مکاشفہ 1:13-4
مکاشفہ 1:13-4 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
وہ اَژدہا سمُندر کی ریت پر جا کھڑا ہُوا۔ اَور مَیں نے ایک حَیوان کو سمُندر میں سے نکلتے دیکھا۔ اُس کے دس سینگ اَور سات سَر تھے اَور دس سینگوں پر دس شاہی تاج تھے، اَور اُس کے سَب سَروں پر کُفر بھرے نام لکھے ہویٔے تھے۔ اَورجو حَیوان مَیں نے دیکھا اُس کی شکل تیندوے کی مانند تھی، اَور پاؤں ریچھ کے سے اَور مُنہ شیرببر کا سا تھا۔ اَور اُس اَژدہا نے اَپنی قُدرت، اَپنا بڑا اِختیار اَور اَپنا تخت اُس حَیوان کے سُپرد کر دیا۔ اُس حَیوان کے ایک سَر پر کسی مہلک زخم کا نِشان تھا۔ وہ زخم کاری شفایاب ہو گیا اَور تمام اہلِ دُنیا تعجُّب کرتے ہویٔے اُس حَیوان کے پیچھے چلنے لگے۔ اُنہُوں نے اَژدہا کی پرستش کی کیونکہ اُس نے اَپنا اِختیار حَیوان کو دے دیا تھا، اَور اُنہُوں نے یہ کہتے ہویٔے اُس حَیوان کی بھی پرستش کی، ”اِس حَیوان کی مانند کون ہے اَور کون ہے جو اُس سے جنگ کر سَکتا ہے؟“
مکاشفہ 1:13-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر مَیں نے دیکھا کہ سمندر میں سے ایک حیوان نکل رہا ہے۔ اُس کے دس سینگ اور سات سر تھے۔ ہر سینگ پر ایک تاج اور ہر سر پر کفر کا ایک نام تھا۔ یہ حیوان چیتے کی مانند تھا۔ لیکن اُس کے ریچھ کے سے پاؤں اور شیرببر کا سا منہ تھا۔ اژدہے نے اِس حیوان کو اپنی قوت، اپنا تخت اور بڑا اختیار دے دیا۔ لگتا تھا کہ حیوان کے سروں میں سے ایک پر لاعلاج زخم لگا ہے۔ لیکن اِس زخم کو شفا دی گئی۔ پوری دنیا یہ دیکھ کر حیرت زدہ ہوئی اور حیوان کے پیچھے لگ گئی۔ لوگوں نے اژدہے کو سجدہ کیا، کیونکہ اُسی نے حیوان کو اختیار دیا تھا۔ اور اُنہوں نے یہ کہہ کر حیوان کو بھی سجدہ کیا، ”کون اِس حیوان کی مانند ہے؟ کون اِس سے لڑ سکتا ہے؟“
مکاشفہ 1:13-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور سمُندر کی ریت پر جا کھڑا ہُؤا۔ اور مَیں نے ایک حَیوان کو سمُندر میں سے نِکلتے ہُوئے دیکھا۔ اُس کے دَس سِینگ اور سات سر تھے اور اُس کے سِینگوں پر دَس تاج اور اُس کے سروں پر کُفر کے نام لِکھے ہُوئے تھے۔ اور جو حَیوان مَیں نے دیکھا اُس کی شکل تیندوے کی سی تھی اور پاؤں رِیچھ کے سے اور مُنہ بَبر کا سا اور اُس اژدہا نے اپنی قُدرت اور اپنا تخت اور بڑا اِختیار اُسے دے دِیا۔ اور مَیں نے اُس کے سروں میں سے ایک پر گویا زخَم کاری لگا ہُؤا دیکھا مگر اُس کا زخَم کاری اچھّا ہو گیا اور ساری دُنیا تعجُّب کرتی ہُوئی اُس حَیوان کے پِیچھے پِیچھے ہو لی۔ اور چُونکہ اُس اژدہا نے اپنا اِختیار اُس حَیوان کو دے دِیا تھا اِس لِئے اُنہوں نے اژدہا کی پرستِش کی اور اُس حَیوان کی بھی یہ کہہ کر پرستِش کی کہ اِس حَیوان کی مانِند کَون ہے؟ کَون اُس سے لڑ سکتا ہے؟