زبور 1:91-9
زبور 1:91-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جو اللہ تعالیٰ کی پناہ میں رہے وہ قادرِ مطلق کے سائے میں سکونت کرے گا۔ مَیں کہوں گا، ”اے رب، تُو میری پناہ اور میرا قلعہ ہے، میرا خدا جس پر مَیں بھروسا رکھتا ہوں۔“ کیونکہ وہ تجھے چڑی مار کے پھندے اور مہلک مرض سے چھڑائے گا۔ وہ تجھے اپنے شاہ پَروں کے نیچے ڈھانپ لے گا، اور تُو اُس کے پَروں تلے پناہ لے سکے گا۔ اُس کی وفاداری تیری ڈھال اور پُشتہ رہے گی۔ رات کی دہشتوں سے خوف مت کھا، نہ اُس تیر سے جو دن کے وقت چلے۔ اُس مہلک مرض سے دہشت مت کھا جو تاریکی میں گھومے پھرے، نہ اُس وبائی بیماری سے جو دوپہر کے وقت تباہی پھیلائے۔ گو تیرے ساتھ کھڑے ہزار افراد ہلاک ہو جائیں اور تیرے دہنے ہاتھ دس ہزار مر جائیں، لیکن تُو اُس کی زد میں نہیں آئے گا۔ تُو اپنی آنکھوں سے اِس کا ملاحظہ کرے گا، تُو خود بےدینوں کی سزا دیکھے گا۔ کیونکہ تُو نے کہا ہے، ”رب میری پناہ گاہ ہے،“ تُو اللہ تعالیٰ کے سائے میں چھپ گیا ہے۔
زبور 1:91-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
جو حق تعالیٰ کے پردہ میں رہتا ہے۔ وہ قادرِ مُطلق کے سایہ میں سکُونت کرے گا۔ مَیں خُداوند کے بارے میں کہُوں گا وُہی میری پناہ اور میرا گڑھ ہے۔ وہ میرا خُدا ہے جِس پر میرا توکُّل ہے۔ کیونکہ وہ تُجھے صیّاد کے پھندے سے اور مُہلِک وبا سے چُھڑائے گا۔ وہ تُجھے اپنے پروں سے چِھپا لے گا اور تُجھے اُس کے بازُوؤں کے نِیچے پناہ مِلے گی۔ اُس کی سچّائی ڈھال اور سِپر ہے۔ تُو نہ رات کی ہَیبت سے ڈرے گا۔ نہ دِن کو اُڑنے والے تِیر سے۔ نہ اُس وبا سے جو اندھیرے میں چلتی ہے نہ اُس ہلاکت سے جو دوپہر کو وِیران کرتی ہے۔ تیرے آس پاس ایک ہزار گِر جائیں گے اور تیرے دہنے ہاتھ کی طرف دس ہزار لیکن وہ تیرے نزدِیک نہ آئے گی۔ لیکن تُو اپنی آنکھوں سے نِگاہ کرے گا اور شرِیروں کے انجام کو دیکھے گا۔ پر تُو اَے خُداوند! میری پناہ ہے! تُو نے حق تعالیٰ کو اپنا مسکن بنا لِیا ہے۔