُنڈیل دیا۔ اِس پر اُس کی بادشاہی میں اندھیرا چھا گیا۔ لوگ اذیت کے مارے اپنی زبانیں کاٹتے رہے۔ اُنہوں نے اپنی تکلیفوں اور پھوڑوں کی وجہ سے آسمان پر کفر بکا اور اپنے کاموں سے انکار نہ کیا۔ چھٹے فرشتے نے اپنا پیالہ بڑے دریا فرات پر اُنڈیل دیا۔ اِس پر اُس کا پانی سوکھ گیا تاکہ مشرق کے بادشاہوں کے لئے راستہ تیار ہو جائے۔ پھر مَیں نے تین بدروحیں دیکھیں جو مینڈکوں کی مانند تھیں۔ وہ اژدہے کے منہ، حیوان کے منہ اور جھوٹے نبی کے منہ میں سے نکل آئیں۔ یہ مینڈک شیاطین کی روحیں ہیں جو معجزے دکھاتی ہیں اور نکل کر پوری دنیا کے بادشاہوں کے پاس جاتی ہیں تاکہ اُنہیں اللہ قادرِ مطلق کے عظیم دن پر جنگ کے لئے اکٹھا کریں۔ ”دیکھو، مَیں چور کی طرح آؤں گا۔ مبارک ہے وہ جو جاگتا رہتا اور اپنے کپڑے پہنے ہوئے رہتا ہے تاکہ اُسے ننگی حالت میں چلنا نہ پڑے اور لوگ اُس کی شرم گاہ نہ دیکھیں۔“ پھر اُنہوں نے بادشاہوں کو اُس جگہ پر اکٹھا کیا جس کا نام عبرانی زبان میں ہرمجدون ہے۔ ساتویں فرشتے نے اپنا پیالہ ہَوا میں اُنڈیل دیا۔ اِس پر اللہ کے گھر میں تخت کی طرف سے ایک اونچی آواز سنائی دی جس نے کہا، ”اب کام تکمیل تک پہنچ گیا ہے!“ بجلیاں چمکنے لگیں، شور مچ گیا، بادل گرجنے لگے اور ایک شدید زلزلہ آیا۔ اِس قسم کا زلزلہ زمین پر انسان کی تخلیق سے لے کر آج تک نہیں آیا، اِتنا سخت زلزلہ کہ عظیم شہر تین حصوں میں بٹ گیا اور قوموں کے شہر تباہ ہو گئے۔ اللہ نے عظیم بابل کو یاد کر کے اُسے اپنے سخت غضب کی مَے سے بھرا پیالہ پلا دیا۔ تمام جزیرے غائب ہو گئے اور پہاڑ کہیں نظر نہ آئے۔ لوگوں پر آسمان سے من من بھر کے بڑے بڑے اولے گر گئے۔ اور لوگوں نے اولوں کی بلا کی وجہ سے اللہ پر کفر بکا، کیونکہ یہ بلا نہایت سخت تھی۔