مکاشفہ 1:1-7
مکاشفہ 1:1-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یِسوعؔ المسیح کا مُکاشفہ جو اُنہیں خُدا نے عطا فرمایا تاکہ وہ اَپنے بندوں کو وہ باتیں دِکھائے جِن کا جلد ہونا ضروُری ہے۔ اَور حُضُور نے اَپنا فرشتہ بھیج کر یہ باتیں اَپنے خادِم یُوحنّا پر ظاہر کیا۔ جِس نے اُن سَب چیزوں کی جو اُس نے دیکھی تھیں یعنی خُدا کے کلام اَور یِسوعؔ المسیح کی گواہی کی بابت تصدیق کرتا ہے۔ مُبارک ہے وہ جو اِس نبُوّت کی کِتاب کو بہ آواز بُلند پڑھتا ہے، اَور وہ مُومِنین جو اِسے سُنتے ہیں اَور اِس میں لکھی ہویٔی باتوں پر عَمل کرتے ہیں؛ کیونکہ اِن باتوں کے پُورا ہونے کا مُقرّر وقت نزدیک ہے۔ حضرت یُوحنّا کی جانِب سے، اُن سات جماعتوں کے نام جو صُوبہ آسیہؔ میں مَوجُود ہیں: تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے، اَور اُس کی طرف سے جو ہے، اَورجو تھا اَورجو آنے والا ہے، اَور اُن سات رُوحوں یعنی پاک رُوح کی طرف سے جو اُس کے تخت کے سامنے ہے، اَور یِسوعؔ المسیح کی طرف سے جو سچّا گواہ اَور مُردوں میں سے جی اُٹھنے والوں میں اوّل اَور دُنیا کے بادشاہوں پر حاکم ہے۔ جو ہم سے مَحَبّت رکھتا ہے اَور جِس نے اَپنے خُون کے وسیلہ سے ہم کو ہمارے سارے گُناہوں سے مخلصی بخشی۔ اَور ہمیں اَپنی اُمّت اَور کاہِنؔ بھی بنا دیا تاکہ ہم خُدا اَور باپ کی خدمت کریں۔ اُس کا جلال اَور قُدرت ابدُالآباد ہوتی رہے۔ آمین! ”دیکھو، وہ بادلوں کے ساتھ آ رہے ہیں،“ ”اَور ہر آنکھ اُنہیں دیکھے گی، اَور جنہوں نے یِسوعؔ کو چھیدا تھا وہ بھی دیکھیں گے؛“ اَور روئے زمین کی ساری قومیں ”اُن کے سبب سے ماتم کریں گی۔“ بے شک اَیسا ہی ہوگا۔ آمین۔
مکاشفہ 1:1-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ عیسیٰ مسیح کی طرف سے مکاشفہ ہے جو اللہ نے اُسے عطا کیا تاکہ وہ اپنے خادموں کو وہ کچھ دکھائے جسے جلد ہی پیش آنا ہے۔ اُس نے اپنے فرشتے کو بھیج کر یہ مکاشفہ اپنے خادم یوحنا تک پہنچا دیا۔ اور جو کچھ بھی یوحنا نے دیکھا ہے اُس کی گواہی اُس نے دی ہے، خواہ اللہ کا کلام ہو یا عیسیٰ مسیح کی گواہی۔ مبارک ہے وہ جو اِس نبوّت کی تلاوت کرتا ہے۔ ہاں، مبارک ہیں وہ جو سن کر اپنے دلوں میں اِس کتاب میں درج باتیں محفوظ رکھتے ہیں، کیونکہ یہ جلد ہی پوری ہو جائیں گی۔ یہ خط یوحنا کی طرف سے صوبہ آسیہ کی سات جماعتوں کے لئے ہے۔ آپ کو اللہ کی طرف سے فضل اور سلامتی حاصل رہے، اُس کی طرف سے جو ہے، جو تھا اور جو آنے والا ہے، اُن سات روحوں کی طرف سے جو اُس کے تخت کے سامنے ہوتی ہیں، اور عیسیٰ مسیح کی طرف سے یعنی اُس سے جو اِن باتوں کا وفادار گواہ، مُردوں میں سے پہلا جی اُٹھنے والا اور دنیا کے بادشاہوں کا سردار ہے۔ اُس کی تمجید ہو جو ہمیں پیار کرتا ہے، جس نے اپنے خون سے ہمیں ہمارے گناہوں سے خلاصی بخشی ہے اور جس نے ہمیں شاہی اختیار دے کر اپنے خدا اور باپ کے امام بنا دیا ہے۔ اُسے ازل سے ابد تک جلال اور قدرت حاصل رہے! آمین۔ دیکھیں، وہ بادلوں کے ساتھ آ رہا ہے۔ ہر ایک اُسے دیکھے گا، وہ بھی جنہوں نے اُسے چھیدا تھا۔ اور دنیا کی تمام قومیں اُسے دیکھ کر آہ و زاری کریں گی۔ ہاں، ایسا ہی ہو! آمین۔
مکاشفہ 1:1-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
یِسُوعؔ مسِیح کا مُکاشفہ جو اُسے خُدا کی طرف سے اِس لِئے ہُؤا کہ اپنے بندوں کو وہ باتیں دِکھائے جِن کا جلد ہونا ضرُور ہے اور اُس نے اپنے فرِشتہ کو بھیج کر اُس کی معرفت اُنہیں اپنے بندہ یُوؔحنّا پر ظاہِر کِیا۔ جِس نے خُدا کے کلام اور یِسُوعؔ مسِیح کی گواہی کی یعنی اُن سب چِیزوں کی جو اُس نے دیکھی تِھیں شہادت دی۔ اِس نبُوّت کی کِتاب کا پڑھنے والا اور اُس کے سُننے والے اور جو کُچھ اِس میں لِکھا ہے اُس پر عمل کرنے والے مُبارک ہیں کیونکہ وقت نزدِیک ہے۔ یُوحنّا کی جانِب سے اُن سات کلِیسیاؤں کے نام جو آسیہ میں ہیں۔ اُس کی طرف سے جو ہے اور جو تھا اور جو آنے والا ہے اور اُن سات رُوحوں کی طرف سے جو اُس کے تخت کے سامنے ہیں۔ اور یِسُوعؔ مسِیح کی طرف سے جو سچّا گواہ اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے والوں میں پہلوٹھا اور دُنیا کے بادشاہوں پر حاکِم ہے تُمہیں فضل اور اِطمِینان حاصِل ہوتا رہے۔ جو ہم سے مُحبّت رکھتا ہے اور جِس نے اپنے خُون کے وسِیلہ سے ہم کو گُناہوں سے خلاصی بخشی۔ اور ہم کو ایک بادشاہی بھی اور اپنے خُدا اور باپ کے لِئے کاہِن بھی بنا دِیا۔ اُس کا جلال اور سلطنت ابدُالآباد رہے۔ آمِین۔ دیکھو وہ بادِلوں کے ساتھ آنے والا ہے اور ہر ایک آنکھ اُسے دیکھے گی اور جنہوں نے اُسے چھیدا تھا وہ بھی دیکھیں گے اور زمِین پر کے سب قبِیلے اُس کے سبب سے چھاتی پِیٹیں گے۔ بیشک۔ آمِین۔