YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:96-13

زبور 1:96-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب کی تمجید میں نیا گیت گاؤ، اے پوری دنیا، رب کی مدح سرائی کرو۔ رب کی تمجید میں گیت گاؤ، اُس کے نام کی ستائش کرو، روز بہ روز اُس کی نجات کی خوش خبری سناؤ۔ قوموں میں اُس کا جلال اور تمام اُمّتوں میں اُس کے عجائب بیان کرو۔ کیونکہ رب عظیم اور ستائش کے بہت لائق ہے۔ وہ تمام معبودوں سے مہیب ہے۔ کیونکہ دیگر قوموں کے تمام معبود بُت ہی ہیں جبکہ رب نے آسمان کو بنایا۔ اُس کے حضور شان و شوکت، اُس کے مقدِس میں قدرت اور جلال ہے۔ اے قوموں کے قبیلو، رب کی تمجید کرو، رب کے جلال اور قدرت کی ستائش کرو۔ رب کے نام کو جلال دو۔ قربانی لے کر اُس کی بارگاہوں میں داخل ہو جاؤ۔ مُقدّس لباس سے آراستہ ہو کر رب کو سجدہ کرو۔ پوری دنیا اُس کے سامنے لرز اُٹھے۔ قوموں میں اعلان کرو، ”رب ہی بادشاہ ہے! یقیناً دنیا مضبوطی سے قائم ہے اور نہیں ڈگمگائے گی۔ وہ انصاف سے قوموں کی عدالت کرے گا۔“ آسمان خوش ہو، زمین جشن منائے! سمندر اور جو کچھ اُس میں ہے خوشی سے گرج اُٹھے۔ میدان اور جو کچھ اُس میں ہے باغ باغ ہو۔ پھر جنگل کے درخت شادیانہ بجائیں گے۔ وہ رب کے سامنے شادیانہ بجائیں گے، کیونکہ وہ آ رہا ہے، وہ دنیا کی عدالت کرنے آ رہا ہے۔ وہ انصاف سے دنیا کی عدالت کرے گا اور اپنی صداقت سے اقوام کا فیصلہ کرے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 96

زبور 1:96-13 کِتابِ مُقادّس (URD)

خُداوند کے حضُور نیا گِیت گاؤ۔ اَے سب اہلِ زمِین! خُداوند کے حضُور گاؤ۔ خُداوند کے حضُور گاؤ۔ اُس کے نام کو مُبارک کہو۔ روز بروز اُس کی نجات کی بشارت دو۔ قَوموں میں اُس کے جلال کا۔ سب لوگوں میں اُس کے عجائِب کا بیان کرو۔ کیونکہ خُداوند بزُرگ اور نِہایت سِتایش کے لائِق ہے۔ وہ سب معبُودوں سے زِیادہ تعظِیم کے لائِق ہے۔ اِس لِئے کہ اَور قَوموں کے سب معبُود محض بُت ہیں لیکن خُداوند نے آسمانوں کو بنایا۔ عظمت اور جلال اُس کے حضُور میں ہیں۔ قُدرت اور جمال اُس کے مَقدِس میں۔ اَے قَوموں کے قبِیلو! خُداوند کی۔ خُداوند ہی کی تمجِید و تعظِیم کرو۔ خُداوند کی اَیسی تمجِید کرو جو اُس کے نام کے شایان ہے۔ ہدیہ لاؤ اور اُس کی بارگاہوں میں آؤ۔ پاک آرایش کے ساتھ خُداوند کو سِجدہ کرو۔ اَے سب اہلِ زمِین! اُس کے حضُور کانپتے رہو۔ قَوموں میں اِعلان کرو کہ خُداوند سلطنت کرتا ہے۔ جہان قائِم ہے اور اُسے جُنبش نہیں۔ وہ راستی سے قَوموں کی عدالت کرے گا۔ آسمان خُوشی منائے اور زمِین شادمان ہو۔ سمُندر اور اُس کی معمُوری شور مچائیں۔ مَیدان اور جو کُچھ اُس میں ہے باغ باغ ہوں۔ تب جنگل کے سب درخت خُوشی سے گانے لگیں گے۔ خُداوند کے حضُور۔ کیونکہ وہ آ رہا ہے۔ وہ زمِین کی عدالت کرنے کو آ رہا ہے۔ وہ صداقت سے جہان کی اور اپنی سچّائی سے قَوموں کی عدالت کرے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 96