مکاشفہ 14:14-19
مکاشفہ 14:14-19 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پھر مَیں نے نگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک سفید بادل ہے اَور اُس پر اِبن آدمؔ کی مانند کویٔی بیٹھا ہے جِس کے سَر پر سونے کا تاج اَور ہاتھ میں تیز درانتی ہے۔ پھر بیت المُقدّس میں سے ایک اَور فرشتہ باہر نِکلا اَور اُس نے بادل پر بیٹھے ہویٔے شخص کو بُلند آواز سے پُکار کر کہا، ”اَپنی درانتی چلا اَور فصل کاٹ، کیونکہ فصل کاٹنے کا وقت آ گیا ہے، اِس لیٔے کہ زمین کی فصل پک گئی ہے۔“ چنانچہ جو بادل پر بیٹھا ہُوا تھا اُس نے اَپنی درانتی زمین پر چلائی اَور زمین کی فصل کٹ گئی۔ پھر ایک اَور فرشتہ اُس بیت المُقدّس میں سے باہر نِکلا جو آسمان پر ہے، اَور اُس کے ہاتھ میں بھی ایک تیز درانتی تھی۔ پھر ایک اَور فرشتہ جِس کا آگ پر اِختیار تھا، قُربان گاہ سے باہر نِکلا؛ اَور اُس نے تیز درانتی والے فرشتہ کو پُکار کر کہا، ”اَپنی تیز درانتی چلا اَور زمین کے انگوری باغ سے گُچّھے کاٹ لے کیونکہ اُس کے انگور بالکُل پک چُکے ہیں۔“ اُس فرشتہ نے اَپنی درانتی زمین پر چلائی اَور اُس کے انگوری باغ سے انگور کی فصل کاٹ کر جمع کی اَور اُنہیں خُدا کے قہر کے بڑے حوض میں ڈال دیا۔
مکاشفہ 14:14-19 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر مَیں نے ایک سفید بادل دیکھا، اور اُس پر کوئی بیٹھا تھا جو ابنِ آدم کی مانند تھا۔ اُس کے سر پر سونے کا تاج اور ہاتھ میں تیز درانتی تھی۔ ایک اَور فرشتہ اللہ کے گھر سے نکل کر اونچی آواز سے پکار کر اُس سے مخاطب ہوا جو بادل پر بیٹھا تھا، ”اپنی درانتی لے کر فصل کی کٹائی کر! کیونکہ فصل کاٹنے کا وقت آ گیا ہے اور زمین پر کی فصل پک گئی ہے۔“ چنانچہ بادل پر بیٹھنے والے نے اپنی درانتی زمین پر چلائی اور زمین کی فصل کی کٹائی ہوئی۔ اِس کے بعد ایک اَور فرشتہ اللہ کے اُس گھر سے نکل آیا جو آسمان پر ہے، اور اُس کے پاس بھی تیز درانتی تھی۔ پھر ایک تیسرا فرشتہ آیا۔ اُسے آگ پر اختیار تھا۔ وہ قربان گاہ سے آیا اور اونچی آواز سے پکار کر تیز درانتی پکڑے ہوئے فرشتے سے مخاطب ہوا، ”اپنی تیز درانتی لے کر زمین کی انگور کی بیل سے انگور کے گُچھے جمع کر، کیونکہ اُس کے انگور پک گئے ہیں۔“ فرشتے نے زمین پر اپنی درانتی چلائی، اُس کے انگور جمع کئے اور اُنہیں اللہ کے غضب کے اُس بڑے حوض میں پھینک دیا جس میں انگور کا رس نکالا جاتا ہے۔
مکاشفہ 14:14-19 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر مَیں نے نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک سفید بادِل ہے اور اُس بادِل پر آدمؔ زاد کی مانِند کوئی بَیٹھا ہے جِس کے سر پر سونے کا تاج اور ہاتھ میں تیز دَرانتی ہے۔ پِھر ایک اَور فرِشتہ نے مَقدِس سے نِکل کر اُس بادِل پر بَیٹھے ہُوئے سے بڑی آواز کے ساتھ پُکار کر کہا کہ اپنی درانتی چلا کر کاٹ کیونکہ کاٹنے کا وقت آ گیا۔ اِس لِئے کہ زمِین کی فصل بُہت پَک گئی۔ پس جو بادل پر بَیٹھا تھا اُس نے اپنی دَرانتی زمِین پر ڈال دی اور زمِین کی فصل کَٹ گئی۔ پِھر ایک اَور فرِشتہ اُس مَقدِس میں سے نِکلا جو آسمان پر ہے۔ اُس کے پاس بھی تیز دَرانتی تھی۔ پِھر ایک اَور فرِشتہ قُربان گاہ سے نِکلا جِس کا آگ پر اِختیار تھا۔ اُس نے تیز دَرانتی والے سے بڑی آواز سے کہا کہ اپنی تیز دَرانتی چلا کر زمِین کے انگُور کے درخت کے گُچّھے کاٹ لے کیونکہ اُس کے انگُور بِالکُل پَک گئے ہیں۔ اور اُس فرِشتہ نے اپنی دَرانتی زمِین پر ڈالی اور زمِین کے انگُور کے درخت کی فصل کاٹ کر خُدا کے قہر کے بڑے حَوض میں ڈال دی۔