زبور 1:98-9
زبور 1:98-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ کے لیٔے ایک نیا نغمہ گاؤ، کیونکہ یَاہوِہ نے حیرت اَنگیز کام کئے ہیں؛ اُن کے داہنے ہاتھ اَور اُن کے مُقدّس بازو نے فتح حاصل کی ہے۔ یَاہوِہ نے قوموں پر اَپنی نَجات ظاہر کی ہے اَور اَپنی راستی کا جلوہ دِکھایا ہے۔ خُدا نے اِسرائیل کے گھرانے کے حق میں اَپنی شفقت و مَحَبّت اَور وفاداری کو یاد فرمایاہے؛ دُنیا کی اِنتہا تک لوگوں نے ہمارے خُدا کی نَجات دیکھی ہے۔ یَاہوِہ کے حُضُور میں سَب اہلِ زمین خُوشی سے للکارو، سازوں کے ساتھ خُوشی کا نغمہ گاؤ؛ بربط پر یَاہوِہ کے لیٔے نغمہ سرائی کرو، ہاں، سِتار اَور سریلی آواز کے ساتھ۔ نرسنگوں سے اَور قَرنا کی آواز سے یَاہوِہ، یعنی ہمارے بادشاہ، کے سامنے خُوشی سے نعرے بُلند کرو۔ سمُندر اَور اُس کے اَندر کی ہر شَے اُس میں خُوشی سے للکاریں، اَور دُنیا اَور اُس کے سَب باشِندے بھی۔ دریا تالیاں بجائیں، اَور پہاڑ مِل کر خُوشی سے گائیں؛ وہ سَب یَاہوِہ کی حُضُوری میں گائیں، کیونکہ یَاہوِہ زمین کی عدالت کرنے آ رہے ہیں۔ اُن کا اِنصاف راستبازی سے پُورا ہوگا؛ اَور اِنسانوں کی عدالت اَپنی صداقت کے مُطابق کریں گے۔
زبور 1:98-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب کی تمجید میں نیا گیت گاؤ، کیونکہ اُس نے معجزے کئے ہیں۔ اپنے دہنے ہاتھ اور مُقدّس بازو سے اُس نے نجات دی ہے۔ رب نے اپنی نجات کا اعلان کیا اور اپنی راستی قوموں کے رُوبرُو ظاہر کی ہے۔ اُس نے اسرائیل کے لئے اپنی شفقت اور وفا یاد کی ہے۔ دنیا کی انتہاؤں نے سب ہمارے خدا کی نجات دیکھی ہے۔ اے پوری دنیا، نعرے لگا کر رب کی مدح سرائی کرو! آپے میں نہ سماؤ اور جشن منا کر حمد کے گیت گاؤ! سرود بجا کر رب کی مدح سرائی کرو، سرود اور گیت سے اُس کی ستائش کرو۔ تُرم اور نرسنگا پھونک کر رب بادشاہ کے حضور خوشی کے نعرے لگاؤ! سمندر اور جو کچھ اُس میں ہے، دنیا اور اُس کے باشندے خوشی سے گرج اُٹھیں۔ دریا تالیاں بجائیں، پہاڑ مل کر خوشی منائیں، وہ رب کے سامنے خوشی منائیں۔ کیونکہ وہ زمین کی عدالت کرنے آ رہا ہے۔ وہ انصاف سے دنیا کی عدالت کرے گا، راستی سے قوموں کا فیصلہ کرے گا۔
زبور 1:98-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند کے حضُور نیا گِیت گاؤ کیونکہ اُس نے عجِیب کام کِئے ہیں۔ اُس کے دہنے ہاتھ اور اُس کے مُقدّس بازُو نے اُس کے لِئے فتح حاصِل کی ہے۔ خُداوند نے اپنی نجات ظاہِر کی ہے۔ اُس نے اپنی صداقت قَوموں کے سامنے نمایاں کی ہے۔ اُس نے اِسرائیل کے گھرانے کے حق میں اپنی شفقت و وفاداری یاد کی ہے۔ اِنتہایِ زمِین کے لوگوں نے ہمارے خُدا کی نجات دیکھی ہے۔ اَے تمام اہلِ زمِین! خُداوند کے حضُور خُوشی کا نعرہ مارو للکارو اور خُوشی سے گاؤ اور مدح سرائی کرو۔ خُداوند کی سِتایش سِتار پر کرو۔ سِتار اور سُرِیلی آواز سے۔ نرسِنگے اور قرنا کی آواز سے بادشاہ یعنی خُداوند کے حضُور خُوشی کا نعرہ مارو۔ سمُندر اور اُس کی معمُوری شور مچائیں اور جہان اور اُس کے باشِندے۔ سَیلاب تالِیاں بجائیں۔ پہاڑِیاں مِل کر خُوشی سے گائیں۔ خُداوند کے حضُور۔ کیونکہ وہ زمِین کی عدالت کرنے آ رہا ہے۔ وہ صداقت سے جہان کی اور راستی سے قَوموں کی عدالت کرے گا۔